اسرائیل کو درپیش سکیورٹی چیلنجز میں ایران ’سرفہرست‘ ہے: موساد کے نئے سربراہ


اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے نئے سربراہ ڈیوڈ بارنیا نے کہا ہے کہ اسرائیل کو درپیش سکیورٹی چیلنجز میں ایران ’سرفہرست‘ ہے۔

’ہمیں یہ بات ببانگ دہل کہنی چاہیے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے مقاصد پورے کرنے کے لیے ابھی بھی کام کر رہا ہے۔‘

اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق منگل کو اپنی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ڈیوڈ بارنیا نے کہا کہ ایران اپنے جوہری ہتھیار تیار کرنے سے باز نہیں آئے گا ’چاہے وہ کسی جوہری معاہدے میں شامل ہو یا نہیں۔‘

اس سے ایک روز قبل موساد کے نئے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کے پیشرو یوسی کوہن نے اپنی الوداعی تقریب میں بھی اسرائیل اور ایران کے تعلقات پر بات کی تھی۔

اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا کہ اگر اسرائیل کو ’امریکہ سے تعلقات میں دراڑیں پڑنے اور ایران کے خطرے کو مٹا دینے میں سے کسی ایک کو چننا ہو، تو ہم اپنی بقا کو لاحق خطرے کو مٹا دینے کو فوقیت دیں گے۔’

یہ بھی پڑھیے

ایران کا سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل میں ملوث چند افراد کی گرفتاری کا دعویٰ

کیا ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف اسرائیل ’خفیہ جنگ‘ جاری رکھے ہوئے ہے؟

ایران: ’محسن فخری زادہ کو ریموٹ کنٹرول ہتھیار کے ذریعے ہلاک کیا گیا‘

انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ایران کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

بنیامن نتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے کہا کہ یہ اسرائیل کی بقا کے لیے خطرہ ہے اور ’یہ خطرہ ہمارے صیہونی منصوبے کو جاری رکھنے کے خلاف ہے اور ہم اس خطرے کا خاتمہ کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔‘

اس سے ایک روز قبل موساد کے نئے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کے پیشرو یوسی کوہن نے اپنی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل ایران کے ’دل‘ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

’ہم اپنے دشمن ایران کے دل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ ہم نے مسلسل اپنی کارروائیں جاری رکھیں تاکہ اس بارے میں معلومات حاصل کر سکیں اور اس کے رازوں کا پردہ چاک کر سکیں اور اس کی خود اعتمادی اور غرور کو زک پہنچا سکیں۔‘

اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یوسی کوہن کا یہ بیان ان کے پانچ سالہ دورِ سربراہی کے بارے میں تھا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس دوران ایران اور اس کے جوہری پروگرام کے خلاف اسرائیل کی خفیہ کارروائیوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔

یوسی کوہن کے ہی دور میں ایران کے جوہری پروگرام کے بانی کا قتل ہوا، ایران کے جوہری پلانٹس میں خفیہ دھماکے ہوئے اور ایران کے جوہری پروگرام کے آرکائیوز تک رسائی بھی حاصل کی گئی۔

اپنی الوادعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسی کوہن نے مزید کہا کہ ‘اسرائیلی کارروائیوں نے دنیا کے سامنے ایران کے جوہری پروگرام کی حقیقت آشکار کر دی اور ایران کے جھوٹ اور دھوکے بازی کو سب کے سامنے پیش کیا۔‘

موساد کے نئے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کون ہیں؟

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے نئے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایران اور لبنان کے عسکری گروپ حزب اللہ کے خلاف ایجنٹس جمع کرنے کے ماہر ہیں۔

موساد میں شمولیت سے قبل وہ اسرائیلی فوج کے اہم ترین سائریٹ مٹکال یونٹ یعنی سپیشل یونٹ میں کمانڈو تھے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈیوڈ بارنیا نے 1996 میں موساد میں شمولیت اختیار کی اور 2013 سے لے کر 2019 تک انھوں نے موساد کے ’زومیٹ‘ ڈیویژن کی سربراہی کی جس کا کام مخالفین کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹس کو چننا اور تربیت دینا ہے۔

اس کے بعد 56 سالہ ڈیوڈ بارنیا کو 2019 میں ترقی دے کر موساد کا نائب سربراہ مقرر کر دیا گیا۔

اسرائیلی فوجی سنسرشپ قوانین کے باعث وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کے دفتر سے باضابطہ اعلان سے قبل ڈیوڈ بارنیا کی نامزدگی کی خبر جاری نہیں کی جا سکتی تھی۔

ڈیوڈ بارنیا کی نامزدگی پہلے سے ہی متوقع تھی۔ گذشتہ برس دسمبر میں وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ کوڈ نیم ’ڈی‘ کے نام سے جانے گئے افسر کو یوسی کوہن کی جگہ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp