پی ایس ایل 6 کا دوبارہ آغاز: یکم جون سے پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں کا آغاز، تمام میچ کراچی میں


پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کے باعث منسوخ ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز یکم جون سے کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بائیو سکیور ببل کا انتظام سنبھالنے کے لیے ایک غیر ملکی تجربہ کار کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ہونے والی بات چیت آخری مراحل میں ہے۔

اس مرتبہ کھلاڑی اور ٹیم کے عملے کے دیگر اراکین 22 مئی سے ایک ہی ہوٹل میں سات روز تک قرنطینہ میں رہیں گے جس سے قبل ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ اس عرصے کے بعد کھلاڑیوں کو تین روزہ ٹریننگ کا موقع دیا جائے گا اور یکم جون سے ٹورنامنٹ کا دوبارہ آغاز ہو گا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ابھی کراچی میں میں منعقد ہونے والے میچ ہی جاری تھے کہ چار مارچ کو ٹورنامنٹ میں شامل سات کھلاڑیوں اور عملے کے اراکین میں کورونا کی تشخیص کے بعد ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 6: ’چھ پارٹنرز رو رہے ہیں ایک مزے کررہا ہے‘

پی سی بی ’مہربانی‘ میں مارا گیا

پی ایس ایل 6 ملتوی: بائیو سکیور ببل کی مبینہ خلاف ورزیوں پر الزامات اور سوالات

پی ایس ایل کا نیا گانا: ’نصیبو کا پارٹ سٹیڈیم میں بجے گا تو شائقین پاگلوں کی طرح چیخیں گے‘

خیال رہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران کووڈ 19 کی صورتحال میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کو یقینی بنانے کے لیے بائیو سکیور ببل کا سہارا لیا گیا ہے۔

بائیو سکیور ببل درحقیقت سماجی فاصلہ قائم کرنے کا ایک ایسا مؤثر طریقہ ہے جس میں داخل ہونے والا شخص باقی دنیا سے دور ہو جاتا ہے اور خود کو محفوظ سمجھتا ہے۔

اس ببل کو برقرار رکھنا اتنا آسان بھی نہیں کیونکہ اس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی یکساں ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ کس طرح اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ جو بھی اس بائیو سکیور ببل کا حصہ بنا ہے وہ محفوظ رہے۔ یہی وجہ ہے کہ رواں برس ہونے پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد تمام سٹیک ہولڈرز نے ایک دوسرے کی جانب انگلیاں اٹھائی تھیں اور ٹورنامنٹ ملتوی ہوتے ہی الزام تراشی کا آغاز ہو گیا تھا۔

اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔

پی سی بی، پی ایس ایل

اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 6 کا فائنل 20 جون کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ 20 میچ اب کراچی میں ہی کھیلے جائیں۔ اس سے قبل مارچ میں ہونے والے میچوں کی ایک بڑی تعداد لاہور میں منعقد ہونا تھی۔

یہ تمام فیصلے 10 اپریل کو پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے 62ویں ورچوئل اجلاس میں ہوئے جس میں بورڈ آف گورنرز نے دو رکنی کمیٹی کی جائزہ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس میں سامنے آنے والی خامیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے بہتری کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا مکمل انعقاد ایک محفوظ ماحول میں کرنا چاہتا ہے اور اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایک حکمت عملی اپنائی ہے۔

ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اس ضمن میں پی سی بی، عالمی سطح پر تسلیم کردہ سیفٹی مینجمنٹ کمپنی کے تقرر کے آخری مراحل میں ہے جو کورونا وائرس سے پاک بائیو سیکیور مانیٹرنگ کی تیاری اور اس کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے مثبت کیسز کے ردعمل اور ان کا جواب دینے میں بھی مہارت رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ جون کے مہینے میں شدید گرمی کے پیشِ نظر رات میں کھیلے جانے والے میچز کا آغاز رات آٹھ بجے ہو گا جبکہ ڈبل ہیڈرز یعنی ایک ہی دن میں دو میچوں میں سے دن والا پہلا میچ شام 5 بجے اور دوسرا رات 10 بجے شروع ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp