پاکستان کے پہلے ‘ملٹری ریئلٹی شو’ میں کیا ہو گا؟


پاکستان کا پہلا ملٹری ریئلٹی شو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بنایا گیا ہے جسے نجی ٹی وی چینل ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

عام طور پر اگر ریئلٹی شو کی بات کی جائے تو ہمارے ذہن میں میوزک یا کوئی گیم شو ہی آتا ہے، لیکن اب پاکستان کی فوج ملٹری ریئلٹی شو پیش کرنے جا رہی ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک کا پہلا ‘ملٹری ریئلٹی شو’ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور نجی ٹی وی چینل ‘ہم ٹی وی’ سے نشر کیا جائے گا۔

اس ضمن میں آئی ایس پی آر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ‘ملٹری ریئلٹی شو’ کے تین ٹیزر بھی جاری کیے ہیں۔

اس شو کو ’60 آورز ٹو گلوری:دی ملٹری رئیلٹی شو’ کا نام دیا گیا ہے۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ ‘ملٹری رئیلٹی شو’ کب نشر کیا جائے گا۔ اس حوالے سے آئی ایس پی آر نے کسی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا۔

یاد رہے کہ ریئلٹی شو دراصل ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے والے پروگرام کی ایک قسم ہے جو حقیقی کرداروں پر مبنی ہوتا ہے اور اس کا مقصد لوگوں کو تفریح اور معلومات فراہم کرنا ہوتا ہے۔

ملٹری ریئلٹی شو میں کیا ہو گا؟

آئی ایس پی آر کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق ملٹری ریئلٹی شو میں پاکستانی فوج کی سخت ترین ٹریننگ دکھائی جائے گی۔

’60 آورز آف گلوری، ملٹری ریئلٹی شو’ 25 اقساط پر مشتمل ہو گا۔

آئی ایس پی آر کی پوسٹ کے مطابق ملٹری شو کو ڈیزائن کرنے کا مقصد انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ سنسنی خیز اور ایڈونچر سے بھرپور مواد تخلیق کرنا ہے۔

دوسری جانب اس شو میں نوجوان اور ایڈوینچر کے شوقین افراد کو مائل کرنے کے لیے سوال و جواب کا سیشن بھی ہو گا۔

شو کی اقساط کے دوران ناظرین سے مقابلے سے متعلق آسان سوالات بھی پوچھے جائیں گے اور درست جواب دینے والے شخص کو پاکستان فوج کے سنسنی اور ایڈونچر سے بھرپور ‘بوٹ کیمپس’ میں جانے اور حصہ لینے کا موقع ملے گا جہاں ملٹری ٹریننگ کی جاتی ہے۔

ریئلٹی شو کے حوالے سے اداکار ہمایوں سعید کی جانب سے بھی ایک ٹوئٹ کی گئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ “وہ حقیقی ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔”

اداکار فیصل قریشی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ “مجھے حقیقی ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کا انتظار ہے۔”

علاوہ ازیں، اداکار اعجاز اسلم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اس ریئلٹی شو کے لیے بے حد پُر جوش ہیں۔

آئی ایس پی آر کی پروڈکشن میں اب تک کیا بن چکا ہے؟

آئی ایس پی آر کی جانب سے ہر سال یومِ آزادی، یومِ یکجہتی کشمیر اور دیگر خصوصی ایام کی مناسبت سے نغمے جاری کیے جاتے ہیں۔ ان نغموں میں ایک قوم ایک منزل، کشمیر ہوں میں، پاکستان زندہ باد، مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے شامل ہیں۔

نغموں کے علاوہ آئی ایس پی آر کی پروڈکشن میں متعدد ڈرامے بھی بنے ہیں جن میں عہدِ وفا، الفا براوو چارلی، فصیلِ جاں سے آگے اور اجالے سے پہلے شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے ماضی میں کئی دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئی ہیں۔ ان میں چراغِ راہ، سرفروش، اسٹوری آف پاکستان، واہگہ بارڈر نمایاں ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments