عمران دوبارہ وزیراعظم نہیں بن پائیں گے: حامی صحافیوں کا تجزیہ


وزیراعظم عمرا ن خان کے حامی صحافیوں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ عمران خان دوبارہ وزیر اعظم نہیں بن پائیں گے۔ چار سینئر صحافی جو وزیراعظم عمران خان کے حامی شمار کئے جاتے ہیں ان کے خیال میں عمران خان آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے حامی اور ان کے حق میں خبریں، تجزیئے اور تبصرے نشر کرنے والے پروگرام میں صحافی صابر شاکر نے برملا اعتراف کیا کہ میرے خیال میں مریم نواز اگلی وزیراعظم بنیں گی۔

پروگرام میں مسلم لیگ نون پر کڑی تنقید کرنے والے اور وزیراعظم عمران خان کے حامی سنیئر صحافی چوہدری غلام حسین نے صابر شاکر کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اگلی وزیر اعظم بن سکتی ہیں۔ صابر شاکر نے کہا کہ وزیر اعظم بننے کا انحصار خود مریم نواز پر بھی ہے اور صورتحال کی تبدیل پر بھی ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ عمران خان اگلی مرتبہ وزیرِ اعظم نہیں بن پائیں گے درمیان میں ایک بریک آئے گی چونکہ یہ ان کی پہلی اننگز تھی۔ وہ کھیل رہے ہیں اور سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں تو وہ ایک بار شکست سے دو چار ہوں گے، تاہم اس کے بعد وہ مزید طاقت ور بن کر آئیں گے اور پھر وزیراعظم بنیں گے۔

ایک اور صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا کہ 2023ء میں ایک اہم تبدیلی ہو گی، مریم نواز ملک کی اگلی وزیرِ اعظم بن سکتی ہیں اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف بھی ایک بار پھر اس عہدے کے لیے چوتھی بار منتخب ہو سکتے ہیں، تاہم یہ لوگ سیاسی طور پر اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اقتدار میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ عمران خان کی بطور وزیرِ اعظم پہلی اور آخری اننگ ہے ۔

اس موقع پر چوہدری غلام حسین نے پھر رائے تبدیل کی اور کہا کہ میرے خیال میں عمران خان دوبارہ وزیرِ اعظم بن جائیں گے۔ صحافی سمیع ابراہیم نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان جائیں عوام کے پاس اور کہیں کہ میرے پاس اکثریت نہیں تھی اور میں بلیک میل ہونے کے لیے تیار نہیں ہوں تو وہ چاہے ہار جائیں مگر ان کی ساکھ اور نیک نامی برقرار رہے گی۔ انہوں نے موجودہ نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں جو پنجاب میں ناکام ہوتا ہے، اسے مرکز میں لے جاتے ہیں اور جو مرکز میں ناکام ہوتا ہے اسے پنجاب میں لے جاتے ہیں، وہی 6 بندے گھما گھما کر آپ تبدیلی کا نام دیتے ہیں اور روزانہ آکر ابن خلدون کے لیکچر دنے لگ جائیں اور لوگوں کو ایمانداری کا درس دیں جبکہ غریب کی بھوک کا بھی احساس نہ ہو تو مجھے امید نہیں کہ آپ اپنی ساکھ برقرار رکھ پائیں گے اور اگر اسی طرح گفتگو کی حد تک معاملات چلانے ہیں اور کبھی ایک کی اور کبھی دوسرے کی بات مانتی تو میرے خیال میں عمران خان دوبارہ وزیرِ اعظم نہیں بن سکتے، یہ ان کی آخری ٹرم ہے۔

اس پر چوہدری غلام حسین نے کہا کہ اب تک کی کارکردگی دیکھی جائے تو عمران خان قیامت تک دوبارہ اقتدار میں نہیں آسکتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments