سعودی عرب: مساجد میں لاؤڈ اسپیکرز کی آواز کم کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا؟


سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور نے مساجد کے اسپیکرز کی آواز کم کرنے اور اس کا صرف اذان و اقامت کے لیے استعمال کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔

وزیرِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کے شور کی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی وزارتِ مذہبی امور نے مساجد کے اسپیکرز کے حوالے سے اہم پالیسی نافذ کی تھی جس کے تحت اسپیکرز کی آواز کا اس کی ایک تہائی پر استعمال کیا جائے گا۔ جب کہ اسپیکرز صرف اذان اور نماز سے قبل اقامت کے لیے ہی استعمال ہوں گے۔

قبل ازیں مساجد میں پوری نماز کی ادائیگی کے دوران اسپیکر کھلے رہتے تھے۔

مساجد کے اسپیکرز کے استعمال کے حوالے سے وزیرِ مذہبی امور عبد الطیف الشیخ نے پیر کو ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی ان شکایات کے بعد کیا گیا ہے جو تیز آواز کو بچوں اور بڑی عمر کے افراد کے لیے پریشان کن قرار دیتے رہے ہیں۔

نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق عبد الطیف الشیخ کا کہنا تھا کہ وہ افراد جن کو نماز ادا کرنی ہوتی ہے وہ اذان کا انتظار نہیں کرتے بلکہ اس سے قبل ہی مسجد میں موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے اسپیکر کم سے کم استعمال کرنے کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کئی ٹی وی چینلز ایسے ہیں جو نماز اور قرآن کی تلاوت پیش کرتے ہیں۔

حکومت کی نئی پالیسی کا ایک جانب جہاں کئی مساجد میں خیرمقدم کیا گیا ہے تو سوشل میڈیا پر اس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق حالیہ پالیسی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان ملک میں بعض سماجی پابندیوں کو ختم کرتے ہوئے سیاسی اختلاف رائے سے سختی سے نمٹنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

محمد بن سلمان سعودی عرب کے موجودہ بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بیٹے ہیں۔ ان کو 2017 میں ملک کا ولی عہد بنایا گیا تھا اس وقت ان کی عمر صرف 31 برس تھی۔ اس کے بعد وہ ملک میں کئی پالیسیاں تبدیل کر چکے ہیں۔ جن میں سب سے بڑی تبدیلی 2017 میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینا قرار دی جاتی ہے۔ بعد ازاں خواتین کو شوہر کی اجازت کے بغیر کاروبار کرنے کی بھی اجازت دی گئی۔

گزشتہ برسوں میں سعودی عرب میں سنیما گھر کھولنے اور موسیقی کی تقربیات کا انعقاد، تفریحی مقامات پر عورتوں کو جانے کی اجازت دینا اور ان کے ڈرائیونگ کے حق کو تسلیم کرنا جیسی کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس طرح معاشی پالیسی میں تبدیلی کی جا رہی ہے اور ملک کی معیشت کا انحصار تیل سے ختم کیا جا رہا ہے جس کے لیے ’وژن 2030‘ کے نام سے منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ایسے میں مساجد میں اسپیکر کے استعمال پر لگائی گئی قدغن کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments