لاہور میں سعد رضوی کی گرفتاری: تحریک لبیک کے کارکنان کے مختلف شہروں میں مظاہرے، نظام زندگی متاثر


پاکستان کے شہر لاہور میں پولیس نے تحریک لبیک پاکستان کے رہنما علامہ سعد رضوی کو پیر کے روز گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد تحریک لبیک کے کارکنان نے ملک کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا جس سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔

ان مظاہروں کی وجہ سے متعدد سڑکوں کو یا تو مکمل بند کر دیا گیا ہے یا پھر شہریوں کو متبادل رستوں پر سفر کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز کراچی، دارالحکومت اسلام آباد اور فوج کے ہیڈ کوارٹرز والے شہر راولپنڈی میں مظاہرے کیے ہیں، جس سے ٹریفک کے نظام میں تعطل پیدا ہوا ہے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں بن گئی ہیں۔

اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کو ایسے علاقوں کی طرف رخ نہ کرنے کی تجویز دی ہے جہاں ٹریفک کا نظام متاثر ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ متبادل رستوں کو ترجیح دیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مری روڈ پر مختلف مقامات پر مظاہروں کی اطلاعات ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے الرٹ کے مطابق انھوں نے مختلف سڑکوں سے ٹریفک کے متبال رستے تیار کر لیے ہیں اور جڑواں شہروں کے رہائشیوں کو ان متبادل رستوں سے سفر کرنے کا کہا گیا ہے۔

بی بی سی کے ریاض سہیل کے مطابق کراچی میں مظاہروں سے متعدد جگہوں پر ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ ہمارے نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق لاہور میں فیروز پور روڈ بلاک کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

خادم رضوی کی نمازِ جنازہ میں ہزاروں کی شرکت، بیٹا جانشین مقرر

تحریک لبیک کے نئے سربراہ سعد رضوی کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

مذاکرات کی رات تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان معاملات کیسے طے پائے؟

نیشنل ہائی وے پولیس نے بھی موٹروے بند ہونے کے بارے میں اطلاع دی ہے۔

پولیس کے مطابق لاہور سے اوکاڑہ سیکشن والی سڑک جسے این 5 بھی کہا جاتا کو بند کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ سے دینا ناتھ تک ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔

https://twitter.com/NHMPofficial/status/1381581170652151812?s=20

خیال رہے کہ تحریک لبیک نے کورونا وائرس وبا کے باوجود رواں ماہ 21 تاریخ کو فرانس کے سفیر کی ملک بدری کے مطالبے کے ساتھ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ اس سے قبل جب تحریک لبیک نے فرانس کی طرف سے پیغمبر اسلام کے خاکے بنانے پر فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا تھا تو حکومت نے اس تحریک کے ساتھ ایک تحریری معاہدہ کیا تھا، جس کے مطابق پارلیمنٹ سے قانون سازی کے ذریعے فرانس کے سفیر کی بے دخلی ممکن بنائی جائے گی۔

تحریک لبیک کے ترجمان کے مطابق حکومت نے وعدے کی پاسداری نہیں کی۔

سعد رضوی کون ہیں؟

خادم رضوی کی وفات کے بعد ان کی جماعت کی اٹھارہ رکنی شوری نے ان کے بیٹے سعد رضوی کو تحریک لبیک کا نیا سربراہ مقرر کیا جس کا اعلان جماعت کے مرکزی نائب امیر سید ظہیر الحسن شاہ نے جنازے کے موقع پر کیا۔

لاہور میں خادم رضوی کے جنازے کے موقع پر ان کے بیٹے سعد رضوی نے خطاب میں اپنے والد کا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعد رضوی اس وقت لاہور میں اپنے والد کے مدرسہ جامعہ ابو ذرغفاری میں درس نظامی کے آخری سال کے طالبعلم ہیں۔ درس نظامی ایم اے کے برابر مدرسے کی تعلیم کو کہا جاتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp