اساتذہ اور ڈینگی اپ ڈیٹس


حکومت نے محکمہ تعلیم کو انقلابی وژن سے دنیا میں ”ایکٹو“ ترین شعبے کے طور پر منوا لیا ہے۔ اس حسن کار کردگی کو برقرار رکھنے کے لئے کچھ مزید حشر سامانیوں اور خون آشامیوں کے عزم کا ارادہ کیا گیا ہے۔

1۔ ڈینگی ایکٹیویٹیز کے لئے دن رات، ماہ و سال، تعطیلات و تہوار اور شادی و مرگ کی تمیز یکسر ختم کر دی گئی ہے۔ اس سال اساتذہ عید الفطر سکولوں میں ادا کریں گے۔ لازم ہوگا کہ دس سر گرمیاں نماز عید سے قبل جبکہ بقیہ دس نماز کے فوراً بعد ادا کی جائیں گی۔

2۔ محض آئی ٹی کے کثرت استعمال سے ڈینگی مار بھگانے پر دنیا نہ صرف انگشت بدنداں ہے بلکہ ہمارے تعاون کی خواہاں ہے۔ کامیاب پالیسیوں کے موجب بدنامی کے خوف سے ڈینگی منہ چھپائے پھر رہا ہے۔

3۔ چونکہ ڈینگی سرگرمیاں معلمین و معلمات پر فرض کر دی گئیں ہیں لہٰذا روزانہ ہزاروں موبائل بکف فرزندان تعلیم نہ صرف سکولوں بلکہ اپنے اپنے گھروں میں بھی اس جہاد میں شریک ہوتے ہیں۔

4۔ سابقہ حکومتیں کاغذی گھوڑے دوڑا کر شو بازیاں کرتی تھیں جبکہ موجودہ سرکار نے اس دقیانوسی سوچ اور نظام کو آن لائن برقی گھوڑوں میں بدل کر تبدیلی کی راہ ہموار کر دی ہے۔

5۔ حکومت خود اس عمل پر سخت چیک اینڈ بیلنس رکھے ہوئے ہے اور فرائض میں کوتاہی کے مرتکب کرپٹ اور نا اہل اساتذہ کو تواتر سے دفاتر بلا کر ”شدید“ عزت افزائی کر رہی ہے۔ سکول ٹیب یا ایپ کی فنی خرابیوں کے عذر ہائے لنگ کو موقع پر رد کرنے کے خصوصی اہتمام بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں جس سے محکمے کے وقار اور کارکردگی میں خاطر خواہ اضافے کا واضح امکان ہے۔ مزید براں نرم خو اور ڈینگی ڈیفالٹرز سے نرم گوشہ رکھنے والے افسران کو آپا فردوس عاشق اعوان سے خصوصی ملفوظاتی ٹریننگ دلوانے کا اصولی فیصلہ بھی ہو چکا ہے۔

 6۔ حکومت واضح کر چکی ہے کہ کسی ڈینگی ڈیفالٹر کو این آر او نہیں ملے گا لہٰذا اس بابت چند سخت فیصلے بھی متوقع ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ زیرو ایکٹی وٹیز حامل ملزمان کے لئے ہر ضلعی تعلیمی دفتر میں ایک معیاری ”پھانسی گھاٹ“ کی تعمیر کے لئے ٹینڈر دیا جا رہا ہے۔ جبکہ نان فنکشنل ڈینگی ایپس کے قومی مجرمان کو کھلے عام لٹکانے کے لئے شہر کے وسط میں بین الاقوامی طرز کے ”پھانسی گھاٹ“ بنوائے جائیں گے۔ اس منصوبے پر اٹھنے والے اخراجات اساتذہ کی تنخواہوں سے پورے کیے جائیں گے۔ یہ تاریخی اقدامات ملک میں تعلیمی کرپشن اور نا اہلی کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments