رز احمد کا اپنی بیوی فاطمہ فرحین کی زلفیں سنوارنا: ’اسی آسکر کی ضرورت تھی‘


فاطمہ فرحین اور رز احمد

رز احمد اور فاطمہ فرحین مرزا لاس اینجلیز کے یونین سٹیشن پر 93 سالانہ اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کے موقع پر

شاید حالیہ دور میں زلف سنوارنے کا ذکر کبھی اتنا نہ سنا گیا ہو جتنا اتوار کو آسکرز کی ریڈ کارپٹ پہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رز احمد کے اپنی شریکِ حیات مصنفہ فاطمہ فرحین مرزا کی زلفیں سنوارنے کا ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے

لندن کی گلیوں سے آسکرز تک پہنچنے والے پاکستانی نژاد اداکار کی کہانی

آسکرز 2021: پہلی بار غیر سفید فام خاتون کے لیے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ

93 اکیڈمی ایوارڈز میں رز احمد اگرچہ اپنی فلم ’ساؤنڈ آف میٹل‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ تو نہ جیت سکے لیکن انھوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا سے ’بہترین شوہر‘ کا ایوارڈ ضرور حاصل کر لیا اور تقریباً ہر بڑے اخبار اور میگزین میں جہاں اکیڈمی ایوارڈ کا ذکر ہوا وہیں رز احمد کے فاطمہ فرحین کی زلفوں کو سنوارنے کا بھی ذکر ہوا۔ اور جب انھوں نے کہا کہ میں اپنی بیوی کا ’آفیشل گرومر‘ ہوں تو بقول میر یہ بات بھی سچ ہو گئی کہ

’ہم ہوئے، تم ہوئے کہ میر ہوئے

اس کی زلفوں کے سب اسیر ہوئے

ورائٹی میگزین نے لکھا کہ رز احمد نے اپنی بیوی فاطمہ فرحین مرزا کے بال ٹھیک کرنے کے لیے آسکرز کے ریڈ کارپٹ کو کچھ دیر کے لیے روک دیا: ’میں آفیشل گرومر ہوں‘۔

https://twitter.com/Variety/status/1386457689635491842

اکثر برطانوی اخبارات میں، جن میں دی سن، ڈیلی میل اور دیگر شامل ہیں، رز احمد اور ان کی بیوی کے متعلق لکھا گیا۔ اخبار انڈیپینڈنٹ نے لکھا کہ ’رز احمد نے آسکرز کے ریڈ کارپٹ پہ اپنی بیوی فاطمہ فرحین مرزا کے بال ٹھیک کیے۔

اینٹرٹینمنٹ ٹو نائٹ نے لکھا کہ ’رز احمد کے آسکرز ریڈ کارپٹ پہ اپنی بیوی فاطمہ فرحین مرزا کے بال سنوارنے کے لیے رکنا ہی واحد ایوارڈ تھا جو ہمیں چاہیے تھا۔‘

https://twitter.com/etnow/status/1386505762768252928

اسی طرح سوشل میڈیا پر بھی ان کے اس عمل کو زیادہ تر سراہا ہی گیا لیکن کئی ایک نے یہ بھی سوال کیا کہ کیا اس سے فرحین کے بالوں کو بھی کچھ فرق پڑا؟

ایک صارف مانا سندھو نے لکھا کہ میں ہم سب کے لیے دعا کرتی ہوں کہ پیار بھری بہترین تصویر کے لیے رز احمد جیسا بال سنوارنے والا ملے۔

https://twitter.com/manna_sidhu/status/1386473938138460161

ایک اور صارف نینسی وینگ یوان نے بھی اپنی پوسٹ میں کچھ اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ کوئی میری طرف بھی اس طرح دیکھے جیسے بہترین اداکار کے لیے نامزد رز احمد اپنی بیوی فاطمہ فرحین مرزا کی طرف دیکھتے ہیں۔‘

https://twitter.com/nancywyuen/status/1386462600209133569

صحافی لعلین نے لکھا کہ رز کے فاطمہ کے بال ٹھیک کرنے سے مجھے برائیڈز میڈ کی ڈیوٹی یاد آتی ہے جہاں ہم دلہن کے لہنگے کا کنارہ (ہیم) ٹھیک کرتے ہیں۔۔۔ پیار اور تفصیل کی طرف توجہ۔ مجھے نہیں پتہ تھا کہ وہ اتنے ’فسی‘ ہیں، ویسے تو وہ پرسکون سے لگتے ہیں۔

https://twitter.com/laaleen/status/1386600855072296960

رز احمد پہلے مسلم اداکار جو آسکرز کے لیے بہترین اداکار نامزد ہوئے

گو کہ رز احمد کو بہترین اداکار کا آسکرز نہیں ملا اور اینتھونی ہوپکنز یہ ایوارڈ لے اڑے لیکن رز احمد نے اس طرح تاریخ ضرور رقم کی کہ وہ بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے نامزد پہلے مسلم اداکار تھے اور وہ بھی جن کا تعلق پاکستان سے بھی تھا۔

’ساؤنڈ آف میٹل‘ میں 38 سالہ اداکار ایک ایسے ہیوی میٹل ڈرمر، روبن، کا کردار نبھا رہے ہیں جس کی قوتِ سماعت غیر متوقع طور پر چلی جاتی ہے۔

فاطمہ فرحین مرزا کون ہیں؟

فاطمہ فرحین مرزا ایک بیسٹ سیلنگ امریکی ناول نگار ہیں جن کا سنہ 2018 میں چھپنے والا 400 صفحات پر مشتمل پہلا ناول ’اے پلیس فار اس‘ چھپنے کے فوراً بعد نیو یارک ٹائمز کی بیسٹ سیلنگ لسٹ میں آ گیا تھا۔ ان کا یہ ناول سارہ جیسیکا پارکر کے ادارے ایس جے پی ہوگارتھ نے چھاپہ تھا۔

فاطمہ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ پہلے وہ گھر والوں کے کہنے پر طب پڑھ رہی تھیں لیکن پھر انھوں نے کریئٹیو رائٹنگ میں داخلہ لے لیا۔ رائٹنگ کے علاوہ فاطمہ کا ایک شوق باکسنگ ہے اور وہ اپنے سوشل میڈیا صفحے پر اس کا ذکر بھی کر چکی ہیں۔

https://twitter.com/fatimafmirza/status/1141107942332272640

رز اور فاطمہ نے اپنی شادی کو پرائیوٹ رکھا

رز اور فاطمہ کی شادی گذشتہ سال کورونا وائرس کی وباء کے دوران ہوئی اور دونوں نے ہی شادی کو نجی ہی رکھا۔ تو اگر دیکھا جائے تو آسکرز کا ریڈکارپٹ کسی بڑی تقریب میں ان دونوں کے ساتھ ساتھ آنے کا پہلا موقع ہے۔ اس سے پہلے رز کہہ چکے ہیں کہ وہ اسے ذاتی معاملہ سمجھتے ہیں اس لیے اس پر زیادہ بات نہیں کرتے۔ انھوں نے اس سال ایک دو انٹرویز میں اس کے متعلق بات ضرور کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32470 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp