کراچی: این اے 249 میں مسلم لیگ (ن) کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار مفتاح اسماعیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے کراچی کے حلقہ این اے-249 میں چھ مئی کو دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ 29 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اُمیدوار قادر خان مندوخیل نے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیابی حاصل کی تھی۔

قادر مندوخیل نے 16 ہزار 156 جب کہ مفتاح اسماعیل نے 15 ہزار 473 ووٹ حاصل کیے تھے۔ تاہم مسلم لیگ (ن) نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کی تھی۔

منگل کو الیکشن کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔

دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رُکنی بینچ نے کی۔

درخواست کی سماعت کے دوران مفتاح اسماعیل کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بڑی تعداد میں پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے فارم 45 پر دستخط نہیں کیے گئے۔

اُن کے بقول 167 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 پر دستخط موجود نہیں تھے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 46 بھی جاری نہیں کیے گئے۔ پریذائیڈنگ افسران دستخط شدہ فارم 45 اور 46 پولنگ ایجنٹس کو فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ تصدیق شدہ فارم 45 اور 46 نہ ہونے سے پورا الیکشن عمل مشکوک ہو گیا۔

کراچی کے حلقہ این اے 249 میں پولنگ 29 اپریل کو ہوئی تھی۔
کراچی کے حلقہ این اے 249 میں پولنگ 29 اپریل کو ہوئی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے وکیل نے بتایا کہ فارم 46 سوائے ایک کے کسی پولنگ اسٹیشن پر پریذائیڈنگ افسر نے جاری نہیں کیا۔

سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ نے الیکشن کمیشن سے این اے 249 میں بے ضابطگیوں پر تحقیقات کرانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ 180 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کے بعد جو کارروائی ہوئی وہ قانون کے مطابق نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ حلقے میں ووٹوں کی صرف دوبارہ گنتی کافی نہیں الیکشن کمیشن کو مداخلت کرنا ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے پاس آرٹیکل 218 کے تحت وسیع اختیارات ہیں۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ فی الحال درخواست دوبارہ گنتی کی ہے۔ اگر اس سے مطمئن نہ ہوئے تو دوبارہ پولنگ کے لیے بھی درخواست دائر کریں گے۔

ممبر الیکشن کمیشن پنجاب الطاف قریشی نے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست دوبارہ گنتی کی تھی، دوبارہ پولنگ کی درخواست آئے گی تب دیکھیں گے۔

پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ الیکشن کے بعد ریٹرننگ آفیسر سے دوبارہ گنتی کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ تاہم جب مسلم لیگ (ن) ہار گئی تو پھر انہیں دوبارہ گنتی کی درخواست دینے کا خیال آیا۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے حکم میں کہا کہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی چھ مئی صبح نو بجے ہو گی۔

خیال رہے کہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کی جانب سے نشست چھوڑنے کی وجہ سے ہوا تھا۔ فیصل واوڈا اب سینیٹر منتخب ہو چکے ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments