جمہوریت ٹریول سروس



معزز خواتین و حضرات، ہم تبدیلی کی جمہوریت ٹریول سروس کی طرف سے نئے آنے والے مسافروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہمارا یہ سفر آج 18 اگست 2018ء کو شروع ہو رہا ہے جو ان شاء اللہ ایک مثالی ریاست مدینہ کے قیام پر اختتام پذیر ہو گا۔ ہمارے اس سفر کا دورانیہ پانچ سال ہے۔ دوران سفر جمہوریت ڈی ریل ہو جانے کی صورت میں کمپنی ذمہ دار نہ ہو گی۔ آپ سے التماس ہے کہ کرپشن سے بچاؤ کی حفاظتی سیٹ بیلٹ باندھ کر رکھیں۔ اپنی سیٹ پر بیٹھے رہنے کے علاوہ اپنے قدموں کی مضبوطی کے لئے عام جوتوں کی بجائے اچھی کمپنی کے بوٹ استعمال کریں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت میں گھبرانے کی بجائے ہم سے صبر و استقامت کے وومٹنگ بیگ طلب کیے جا سکتے ہیں۔

حکومت وقت کے قوانین کے مطابق سفر کے دوران حق گوئی اور حزب اختلاف نوشی ناقابل تلافی جرائم ہیں۔ دوران سفر اہل علم اور دانشور طبقے سے ہوشیار رہیں۔

علیحدگی پسندوں، فرقہ پرستوں اور ہر قسم کے دہشت گردوں سے کمپنی خود ہی نبرد آزما ہو گی۔ امید ہے کہ سابقہ ادوار کی طرح آپ کا یہ سفر بھی نہایت ہی پرامید گزرے گا۔ ہم آپ کے لیے نہایت ہی پرخطر اور تکلیف دہ سفر کے متمنی ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کے بھرپور تعاون کے خواہاں ہیں۔

شکریہ

ایک سال بعد۔

معزز خواتین و حضرات
السلام علیکم!

ابھی تھوڑے ہی عرصے میں ہم معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ ادوار کی وجہ سے ہمارا یہ سفر تھوڑا کٹھن ضرور تھا لیکن امید ہے کہ تمام مسافر حضرات اپنے حتی المقدور تعاون سے حزب اختلاف کے پروپیگنڈے اور اوچھے ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیں گے کیونکہ کمپنی انہیں کسی صورت میں این آر او دینے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

جو مسافر اسی اسٹیشن پر اترنا چاہتے ہیں , ان سے درخواست ہے کہ امیدوں سے بھرا اپنا دستی سامان ہمراہ رکھیں۔

شکریہ

سفر کے دو سال بعد ۔ ۔

معزز خواتین و حضرات
السلام علیکم!

گزشتہ ادوار کی نا اہلی کی بناء پر ہمارا سفر نہایت ہی مشکل سے گزرا جس پر کمپنی ذرہ برابر بھی شرمندہ نہیں اور نہ ہی معافی کی خواست گار ہے۔ لیکن اس بات کا اعتراف کرنے میں کمپنی کو کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں کہ کمپنی اس ساری سفری صورتحال کے لیے ہرگز تیار نہ تھی۔ ڈرائیور کے علاوہ بقیہ ہیلپنگ سٹاف کا سارا دار و مدار کارکردگی کی بجائے محافظوں کے دست شفقت پر تھا۔

مسافروں سے ملتمس ہیں کہ آئندہ بھی کمپنی سے کوئی اچھی امید وابستہ کرنے کی حماقت نہ کی جائے۔ ہاں مگر آپ کا تعاون جوں کا توں ہمارے شامل حال رہنا چاہیے ورنہ کمپنی خوب جانتی ہے کہ یہ تعاون کیسے حاصل کیا جاتا ہے۔

شکریہ

اڑھائی سال بعد ۔

معزز خواتین و حضرات
السلام علیکم!
ہمارا اگلا اسٹیشن ہے ’سینیٹ الیکشن‘

برائے مہربانی الیکشن کے دوران اپنے قیمتی ووٹ کی حفاظت خود کریں۔ تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ ووٹ فروشوں سے ہوشیار رہیں۔

اگلا متوقع اعلان۔

معزز خواتین و حضرات!

ہم نہایت ہی معذرت خواہ ہیں کہ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے ہم 11 ہجری کی ریاست مدینہ کی بجائے 1442 ہجری کی ریاست مدینہ میں وارد ہو چکے ہیں۔ لہٰذا اپنے جان و مال کی حفاظت کو خود ہی یقینی بنائیں۔ امید واثق ہے کہ ہے آپ کا یہ سفر نہایت ہی خوشگوار گزرا ہو گا۔

اعتزاز حسن کہوٹ
Latest posts by اعتزاز حسن کہوٹ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments