’ڈیزاسٹر گرل‘: زوئے رتھ کی 17 برس پرانی تصویر 473000 ڈالرز میں فروخت


’ڈیزاسٹر گرل‘ وہ خاتون جن کی بچپن کی ایک تصویر بہت وائرل ہو چکی تھی اور اسے ایک یادگار میم قرار دیا جاتا ہے نے یہ تصویر 473 ہزار ڈالرز میں فروخت کر دی ہے۔

ذوئے روتھ اب 21 برس کی ہیں، چار برس کی عمر میں وہ اس وقت انٹرنیٹ پر بہت مشہور ہو گئی تھیں جب ان کی ایک تصویر منظر عام کر آئی تھی جس میں وہ ایک ایسی عمارت کے باہر کھڑی تھیں جہاں آگ لگی ہوئی تھی اور ان کے چہرے پر شرارت بھری مسکراہٹ تھی۔

اس کے بعد یہ تصویر ایک ایسی میم بن گئی جسے ہر کوئی کسی ’ڈیزاسٹر‘ یعنی تباہی یا نقصان جیسی صورتحال کو واضح کرنے یا پھر کسی شرارتی مقصد کے لیے استعمال کرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

انڈین بچی کی وائرل ہونے والی تصویر کی حقیقت

انڈیا میں وائرل وہ تصویر جو ملک میں کووڈ سے ہونے والی تباہی کی علامت بن گئی

دولہا دلہن کی وائرل ہونے والی تصویر جب کھینچی گئی تو ’شیر وہاں موجود نہیں تھا‘

ذوئے روتھ نے اپنی اس تصویر کو جمعرات کو ہونے والی بولی میں نان فُنجیبل ٹوکن۔۔ این ایف ٹی (ڈیجیٹل آنرشپ سرٹیفکیٹ) کی صورت میں فروخت کر دیا ہے۔

اس تصویر کی کہانی دلچسپ ہے۔

جنوری 2005 میں ذوئے روتھ جنوبی کیرولینا میں اپنے والد ڈیو روتھ کے ہمراہ اپنے گھر کے قریب ہی ایک گھر میں لگی آگ کو دیکھنے گئی تھیں جو اس عمارت کے مالک کی طرف سے خود لگائی گئی تھی۔

ڈیو روتھ ایک شوقیہ فوٹوگرافر ہیں جنھوں نے اپنی بیٹی ذوئے روتھ کی ایسی تصویر لی جس میں وہ آگ کے شعلوں کے سامنے شرارتی انداز میں مسکرا رہی ہیں۔

سنہ 2008 میں فوٹوگرافی کا مقابلہ جیتنے کے بعد یہ تصویر آن لائن پوسٹ کرنے کے فوری بعد ہی بہت وائرل ہو گئی۔ ذوئے روتھ جو اب یونیورسٹی کی طالبعلم ہیں نے اپنی اس تصویر کی اصلی نقل کرپٹو کرنسی کی صورت میں ایک کولیکٹر @3FMusic کو فروخت کر دی ہے۔

این ایف ٹی ایک منفرد ڈیجیٹل ٹوکن ہے، جس پر آرٹسٹ کے دستخط کندہ ہیں جو اس کی ملکیت کو ظاہر کرتا ہے اور یہ مستقل طور پر اس ٹوکن سے وابستہ ہو جاتا ہے۔ یہ ٹوکن آن لائن مشہور ہونے والے مواد جیسا کہ وائرل میمز اور ایسے ٹویٹس کو جن کی کوئی حقیقی نقل بھی دستیاب ہو تو اسے فروخت کرنے کا موقع دیتا ہے۔

این ایف ٹی پر ایک کوڈ درج ہے جس کی مدد سے ذوئے اس رقم پر اپنا حق حاصل کرتی ہے۔ ذوئے کے مطابق وہ اس سے حاصل ہونے والے منافع کو اس طرح تقسیم کریں گی کہ جملہ حقوق کے علاوہ وہ مسقبل میں اس سے دس فیصد منافع بھی حاصل کر سکیں۔

Zoe Roth

شروع میں یہ میم اس انداز میں لی گئی کہ جس میں ’ڈیزاسٹر گرل‘ اپنی ہی زندگی خطرے میں ڈالتی ہے۔ بعد میں میمز بنانے والوں نے اسے اس طرح ایڈٹ کیا کہ جیسے یہ کوئی قدرتی تباہی ہو اور یہ ٹائیٹینک کی طرح کا واقعہ ہو۔

ذوئے کا کہنا ہے کہ اپنی ہی تصویر کے کئی طرح کے روپ دیکھ کر انھیں بہت لطف آیا۔

ذوئے نے نیو یارک ٹائمز کو بتایا کہ آپ جیسے بھی چاہیں اسے اس خاص سانچے میں ڈھال سکتے ہیں۔ ان کے مطابق انھیں ان تصاویر کو دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے کیونکہ انھوں نے ان میں سے کوئی بھی خود نہیں بنائی اور انھیں یہ دیکھ کر اچھا لگتا ہے کہ لوگ کس قدر تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔

رواں برس این ایف ٹی کے کئی ملین ڈالر کی فروخت کے بعد ڈیجیٹل کرنسی کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

19 فروری کو ایک اینی میٹڈ گیف آف نیان کیٹ ۔۔ جو 2011 کی ایک فلائنگ پاپ ٹارٹ کیٹ کی میم ہے 5 لاکھ ڈالر سے بھی زیادہ میں فروخت ہوئی ہے۔ چند ہفتے بعد ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی نے این ایف ٹی کو پہلی ٹویٹ کا حصہ بنایا جس کے بعد اس کی بولی 2.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

ذوئے روتھ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تصویر کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو خیراتی مقاصد کے لیے وقف کر دیں گی اور اس سے اپنی تعلیم کے قرض کی بھی ادائیگی کریں گی۔

انھوں نے نیو یارک ٹائمز کو بتایا کہ اس کی تصویر کی میمز میں جو بھی لوگ سامنے آئے وہ ایک بات ہے مگر جس طرح انٹرنیٹ نے میری تصویر وائرل کی اور اسے توجہ طلب بنائے رکھا وہ میرے لیے بہت خوشگوار حیرت کا باعث بنا۔

’میں اس تمام تجربے کے لیے بہت زیادہ مشکور ہوں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp