رفال: سکیورٹی معاہدے کے تحت مزید تین رفال طیارے آج فرانس سے انڈیا پہنچیں گے


فرانس اور انڈیا کے درمیان سکیورٹی معاہدے کے تحت مزید تین رفال طیارے آج انڈیا کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

فرانس میں انڈین ہائی کمیشن نے ٹوئٹر پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں ان رفال طیاروں کے پائلٹس کی بحفاظت لینڈنگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

فرانس کی حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت انڈیا کو کل 36 رفال طیارے ملنے ہیں۔

انڈین حکومت نے فرانس کی ڈاسو رفال کمپنی سے تقریباً 58 ہزار کروڑ روپے (نو ارب ڈالر) مالیت کے 36 رفال جنگی طیارے خریدنے کا سودا سنہ 2016 میں کیا تھا۔ معاہدے کے تحت سبھی 36 طیارے سنہ 2021 تک انڈیا کے حوالے کیے جانے ہیں۔

یاد رہے کہ انڈیا میں رفال طیاروں کے معاہدے سے متعلق بدعنوانی کے الزامات بھی لگتے رہے ہیں۔ رفال طیاروں کے سودے پر انڈیا میں کافی ہنگامہ ہوتا رہا ہے اور ایک وقت پر اسے مودی حکومت کے لیے سب سے بڑی مصیبت کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ معاملہ اس وقت ٹھنڈا ہوا جب سپریم کورٹ نے 2018 میں بی جے پی حکومت کو کلین چٹ دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کے رفال طیاروں کے معاہدے میں مبینہ کرپشن کے نئے دعوے، اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

رفال انڈیا کیسے پہنچا، اس کے پس منظر کی کہانی

کیا جے ایف 17 تھنڈر رفال طیاروں کا مقابلہ کر سکتے ہیں؟

چین کا چینگدو اور انڈیا کا رفال: کون سا طیارہ زیادہ جدید ہے؟

رفال میں کون سی خوبیاں ہیں؟

واضح رہے کہ رفال جوہری میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں دو طرح کے میزائل نصب ہو سکتے ہیں، ایک کا مار کرنے کا فاصلہ 150 کلومیٹر جبکہ دوسرے کا تقریباً 300 کلومیٹر ہے۔

جوہری اسلحے سے لیس ہونے کی صلاحیت رکھنے والا رفال طیارہ فضا میں 150 کلومیٹر تک میزائل داغ سکتا ہے جبکہ فضا سے زمین تک مار کرنے کی اس کی صلاحیت 300 کلومیٹر تک ہے۔

یہ انڈین فضائیہ کی جانب سے استعمال ہونے والے میراج 2000 کی جدید شکل ہے اور انڈین ایئر فورس کے پاس اس وقت 51 میراج 2000 طیارے ہیں۔

رفال بنانے والی کمپنی ڈاسو ایوی ایشن کے مطابق رفال کی حد رفتار 2020 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ طیارے کی اونچائی 5.30 میٹر اور لمبائی 15.30 میٹر ہے اور اس طیارے میں فضا میں بھی ایندھن بھرا جا سکتا ہے۔

رفال کو اب تک افغانستان، لیبیا، مالی، عراق اور شام جیسے ممالک میں ہونے والی کارروائیوں میں استعمال کیا جا چکا ہے۔

رفال اوپر، نیچے، دائیں اور بائیں ہر طرف نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یعنی اس کی وِزیبلٹی 360 ڈگری ہے۔

کئی طرح کی خوبیوں سے لیس رفال کو بین الاقوامی معاہدوں کے سبب جوہری اسلحے سے لیس نہیں کیا گیا تاہم کئی ماہرین کا خیال ہے کہ انڈیا میراج 2000 کی طرح رفال کو بھی اپنی ضرورت کے مطابق ڈھال لے گا۔

واضح رہے کہ دفاعی ماہرین رفال جنگی طیارے کو گیم چینجر سے تعبیر کرتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ان طیاروں کی شمولیت سے انڈیا کو اونچے فضائی محاذوں پر حملے کرنے میں چین پر برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ماہرین کا یہ بھی خیال ہے کہ اس طیارے میں جو میزائل اور بم نصب ہیں، ان کی ہدف پر وار کرنے کی غیر معمولی صلاحیت اسے منفرد بناتی ہے۔

رفال معاہدہ: شروع سے آخر تک

2001: فضائیہ کو مضبوط کرنے کے لیے انڈیا نے 126 جیٹ طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا۔

2007: ٹینڈر جاری کیے گئے۔

2008: بوئنگ، روس کی یونائیٹڈ ایئر کرافٹ کارپوریشن، سویڈن کی ساب اور فرانس کی ڈاسو ایوی ایشن نے دلچسپی ظاہر کی۔

2012: ڈاسو کی بولی سب سے کم تھی اور اس کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

2014: جب نریندر مودی وزیر اعظم منتخب ہوئے تو جیٹ طیارے خریدنے کے فیصلے کو مؤخر کر دیا گیا ۔

2015: فرانس کے دورے پر مودی نے 36 رفال جیٹ خریدنے کا اعلان کیا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp