اٹلی: پہلی مرتبہ کسی خاتون کا انٹیلیجنس چیف کے عہدے پر تقرر


ایلیسابیٹا بیلونی

ایلیسابیٹا بیلونی کی عمر 63 برس ہے اور اپنے طویل کیریئر میں وہ کئی عہدوں پر پہلی خاتون کی حیثیت سے مقرر ہو چکی ہیں۔

اٹلی میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو ملک کی سیکرٹ سروسز کی سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ ایلیسابیٹا بیلونی نامی یہ خاتون ایک سابق سفارت کار ہیں۔

بدھ کے روز وزیرِ اعظم ماریو دراغی نے اعلان کیا کہ ایلیسابیٹا بیلونی کو ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن سکیورٹی (ڈی آئی ایس) کا سربراہ مقرر کیا جا رہا ہے۔

یہ محکمہ بیرونِ ملک اور مقامی سطح پر کام کرنے والی اٹلی کی انٹیلیجنس سروسز کی نگرانی کرتا ہے اور براہ راست اٹلی کی حکومت کو جواب دہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

امریکہ میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر کون ہیں؟

سوات: فرنٹیئر کانسٹبلری میں پہلی خاتون افسر کی تعیناتی

ہندوستان کی پہلی خاتون وکیل جنھیں زہر دے کر مارنے کی کوشش کی گئی

ایلیسابیٹا بیلونی کی عمر 63 برس ہے اور اپنے طویل کیریئر میں وہ کئی عہدوں پر پہلی خاتون کی حیثیت سے مقرر ہو چکی ہیں۔

اٹلی کے کئی سیاستدانوں نے اس تقرری کا خیر مقدم کیا ہے جن میں لیگ پارٹی کے رہنما میٹیو سلووینی بھی شامل ہیں جنھوں نے ایلیسابیٹا بیلونی کو ’بہادر خاتون‘ کہا ہے۔

ایلیسابیٹا بیلونی سنہ 1958 میں پیدا ہوئیں۔ وہ میسیمیلانو ماسیمو جیسے معتبر انسٹیٹیوٹ میں داخل ہونے والی چند لڑکیوں میں شامل تھیں۔ اس زمانے میں اس ادارے پر مردوں کی اجارہ داری تھی۔ اٹلی کے موجودہ وزیرِ اعظم ماریو دراغی نے بھی یہیں سے تعلیم حاصل کی ہے۔

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا اور سلواکیا کے دارالحکومت بریٹیسلاوا میں سفارت کار کی حیثیت سے کام کرنے کے بعد انھوں نے سنہ 2004 سے 2008 تک اٹلی میں وزارتِ خارجہ کے کرائسس یونٹ کی سربراہی کی۔ وہ اس عہدے پر کام کرنے والی پہلی خاتون بھی تھیں۔

کرائسس یونٹ کی سربراہ کی حیثیت سے انھیں بیرونِ ملک ہلاک یا زخمی ہونے والے اٹلی کے شہریوں کے معاملات دیکھنے ہوتے تھے۔ ان میں افغانستان اور عراق میں اغوا ہونے والے افراد بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ سنہ 2004 میں بحرِ ہند کی تباہ کن سونامی میں متاثر ہونے والے اٹلی کے شہریوں کے لیے امدادی کارروائیاں بھی ان کے فرائض میں شامل تھیں۔

ایلیسابیٹا بیلونی وزارتِ خارجہ کی سیکریٹری جنرل بننے والی بھی پہلی خاتون تھیں۔ یہ اٹلی میں سفارتکاری کا سب سے بڑا عہدہ ہے اور اس وقت سے انھیں کے پاس ہے۔

اٹلی کا محکمہ ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن سکیورٹی (ڈی آئی ایس) نہ صرف بیرونِ ملک اور مقامی سطح پر انٹیلیجنس اور سکیورٹی کے معاملات کو دیکھتا ہے بلکہ انسدادِ جاسوسی اور سائبر سکیورٹی بھی اس محکمے کی ذمہ داری ہے۔

سنہ 2019 میں اٹلی کے اس وقت کے وزیرِ اعظم کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ انھوں نے ڈی آئی ایس کے سربراہ کو سنہ 2016 کے امریکی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات کے سلسلے میں امریکہ کے اٹارنی جنرل ولیم بار سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp