برائن لارا: کیا ویسٹ انڈیز کے معروف بلے باز کی 400 رنز کی ریکارڈ اننگز ’خود غرضی‘ پر مبنی تھی؟

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


لارا

اپریل 2004 میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم چوتھا ٹیسٹ کھیلنے میچ انٹیگا پہنچی تو کپتان مائیکل وان کے ذہن میں یہ بات بالکل واضح تھی کہ ویسٹ انڈیزکو اس میچ میں بھی شکست سے دوچار کر کے چار میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرنا ہے۔

پچھلے تین ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا تھا لیکن سب سے اہم بات یہ تھی کہ سٹار بیٹسمین اور کپتان برائن لارا مکمل طور پر انگلینڈ کے بولرز کے قابو میں دکھائی دیے تھے۔ وہ چھ اننگز میں محض 100 رنز بنا پائے تھے اور ان چھ اننگز میں بھی دو مرتبہ وہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے تھے۔ ان کی کپتانی داؤ پر لگ چکی تھی۔

10 اپریل کو انٹیگا کے ریکری ایشن گراؤنڈ میں برائن لارا نے ٹاس جیتا تو اس وقت بھی عام خیال یہی تھا کہ اسٹیو ہارمیسن اور ان کے ساتھی بولرز پہلے تین ٹیسٹ میچوں کی طرح حریف بیٹسمینوں کو آسانی سے قابو کر لیں گے لیکن کسی کو کیا پتہ تھا کہ اس میچ میں ٹیسٹ کرکٹ کی نئی تاریخ رقم ہونے والی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کرکٹ میں ننانوے سے نو سو ننانوے تک کا کرب

وہ کرکٹرز جنھوں نے پاکستان کے خلاف ڈیبیو کیا اور پھر نام کمایا

میانداد کی شرارتیں اور کرکٹ کی دنیا میں سلیجنگ کے دلچسپ واقعات

ویسٹ انڈیز نے پہلے دن دو وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔ برائن لارا پچھلی ناکامیوں کا ازالہ کرتے ہوئے 86 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

لارا

کھیل کے دوسری دن 300 رنز مکمل ہرنے پر جشن مناتے ہوئے

میچ کا دوسرا دن شائقین کے چہروں پر مسکراہٹ لے آیا کیونکہ برائن لارا تمام دن آؤٹ ہوئے بغیر ٹرپل سنچری مکمل کرتے ہوئے 313 تک پہنچ چکے تھے اور ویسٹ انڈیز کا سکور پانچ وکٹوں پر 595 تک جا پہنچا تھا۔

عالمی ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا

عام حالات میں ڈکلیئریشن کے بارے میں سوچا جا سکتا تھا لیکن 12 اپریل کو جب کھیل شروع ہوا تو ہر کوئی صرف اس بارے میں سوچ رہا تھا کہ برائن لارا آسٹریلوی بیٹسمین میتھیو ہیڈن کے 380 رنز کا ریکارڈ توڑ کر اسے دوبارہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں؟

کھانے کے وقفے سے بیس منٹ قبل لارا نےآف سپنر گیرتھ بیٹی کو چھکا لگا کر میتھیو ہیڈن کے 380 رنز کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا اور اگلی ہی گیند پر سویپ کے ذریعے چوکا لگا کر دوبارہ عالمی ریکارڈ کے مالک بن گئے۔

برائن لارا نے اپنا بیٹ تماشائیوں کی طرف لہرایا اور پھر گھٹنے کے بل نیچے بیٹھتے ہوئے گراؤنڈ کو بوسہ دیا۔ یہ ایک انتہائی جذباتی منظر تھا۔

برائن لارا نے سنہ 1994 میں انگلینڈ ہی کے خلاف اسی گراؤنڈ میں 375 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی سرگیری سوبرز کے 365 رنز کا عالمی ریکارڈ توڑا تھا۔ سرگیری سوبرز کے اس عالمی ریکارڈ کو ٹوٹنے میں 36 سال لگ گئے تھے۔

برائن لارا کے 375 رنز کا عالمی ریکارڈ ساڑھے نو سال قائم رہا تھا۔ میتھیو ہیڈن نے اکتوبر 2003 میں زمبابوے کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں 380 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے لیکن ان کا یہ ریکارڈ صرف چھ ماہ بعد ہی برائن لارا کے ہاتھوں ٹوٹ گیا۔

لارا 12 اپریل

لارا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں 400 رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے جس کے بعد کھلاڑیوں نے انھیں خراج تحسین پیش کیا

پہلی بار بیٹسمین کے 400 رنز

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد بھی برائن لارا کا کریز چھوڑنے کا دل نہیں کر رہا تھا یہاں تک کہ ریکری ایشن گراؤنڈ میں موجود جوشیلے تماشائیوں کا جوش اس وقت آسمان سے باتیں کرنے لگا جب برائن لارا نے گیرتھ بیٹی کی گیند پر سویپ کر کے ایک رن لیا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں 400 رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے۔

اس موقع پر ویسٹ انڈین کھلاڑی اپنے ہاتھوں میں بیٹ لیے دونوں جانب کھڑے ہو گئے اور لارا ان کے درمیان سے گزرتے ہوئے گئے۔

برائن لارا اس لحاظ سے منفرد بیٹسمین ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی اننگز کے علاوہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ سنہ 1994 میں انھوں نے وارک شائر کی طرف ڈرہم کے خلاف ایجبسٹن میں 501 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے تھے۔

برائن لارا سر ویوین رچرڈز کے معترف

جب برائن لارا نے رنز کی تاریخی اننگز کھیلی تو یہ یادگار منظر دیکھنے والوں میں سرویوین رچرڈز بھی شامل تھے۔

برائن لارا سنہ 1989 میں جب پہلی بار ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل ہوئے تھے تو اس وقت سر ویوین رچرڈز کپتان تھے۔ گو کہ لارا وہ ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے لیکن انھیں ڈریسنگ روم میں سرویوین رچرڈز کی سحرانگیز شخصیت کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا تھا۔

برائن لارا ہمیشہ سر ویوین رچرڈز کو اہم مقام پر دیکھتے آئے ہیں۔ انھوں نے رچرڈز کے مجسمے کے ساتھ تصویر بنوا کر اسے ٹویٹ کیا تھا اور لکھا تھا کہ حقیقی ویوین رچرڈز بہت اچھے انسان ہیں۔ وہ کرکٹ میں جس مقام پر پہنچے ہیں اس میں ویوین رچرڈز کا بڑا ہاتھ ہے جن کی شخصیت نے انھیں متحرک کیے رکھا اور حوصلہ بڑھایا۔

علیم ڈار میچ کے امپائر تھے

علیم ڈار

جس میچ میں لارا نے 400 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اس میں پاکستان کے علیم ڈار امپائر تھے۔

علیم ڈار سے متعدد بار انٹرویوز میں یہ پوچھا جاتا رہا ہے کہ آپ کے امپائرنگ کریئر میں سب سے یادگار میچز کون سے ہیں؟ علیم ڈار اپنی امپائرنگ کے بہترین فیصلوں والے میچوں کے علاوہ جن دو میچوں کا خاص طور پر ذکر کرتے آئے ہیں ان میں سے ایک وہ ون ڈے ہے جس میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف 435 رنز کا ہدف عبور کیا تھا جبکہ دوسرا برائن لارا کے 400 رنز والا انٹیگا ٹیسٹ ہے۔

لارا کی اننگز کیا واقعی خود غرض تھی؟

برائن لارا نے اپنے 400 رنز 778 منٹ کی بیٹنگ میں سکور کیے۔ انھوں نے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز کی اننگز 751 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن پر مجبور ہو گئی تھی اور دوسری اننگز میں کپتان مائیکل وان کی سنچری میچ کو ڈرا کی طرف لے گئی تھی لیکن کچھ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ برائن لارا کی یہ اننگز خود غرضی پر مبنی تھی۔

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ یہ اعتراض کرنے والوں میں شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سوچ نہیں سکتے کہ کوئی آسٹریلوی کرکٹر ایسا کرے۔ یہ انداز ہم آسٹریلوی کرکٹرز کے کھیلنے کا بالکل نہیں ہے۔

رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی پوری اننگز ایک شخص کے گرد گھوم رہی تھی اس اننگز کے وجہ سے وقت ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ کرکٹ میں ٹیم کی اہمیت زیادہ ہوتی ہے۔

پونٹنگ نے میتھیو ہیڈن کی 380 رنز کی اننگز کے بارے میں کہا تھا کہ جب انھوں نے برائن لارا کا ریکارڈ توڑا تو انھیں بیٹنگ کے لیے مزید آدھا گھنٹہ دیا گیا تھا کہ وہ چار سو رنز تک پہنچ سکیں لیکن بدقسمتی سے آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر ٹونی گریگ نے لارا کی اننگز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بات طے ہے کہ لارا کے ذہن میں صرف ریکارڈ تھا۔ یہ کھیلنے کا قطعاً اچھا انداز نہیں ہے خاص کر جب آپ کپتان ہوں۔ اس سے یہ ثابت ہوا کہ لارا بہت اچھے کپتان نہیں ہیں۔

انٹیگا ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے کوچ آگسٹائن لوگی تھے جو اس بات کو ماننے کے لیے تیار نہیں کہ برائن لارا نے یہ اننگز صرف اپنے لیے کھیلی تھی یا ان کے ذہن میں صرف ریکارڈ کا خیال تھا۔

لارا کا ریکارڈ کون توڑ سکتا ہے؟

لارا

جب بھی کوئی بیٹسمین کوئی عالمی ریکارڈ توڑتا ہے تو پھر یہ بحث شروع ہو جاتی ہے کہ یہ ریکارڈ اب کون توڑے گا۔ چار سو رنز بنتے ہی اس بحث کا آغاز ہو چکا تھا کہ لارا کا یہ ریکارڈ کون توڑے گا؟

سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے برائن لارا کے ریکارڈ کے قریب آئے تھے۔ سنہ 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں وہ 374 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ وہ اس ٹیسٹ میں کپتان بھی تھے، انھوں نے اپنے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکا کی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر بھی برائن لارا کے ریکارڈ کے قریب آئے تھے جب انھوں نے نومبر 2019 میں پاکستان کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 335 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے تھے تاہم میچ کے دوسرے دن ہی کپتان ٹم پین نے آسٹریلوی اننگز 589 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔

ڈیوڈ وارنر نے اس اننگز کے بعد برائن لارا سے ملاقات کی تھی جو ان دنوں ایڈیلیڈ میں تھے۔ ڈیوڈ وارنر نے اس موقع انسٹاگرام پر لارا کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امید ہے کہ کہ انھیں اگلی مرتبہ لارا کا عالمی ریکارڈ توڑنے کا موقع مل جائے گا۔

برائن لارا نے اس موقع پر کہا تھا کہ وہ سوچ رہے تھے کہ وارنر ان کا ریکارڈ توڑیں اور وہ میدان میں جا کر وارنر کو اسی طرح مبارکباد دیتے جس طرح سرگیری سوبرز نے خود انھیں گراؤنڈ میں آ کر مبارکباد دی تھی جب انھوں نے سرگیری سوبرز کے 365 رنز کا عالمی ریکارڈ توڑا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32189 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp