پاکستان میں جین مت کے پیروکار: سندھ میں ننگر پارکر سے قدیم مورتیاں برآمد، مورتیوں کی حیدر آباد منتقلی

ریاض سہیل - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


مندر

پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے ننگر پارکر سے ملنے والی جین مت کی دو مورتیوں کو ’کیمیکل پراسیس‘ کے ذریعے محفوظ بنانے کا فیصلے کے بعد ان سمیت چھ دیگر مورتیوں کو حیدر آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

سندھ کے صحرائی علاقے تھر کے قدیم شہر ننگر پارکر میں نصف درجن کے قریب جین مندر خستہ حالت میں موجود ہیں، جن کی بحالی کا کام محکمہ آثار قدیمہ اور سندھ اینڈومنٹ فنڈز کے ذمہ ہے۔

ننگر پارکر کی ایک طرف رن آف کچھ ہے تو دوسری طرف انڈیا کی ریاست گجرات۔ تقسیم سے قبل یہاں کے لوگوں کا انڈین ریاست گجرات سے سیاسی، سماجی، ثقافتی اور تجارتی تعلق رہا ہے۔

مگر ان مورتیوں کی حیدر آباد منتقلی پر تھر کی علمی و ادبی حلقوں نے اعتراض کیا ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مہم بھی چلائی گئی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان مورتیوں کو ننگر پارکر میوزیم میں رکھا جائے۔

اس پر محکمہ آثار قدیمہ کے ڈی جی منظور قناصرو نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک تو ان مورتیوں کی مرمت کرنی ہے، دوسرا اس وقت ننگر پارکر میں سٹاف نہیں۔ ’جیسے ہی وہاں سٹاف کی تعیناتی ہو گی، مورتیاں منتقل کردی جائیں گی۔‘

یہ بھی پڑھیے

موئن جو دڑو میں پجاری کے مجسمے کی توہین پر مقدمہ

’گھبرا کر تصاویر ہٹائیں، تفصیلات کے ساتھ دوبارہ شیئر کریں گے‘

کراچی: مندر پر حملہ، نامعلوم افراد کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ

جین

مورتیاں کیسے برآمد ہوئیں

ننگرپارکر شہر میں واقع قدیم جین مندر کی بحالی کے کام کے دوران وہاں سے پانچ مورتیاں برآمد ہوئی تھیں۔

سندھ اینڈومنٹ فنڈز سے منسلک مندر کی بحالی میں شریک ایک ماہر نے بتایا کہ بحالی کے دوران کھدائی کی گئی تو گربھاگرہ یعنی زیر زمین عبادت کے کمرے کا سراغ لگا، جس کا راستہ پتھر لگا کر بند کیا گیا تھا۔

وہ جب اندر داخل ہوئے تو دو فٹ کی سفید ماربل کی مورتی ملی جو جین مذہب کے اوتار مہاویر کی ہے۔

اس ماہر کے مطابق مندر کے ساتھ جو گئوشالہ ہے وہاں کھدائی کے دوران مزید پانچ مورتیاں ملیں، جو گولڈن سینڈ سٹون کی بنی ہوئی ہیں اور دس انچ سے لے کر دو فٹ کے قریب اونچی ہیں۔ یہ بھی مہاویر کی ہیں۔

مندر

ایک روز واپس لوٹیں گے

ننگرپاکر شہر میں واقع مندر کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے 13ویں صدی میں تعمیر کیا گیا۔ یہ مہاویر مندر تھا اور اسی کی پوجا کی جاتی تھی۔

یاد رہے کہ مہاویر یا مہاویرا جین دھرم کے چوبیسویوں اور آخری تیرتھانکر (گروؤں کا سلسلہ) ہیں، جن کی پیدائش چھٹی عیسوی میں بہار میں ہوئی تھی۔

سندھ اینڈومنٹ فنڈز کے ماہر کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا ہی لگتا ہے کہ جین دھرم کے لوگوں نے جب یہاں سے نقل مکانی کی تو اس سے قبل زیر زمین عبادت کے کمرے میں مہاویر کی مورتی رکھ کر دروازے کو بند کردیا ہو گا کیونکہ مندر کی یہی مرکزی مورتی ہے۔

ان کا خیال ہو گا کہ یہ یہاں محفوظ ہو گی اور جب صورتحال بہتر ہو گی اور وہ واپس آئیں گے تو اپنی اصل جگہ پر لگا سکیں گے۔

جین دھرم مندر میں ہندو دیوتا

ننگرپارکر اور اس کے آس پاس میں بھوڈیسر، ویراہ واہ میں جین دھرم کے کئی مندر ہیں، جن میں پتھر اور ماربل کا کام کیا گیا ہے۔ بعض کے اندر کہانیاں بھی بیان کی گئی ہیں تاہم کسی بھی مندر کے اندر مورت موجود نہیں۔

گوڑی مندر اور ننگرپارکر شہر کے مندر میں ہندو مذہب کے دیوتاؤں کی تصاویر لگائی ہوئی ہیں، جس سے ایسا لگتا ہے کہ یہ ہندو دھرم کے مندر ہیں۔

ایک قدیم مندر ویرا واہ شہر میں بھی واقع ہے۔

جین

سندھ اینڈومنٹ فنڈز کے ماہر کے مطابق یہ جین مندر شانتی ناتھا سے منسوب ہے، جو جین دھرم کی چھٹے تیرتھانکر تھے۔ ان کی پیدائش موجودہ میرٹھ شہر کے قریب شہر میں ہوئی تھی۔

اس ماہر کے مطابق سنہ 1971 کی جنگ میں یہ علاقہ انڈین فوج کے قبضے میں رہا اور وہ یہ مورتی اپنے ساتھ لے گئے جو اس وقت ممبئی میوزیم میں موجود ہے۔

پاکستان میں جین مت مذہب کے پیروکار

جین دھرم کے پانچ اہم اصول یہ ہیں: عدم تشدد، سچ گوئی، چوری نہ کرنا، پاکیزگی اور دولت کی لالچ سے خود کو دور رکھنا۔ اس دھرم کے پیروکار ماحول دوست تصور کیے جاتے تھے۔

ننگر پارکر کے رہائشی اللہ نواز کھوسو ان لوگوں میں تھے جنھوں نے جین دھرم والوں کو یہاں دیکھا تھا۔ ان کا چند برس قبل انتقال ہوا۔

انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بی بی سی کو بتایا تھا کہ جینی لوگ انسانوں کے علاوہ جانوروں کا بھی خیال رکھتے تھے۔ وہ صفائی کا بہت خیال رکھتے تھے اور سورج غروب ہونے سے قبل ہی کھانا کھا لیتے تھے۔

وہ گھروں میں بتی یا دِیا روشن نہیں کرتے تاکہ کیڑے مکوڑے اس سے جل کر ہلاک نہ ہو جائیں اور اس کے علاوہ جانوروں اور کتوں کو خوراک فراہم کرتے تھے۔

اللہ نواز کھوسو کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی نے جینی لوگوں کو آبائی علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا۔ پاکستان بننے کے سال میں وہ اپنی مورتیاں لے کر یہاں سے چلے گئے۔ باقی جو چند خاندان موجود تھے وہ بھی 1971 میں چلے گئے۔

مندر

جین مت کے پیروکاروں کا گڑھ

محکمہ نوادرات کے سابق سیکریٹری ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری کا کہنا ہے کہ ننگر پارکر اور پاری نگر جین دھرم والوں کا گڑھ رہا ہے۔

’اسلام کی آمد سے پہلے سے لے کر تیرھویں صدی تک جین کمیونٹی نے تجارت میں عروج حاصل کیا اور جب یہ کمیونٹی خوشحال ہوئی تو انھوں نے یہ مندر تعمیر کرائے۔‘

’موجودہ مندر بارہویں اور تیرہویں صدی کے بنے ہوئے ہیں۔‘

ویراہ واہ کے قریب رن آف کچھ کا علاقہ موجود ہے، کہا جاتا ہے کہ کسی زمانے میں یہاں سمندر بہتا تھا اور پاری نگر اس کی بندرگاہ تھی اور جین مت کے پیروکار اسی بحری راستے سے تجارت کرتے تھے۔

جین مندر

کلیم اللہ لاشاری کے مطابق سمندر کے رُخ تبدیل کرنے کے ساتھ یہاں کاروباری سرگرمیاں مانند پڑ گئیں، جس کے بعد ان لوگ کا دارومدار خشکی کے راستے پر ہو گیا جو بہت دشوار گزار تھا۔ اس لیے یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ تاجروں کو دشواری ہوئی۔

انڈیا میں جب بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر پر ایک تنازع اٹھ کھڑا ہوا تو اس کا رد عمل ننگر پارکر تک دیکھا گیا اور کچھ لوگوں نے جین مندروں کو نقصان پہنچایا۔

سنہ 2001 میں آنے والے زلزلے میں بھی ان مندروں کے کچھ حصے ٹوٹ گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp