مینٹورز کی تلاش


مینٹورز (Mentors) وہ لوگ ہیں جو آپ کو آپ کی پہچان کرواتے ہیں، یہ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو آپ کی منزل کے فاصلے کو کم کر کے آپ کو منزل تک پہنچنے کا راستہ بتاتے ہیں۔ ہر کامیاب انسان کی زندگی میں مینٹورز کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اور آج کے جدید، ترقی یافتہ اور اسپیشلائزیشن کے دور میں مینٹورز کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑٖھ جاتی ہے۔ مینٹورز کی تلاش کے لئے دنیا بھر میں بے شمار طریق ہائے کار، نظریات اور فارمولے موجود ہیں جن پر کتابیں اور مضمون لکھے جا چکے ہیں اور اس موضوع پر کئی ڈاکیومنٹریز اور فلمیں بھی بن چکی ہیں۔

دنیا بھر میں اس ایک خاص موضوع پر ٹریننگز، ورکشاپس اور کورسز منعقد کروائے جاتے ہیں۔ مینٹورشپ ایک فن اور آرٹ ہے جس کا استعمال اب صرف اسپورٹس، روحانیت اور بزنس تک محدود نہیں بلکہ یہ اب زندگی کے ہر شعبہ کے لئے ضروری سمجھا جاتا ہے۔ آپ کی پرسنل، پروفیشنل اور روحانی زندگی میں اس کا بہت اہم کردار ہے۔

ایک اچھے مینٹور کی تلاش کیسے کی جائے اور اس تک رسائی کیسے ممکن بنائی جا ئے؟ یہ ایک اہم اور مشکل سوال ہے جس کا جواب ہر انسان کے لئے مختلف ہے۔

میری نظر میں ایک اچھا مینٹور وہ شخص ہے جس کی موجودگی اور رفاقت میں آپ کو اپنی ذات پر بھروسا، یقین اور سب سے بڑھ کر خود پر اعتماد کرنے کا احساس محسوس ہو۔ اچھا مینٹور آپ کو اپنی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے نہیں بلکہ آپ کی صلاحیتوں پربھروسا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

اچھا مینٹور آپ کے اندر صرف حوصلہ، ہمت، بہادری، تڑپ اور اخلاقیات کو تلاش کرتا ہے ، باقی وہ سب آپ کو سکھا سکتا ہے۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ ایسے مینٹورز تلاش کریں جن سے بات کر کے آپ اپنی کمزوریوں اور کمتری کا احساس نہ ہو بلکہ، ایسے مینٹورز ڈھونڈیں جن سے مل کر، بات کر کے آپ کو خود اعتمادی اور حوصلہ ملے۔

مینٹور کا انتخاب کرتے ہوئے ایسے انسان کا انتخاب کریں جس کی شخصیت، زندگی اور کام آپ کو انسپائر کرتا ہے۔ وہ انسان آپ کے لئے رول ماڈل کا درجہ رکھتا ہو۔ اس کی اپنی زندگی مثالی ہو اور وہ سب حاصل کر چکا ہو جس کی آپ کو تلاش ہے۔ یاد رکھیں یہ ایک ایسا تعلق ہے جس میں اعتماد، بھروسا اور باہمی عزت انتہائی اہم ہے۔ مینٹور کے انتخاب کے لئے آپ مینٹور کے پاس جاتے ہیں اور اپنے کیریئر میں ترقی کے لئے ان سے رہنمائی لیتے ہیں۔

یہ بھی آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنی زندگی میں اپنے مینٹور کو کتنی اہمیت اور اختیار دیتے ہیں یہ رضاکارانہ اور بے لوث رشتہ ہے۔

مینٹور کیوں ضروری ہے؟

مینٹور آپ کو زندگی کے منفرد زاویوں، نقطۂ نظر اوردوراندیشی سے زندگی کے مختلف پہلوؤں کو دیکھنے کی صلاحیت دیتا ہے۔

مینٹور آپ کو زندگی کے ایسے واقعات اور مواقع کے متعلق سوچنے پر متحرک کرتا ہے جو کبھی آپ نے سوچے ہی نہیں ہوتے۔

مینٹور آپ کو آپ کی ذات کی پہچان، خود شناسی اور سب سے بڑھ کر زندگی کا حقیقت پر مبنی تجزیہ کرنے میں معاونت کرتا اور آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ آپ اپنے مقررہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے کام کریں۔

مینٹور آپ کو خوابوں کی دنیا سے نکال کر حقیقی دنیا میں لے کر آتا ہے اور آپ سے زندگی کے ایسے پہلوؤں پر بات کرتا ہے جو آپ کو ہر کوئی نہیں بتا سکتا۔

یہ تمام نکات لکھنے میں بہت آسان ہیں لیکن ایسے مینٹور کی تلاش انتہائی دشوار، مشکل اور وقت طلب مشق ہے۔ اکثر ہمارے معاشرے میں ایسے کردار پائے جاتے ہیں جو آپ کو مثبت انرجی دینے کی بجائے آپ کی صلاحیتوں کو منفی مائنڈ سیٹ دے کر زنگ آلودہ کرنا چاہتے ہیں۔

اگر آپ زندگی میں خوشحالی، راحت اور ترقی چاہتے ہیں تو اچھے مینٹورز کی تلاش جاری رکھیں۔ یہ وہ ہیرے ہیں جن کو پا کر آپ دنیا کی دولت سے مالا مال ہو سکتے ہیں۔ مگر ضروری نہیں یہ مینٹورز فارن کوالیفائیڈ، سوٹ بوٹ میں رہنے والے، کارپوریٹ انڈسٹری کے گرو کہلانے والے، فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹریننگ سیشن دینے والے یا بھاری بھرکم معاوضے کے عوض اپنی ”خدمات“ دینے والے لیجنڈ ہوں۔

یہ تیز رفتار زندگی میں دوڑنے والی کسی بھری گاڑی میں ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا ایک عام انسان بھی ہو سکتا ہے جو شاید آپ کی زندگی کے حقیقی مقصد کو پانے کے لیے ایک لمحے میں آپ کی رہنمائی کر جائے اور آپ کو اپنی منزل پر پہنچ کر احساس ہو۔ بس ایسے ہی مینٹورز کی تلاش میں رہیں ، وہ بھی آپ کو تلاش کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments