کامیاب زندگی کے اصول


زندگی میں اکثر ایسے مواقع آتے ہیں جب انسان اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پاتا۔ جب کوئی بھی شخص کسی بھی مقصد میں کامیابی حاصل نہ کر پائے تو اس چیز کو نہ پانے کا غم بھلانے میں کافی وقت درکار ہوتا ہے۔ ایسے میں کچھ لوگ اس چیز کو بھلا کر دوبارہ محنت اور کوشش کرتے ہیں اور کچھ افراد دیر تک لاحاصل چیز کے غم کو گلے لگا رکھتے ہیں۔

ہم اکثر اس طرح کے واقعات سنتے آئے ہیں جن میں خصوصاً نوجوان کبھی مطلوبہ تعلیمی اداے میں داخلہ نہ ملنے پر، کبھی نوکری نہ ملنے پر اور کبھی کسی مقابلے میں کامیابی نہ حاصل کرنے پر خود اپنی ذات کو نقصان پہنچا دیتے ہیں۔ چونکہ ہم نوجوانوں نے زندگی سے بہت سی غیر حقیقی امیدیں وابستہ کی ہوتی ہیں اور ہم حقیقت کا سامنا کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتے۔ اس کے ساتھ ساتھ آج کے دور میں ہر شخص نے ہر چیز کی اپنی ہی ایک تعریف بنا رکھی ہے۔ ایسے ہی ہم نے کامیابی کے معنی محض حاصل کر لینا سمجھ لیے ہیں یعنی آپ نے محنت کی اور وہ چیز مل گئی تو آپ کامیاب ہو گئے۔

زندگی کی حقیقت بالکل مختلف ہے۔ زندگی ہماری خواہشات کے مطابق آسان اور ہموار نہیں ہے۔ کچھ موڑ ایسے بھی آتے ہیں کہ ہم جس چیز کے حصول کے لئے محنت کرتے ہیں ، وہ حاصل نہیں کر پاتے۔ چونکہ ہمیں یہ معلوم نہیں کہ ہمارے لیے کیا چیز بہتر ہے، اس لئے ہم جس کے لئے محنت کرتے ہیں ، ضروری نہیں کہ اس کو حاصل کرنا ہی کامیابی ہو۔

بعض اوقات کسی خواہش کا پورا نہ ہونا یا کسی میدان میں کامیابی نہ حاصل کر پانے میں بھی کئی راز چھپے ہوتے ہیں۔ ایسے میں کچھ لوگ اپنی خواہشات پورا نہ ہونے کی وجہ سے دلبرداشتہ ہو جاتے ہیں اور گلے شکوے کرنے لگتے ہیں اور کچھ لوگ جو زندگی کی حقیقت جانتے ہیں وہ ہر ناکامی میں چھپے کامیابی کے راز ڈھونڈ لیتے ہیں۔ اپنی قابلیت کا اندازہ لگاتے ہیں اور کامیاب نہ ہونے یا مقابلہ نہ جیتنے کی وجہ تلاش کرتے ہیں۔ بلاشبہ ایسے لوگ مثبت سوچ کے مالک ہیں۔

ایک مشہور کہاوت ہے۔
ناکامی، کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے۔

لہٰذا کبھی بھی ہمیں ناکامی کے ڈر سے مقابلہ نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اگر آپ کامیاب نہیں ہوتے یا جیت نہیں پاتے تو بھی بہت کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے ، بس آپ کی سوچ مثبت ہونی چاہیے۔ سب سے پہلے آپ کو اپنی قابلیت کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ کس پوائنٹ پر آپ کمزور ہیں اور مزید محنت کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انسان کے دل میں کامیابی کی جستجو پیدا ہوتی ہے اور وہ مزید محنت کرتا ہے۔

اگر آپ کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کچھ اصول اپنانے ضروری ہیں۔

سب سے پہلے اپنے آپ کو قبول کیجیے ، اپنی کمزوریوں اور طاقت کے ساتھ۔ جو آپ کی کمزوری ہے ، اسے قبول کیجیے اور اسے دور کرنے کے لیے محنت کریں۔ اگر کسی مقام پر یا کسی میدان میں جیت نہیں پاتے تو بھی اسے ناکامی تصور نہ کیجیے۔ اسے سمجھنے کی کوشش کیجیے کہ جیت نہ پانے کی وجہ کیا ہے اور پھر محنت اور کوشش سے اسے دور کرنے کی کوشش کریں۔

کبھی بھی ناکامی کے ڈر سے مقابلہ کرنے سے مت ڈریں، مقابلہ کریں اور نتائج کو مثبت طریقے سے قبول کریں۔ اگر آپ کامیابی نہ ملنے پر خود اپنی ذات سے گلہ کرنے لگیں گے تو معاشرہ تو آپ کو ضرور سوالیہ نشان بنائے گا۔ آپ نے مقابلہ کیا، جیت گئے، بہت خوش آئند بات ہے۔ نہیں جیت پائے تو مزید محنت کی ضرورت ہے اور لازمی تو نہیں ہر شخص ہر چیز کا مکمل علم رکھتا ہو۔ آپ نے مقابلہ کیا ان لوگوں کا جو اس شعبے میں اعلیٰ قابلیت رکھتے ہیں ، آپ کے لئے یہ بھی بہت بڑی کامیابی ہے۔ مقابلہ سیکھنے کے لئے بھی کیا جاتا ہے۔ لہٰذا خود کو عزت دیجیے۔

ہمارے اردگرد اکثر ایسے لوگ ہوتے ہیں جو مشکل کام کرنا پسند کرتے ہیں۔ ایسے لوگ نتائج کی پروا نہیں کرتے اور بلا جھجک کچھ بھی کر گزرتے ہیں۔ ہم ان لوگوں کو بڑے رشک سے دیکھتے ہیں کیونکہ یہ لوگ مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد اکثر کامیابی حاصل کر لیتے ہیں۔ اسی لیے اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو نتائج کی فکر چھوڑیں اور رسک لیں۔ کیونکہ زندگی ہمیں بار بار موقع نہیں دیتی ، اس لیے رسک لیجیے یا پھر موقع گنوانا ہو گا۔ ایسے افراد جو رسک نہیں لیتے وہ انجانے خوف میں مبتلا رہتے ہیں اور اس ڈر سے مقابلہ کرنے کی ہمت ہی نہیں کر پاتے۔

لہٰذا ہمیں اپنی سوچ کو بدلنا ہو گا کیونکہ سوچ بدلے گی تو زندگی بدلے گی۔ زندگی کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ جو شخص ناکامی برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتا ، وہ کامیابی کی خوشی بھی محسوس نہیں کر پاتا۔ کامیاب زندگی حاصل کرنے کے لئے ناکامی سے سیکھ کر آگے بڑھنا شروع کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments