بھارت: کووڈ کیئر سینٹر میں آتشزدگی سے کرونا کے 13 مریض ہلاک


بھارت کے ساحلی شہر ویرار کے ایک اسپتال میں آتش زدگی کے نتیجے میں کرونا کے شکار 13 مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔ متاثرہ اسپتال میں کرونا کے مریض زیرِ علاج ہیں۔

آتشزدگی کا واقعہ ریاست مہاراشٹرا کے ساحلی شہر ویرار کے وجے ولابھا کووڈ کیئر اسپتال میں جمعے کی صبح پیش آیا۔

متاثرہ اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) دلیپ شاہ کے مطابق اسپتال کی دوسری منزل پر واقع انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں اچانک آگ بھڑکی جس کے بعد وہاں موجود مریضوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

دلیپ شاہ نے بتایا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کے بقول اس وقت اسپتال میں 90 مریض زیرِ علاج ہیں۔

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے حکومتی ذمہ دار وویک آنند کدم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسپتال کے آئی سی یو روم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے لگائے گئے ایئرکنڈیشن یونٹ میں دھماکہ آگ لگنے کی وجہ بنا ہے۔

اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب دو روز قبل ہی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناسک کے ایک اسپتال میں آکسیجن لیکج کے واقعے میں وینٹی لیٹر پر موجود 24 مریض دم توڑ گئے تھے۔

یاد رہے کہ مہاراشٹرا بھارت کی کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے جہاں یومیہ کیسز اور اموات کی یومیہ تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مہاراشٹرا سمیت ہریانہ، پنجاب اور دیگر ریاستوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران کرونا کیسز میں اضافے کے بعد اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے جب کہ آکسیجن کی طلب میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments