وائرس سے چھٹی، مالدیپ میں رئیس بھارتیوں کی آمد جاری


مالدیپ ایک ہزار جزائر پر مشتمل ملک ہے۔

بحر ہند میں ایک ہزار چھوٹے جزیروں پر مشتمل ملک مالدیپ میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے بالی ووڈ کے ستاروں سمیت رئیس بھارتی شہریوں کی آمد جاری ہے۔

مالدیپ نے اپنی بین الاقوامی سرحدیں پچھلے برس تین ماہ تک بند رکھنے کے بعد جولائی میں کھول دی تھیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ملک میں ابھی تک آنے والے سیاحوں میں زیادہ اکثریت کا تعلق بھارت سے ہے۔

اس ہفتے جہاں دنیا کے دیگر ممالک نے بھارت سے فلائیٹس پر پابندی عائد کر رکھی ہے، مالدیپ نے بھارت سے آنے والے سیاحوں کی آمد کو ممکن بنانے کے لیے اپنے قواعد و ضوابط میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔

ان تبدیلیوں میں سیاحوں کو تفریح گاہوں اور سفاری بوٹس تک محدود رکھنا شامل ہیں۔ سیاحوں کو ان گیسٹ ہاؤسز میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی جن کے گرد مقامی آبادی موجود ہے۔

مالدیپ کی سیاحتی اتھارٹی وزٹ مالدیوز کے سربراہ طیب محمد نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے چھوٹے چھوٹے جزیروں کا جغرافیہ ہمیں وائرس کے خطرے سے محفوظ رکھتا ہے۔‘‘

ان کے مطابق ملک کے سیاحتی جزیرے ایک دوسرے سے دور اور خود میں مکمل تفریح گاہیں ہیں۔ ان کے بقول، اگر کہیں کچھ کیسز سامنے آئے بھی ہیں، انہیں اس ننھے جزیرے تک محدود کرنا حکومت کے لیے آسان ہے۔

طیب محمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی حکومت نے ملک کے سیاحتی سیکٹر میں کام کرنے والے تقریباً 50 ہزار ورکرز کو ویکسین دینے کا کام شروع کیا ہے۔ اس کے علاوہ، ان کے مطابق جو لوگ ہوٹلوں اور مہمان نوازی سے متعلق دیگر پیشوں سے وابستہ ہیں، انہیں بھی ویکسین دی جائے گی۔

انہوں نے کہا ’’ہم دنیا میں پہلا ملک ہوں گے جہاں سیاحت کے پورے سیکٹر کو ویکسین لگائی جائے گی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 90 فیصد ورکرز کو ویکسین مل چکی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، مالدیپ میں حکام بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو بھی ویکسین دینے پر غور کر رہے ہیں۔ لیکن اس کی کوئی فوری منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ سب سے پہلے ملک کے شہریوں کو ایسٹرازینکا یا سائنو فارم کی ویکسین کی دونوں خوراکیں دینا چاہتے ہیں۔

مالدیپ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی تین لاکھ تیس ہزار آبادی میں سے دو تہائی آبادی کو ویکسین کی ایک، ایک خوراک مل چکی ہے۔

طیب محمد کا کہنا ہے کہ پچھلے ہفتے بھارت سے سیاحوں کی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اب بھی بھارتیوں کی تعداد باقی ممالک کے سیاحوں سے زیادہ ہے۔

حال ہی میں جو سیاح کرونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے مالدیپ گئے ہیں، ان میں بھارتی اداکار عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور شردھا کپور بھی شامل ہیں۔ حال ہی میں شردھا کپور نے مالدیپ میں اپنے گزارے وقت کی تصویریں انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ، مشرق وسطیٰ اور مالدیپ میں نجی طیاروں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ بہت سے لوگ مل کر نجی ہوائی جہاز کرائے پر لے رہے ہیں۔

بھارت میں جمعے کے روز کرونا وائرس کے 3 لاکھ 85 ہزار کیسز رپورٹ کئے گئے اور تقریباً 35 سو ہلاکتیں ہوئیں۔ اے ایف پی کے مطابق، ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments