دل کی ایموجیز کے مختلف رنگوں کے مطلب


گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں فرسٹ سمیسٹر کا طالب علم تھا۔ تعلیم کا سلسلہ زور و شور سے جاری تھا۔ تعلیم کے موضوع پر کلاس کے کچھ نابغہ روزگار ساتھی طالب علموں سے بھی بات ہو جایا کرتی تھی۔ ایک روز کلاس کی ایک فی میل ساتھی سے واٹس ایپ پر مطالعہ پاکستان کا مضمون یا اس طرح کا کچھ زیر بحث تھا۔ اب یہ وہ وقت تھا کہ جب میں میسجز کے دوران استعمال ہونے والی ایموجیز تو بے جھجک استعمال کرتا تھا م بہرحال میں ان کے اصل مطالب سے بے خبر تھا۔

خصوصاً دل کی شکل والی ایموجیز تو میرے لئے تھی ہیں بے مطلب۔ بعض اوقات میں یہ ہر گفتگو کے آخر پہ بھیج دیا کرتا اور سامنے والا بھی برداشت کر لیتا۔ میرے لئے دل کی شکل رکھنے والی خوب صورت ایموجی کا رنگ بالکل بے زباں تھا۔ بہرحال جب اس ساتھی طالبہ سے گفتگو کا سلسلہ کسی نتیجے پر پہنچا تو اپنی طرف سے بائے، خدا حافظ یا کچھ بھی نہیں کہنے کے لیے دل کی شکل والی سرخ رنگ کی ایموجی بھیج دی۔

اب یہ محترمہ (جو ایک انتہائی اچھی لڑکی ہیں) شاید اچھے سے ان کے مطالب سے آگاہ تھیں لیکن ان کے مطلب سے میری ناآشنائی سے بھی ناآشنا ہی تھیں۔ ان کا فوراً رپلائی آیا کہ آپ یہ کسی اور کو بھیجیں، میں ایسی ویسی نہیں۔ میں تو ہکا بکا رہ گیا۔ مختصراً یہ کہ میں نے انھیں اپنی ناآشنائی سے آگاہ کیا اور وہ بھی مان گئیں۔ اس کے بعد میں نے مختلف رنگوں کی حامل دل کی شکل کی ایموجیز کو جانا۔

سب سے پہلے سرخ رنگ کی ایموجیز آتی ہیں جنہیں ہم ہر جگہ بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ سرخ رنگ کی ایموجی حقیقی پیار ظاہر کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ یعنی جب ہم کسی کو یہ ایموجی بھیجتے ہیں تو ہم یہ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ہم ان سے کافی پیار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر مختلف چیزوں سے اپنی محبت اور تعلق کا اظہار کرنے کے لئے یہ ایموجی استعمال میں آتی ہے۔ یعنی کہ یہ ہم اس وقت استعمال کرتے ہیں جب کسی سے کوئی گہرا تعلق ہو۔ مگر ہمارا حال یہ ہے کہ ہم کبھی بھی کسی کو بھیج رہے ہوتے ہیں جو بالکل ایک غلط طریقہ ہے۔ ہاں مگر جب تک میری طرح آپ کو بھی پتا نہیں تھا تب تک ٹھیک ہے۔

اس کے بعد اورینج دل کی ایموجی بھی ایک خاص زبان رکھتی ہے۔ بعض اوقات دوستی کو بھی اس کا مطلب لیا جاتا ہے۔ یہ خوشی، تخلیقی صلاحیت یا کسی کا جذبہ بلند کرنے کے لئے بھی استعمال میں لائی جاتی ہے۔ کسی اچھی یا گہری دوستی کے لئے اس ایموجی کو بھیجنا بہت مناسب ہے۔ اس کا ایک بہت حیران کن استعمال یہ بھی دیکھنے کو ملا ہے کہ یہ ہلکے موڈ میں کسی کو آگاہ کرنے کے لئے کہ آپ بالکل بھی اس کے ساتھ رومانوی تعلق میں دلچسپی نہیں رکھتے، استعمال کی جاتی ہے۔ بہرحال اچھے دوستوں سے اس ایموجی کی نسبت واضح ہے۔

پیلے رنگ کی دل ایموجی بھی بہت جاندار اثر رکھتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ جس کو یہ بھیج رہے ہیں اس کی دوستی آپ کے لئے بہت اہم ہے۔ مزید یہ کہ اس شخص کی دوستی آپ کے لئے خوشی کا باعث ہے۔ دراصل پیلا رنگ شوخی اور تازگی جیسی خصوصیات کا حامل ہے۔ مزید برآں یہ سنہری رنگ کے بھی بہت قریب ہے۔ جس کا مطلب اچھی نیچر اور بہت عمدہ کے بھی ہیں۔ سو یہ سب کچھ اس ایموجی سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ یہ ایموجی دوستی سمیت ان تمام لوگوں کے ساتھ استعمال کی جا سکتی ہے جو آپ کی مسکراہٹ کا باعث بنتی ہیں۔ پیلے رنگ کی دل ایموجی کا استعمال کبھی بھی غیر موزوں نہیں ہوتا۔

سبز رنگ قدرتی مناظر، جدت اور ہم آہنگی کی علامت ہے۔ لیکن دوسری طرف جب ہم سبز رنگ کا سوچتے ہیں، لالچ اور حسد جیسے خیالات ذہن کا حصہ بنتے ہیں۔ سو اس طرح اس رنگ کی دل ایموجی کے بھی مختلف مطالب ہیں۔ گفتگو کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے دو طرح کے مطالب ہو سکتے ہیں۔ غصے کے دوران اس کو استعمال کرنے کا مطلب حسد وغیرہ جیسی صورتوں میں آتا ہے۔ جب ہمارا پارٹنر کسی ایسے شخص کے ساتھ بات کر رہا ہو جسے ہم پسند نہیں کرتے تو اس بات کے اظہار کر لئے بھی یہ ایموجی بھیجی جا سکتی ہے۔ دوسری طرف جب آپ کا لائف پارٹنر کوئی بہت زبردست چیز کر رہا ہوں تو یہ ایموجی سینڈ کر سکتے ہیں تاکہ بتا سکیں کہ وہ بہت اچھا کر رہا ہے اور آپ اس جتنا بہتر نہیں کر پا رہے۔ اس کے علاوہ قدرتی مناظر اور دنیا سے محبت کے اظہار کے لئے یہ ایموجی استعمال کی جا سکتی ہے۔

نیلے رنگ کی دل ایموجی اعتماد اور بھروسا کے اظہار کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ یعنی اگر آپ کو کوئی یہ ایموجی بھیجتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اسے آپ پر بھروسا ہے۔ نیلا رنگ دراصل ذہانت اور ایمان کی نشاندہی یا اظہار کرتا ہے۔ یہ سمندروں اور آسمان کا رنگ ہوتا ہے۔ کسی مشکل وقت میں یا کسی پراجیکٹ کو کرتے ہوئے کسی پر اظہار اعتماد کرنے کے لئے اس ایموجی کا استعمال کرنا کافی زبردست اور مناسب ہے۔

ارغوانی (پرپل) رنگ کی دل ایموجی کا مطلب عیش وعشرت اور چمک سے بھرپور اشیاء ہیں۔ اپنے استعمال کے اعتبار سے یہ بھی کافی زبردست اور پسند کی جانی والی ایموجیز میں سے ایک ہے۔ اس کا استعمال زیادہ تر سوشل میڈیا پر لگژری اشیاء یا سرگرمیوں کو شیئر کرتے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ذاتی گفتگو کے دوران طبعی تعلق کے اظہار کے لئے بھی اس کا استعمال خیال کیا جاتا ہے۔

بھورے رنگ کی دل ایموجی ایک مضبوط اور عمدہ محبت کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ چاکلیٹ سے مناسبت رکھتی ہے اور چاکلیٹ کو تو ہر کوئی پسند کرتا ہی ہے۔ اپنے پیاروں کو ان کی اہمیت بتانے کے لئے یہ ایموجی استعمال کی جاتی ہے۔ باقی محبت کے اظہار کر لئے جو سرخ ایموجی کو خاص پسند نہیں کرتے ، وہ بھی اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ سو دوسرے افراد کو ذرا محتاط ہی رہنا چاہیے۔

سفید رنگ کی ایموجی کافی بعد میں شامل کی گئی۔ اس کا خاصا طے شدہ استعمال تو نہیں ہاں البتہ اسے دوسری دل ایموجیز کا دوست مانا جاتا ہے۔ مانا جاتا ہے کہ سفید چاکلیٹ مانگنے کے لئے بھی یہ ایموجی استعمال کی جاتی ہے۔ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ اس کا مطلب حقیقی اور سچا پیار بھی ہے۔

کالے رنگ کی دل ایموجی غم اور سیاہ یا ٹھنڈے مزاح کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ کالا رنگ اسرار، خوب صورت کے ساتھ ساتھ بغاوت کا اظہار بھی کرتا ہے۔ اگر کچھ برا ہوا ہے یا پھر آپ کسی پہ ہنسنا چاہ رہا ہیں یا کوئی مزاح کرنا چاہ رہے ہیں اور ساتھ آپ کو اندازہ ہے کہ آپ کے مزاح کو توجہ نہیں دی جائے گی تو اس ایموجی کا استعمال سونے پہ سہاگے جیسا ہے۔

میں دیکھتا ہوں کہ ہم اکثر اس رنگ کی دل ایموجی کو استعمال کرتے ہیں جو دکھنے میں ہمیں اچھی لگتی ہے۔ ہم قطعی اس چیز کا خیال نہیں رکھتے کہ کس رنگ کا کیا مطلب ہو سکتا ہے۔ ابھی بھی کچھ لوگ اسے پڑھنے کے بعد سوچ رہے ہوں گے کہ اس سے کیا فرق پڑتا ہے بھلا۔

خیر یہ تو آپ خود سوچیے، میں تو صرف اتنا کہوں گا کہ اگر کسی شے کا کوئی خاص مطلب ہے تو وہ اس لئے ہے کہ اس کا استعمال اس کے مفہوم کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔ باقی جس کی جیسی سوچ

(طارق مہتا کا الٹا چشمہ کے کردار باگا کا ڈائیلاگ)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments