انگلینڈ کی کیمبرج شائر کاؤنٹی میں ایک اہم شاہراہ کو ٹماٹر کی چٹنی پھیلنے کی وجہ سے بند کرنا پڑا


مشرقی انگلینڈ میں ایک اہم شاہراہ پر دو ٹرکوں کے بیچ حادثے کے بعد وہاں ٹماٹر کی پیوری اور زیتون کا تیل پھیل گیا ہے۔

عام حالات میں ٹریفک حادثات لوگوں کو خوفزدہ کرتے ہیں اور سڑکوں پر دوسرے ڈرائیورز کے لیے تنبیہ کی علامت بن جاتے ہیں۔ مگر اس بار کچھ الگ دیکھنے کو ملا۔

منگل کو گوڈ مانچسٹر کی ایک مرکزی شاہراہ اے 14 پر دو ٹرکوں کی ٹکر نے سڑک کا رنگ سُرخ کر دیا تھا۔ ٹرکوں میں موجود ٹماٹر کی خالص چٹنی (پیوری) اور زیتون کا تیل اس سڑک پر پھیل گیا تھا جس کے بعد اس راستے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

ماحولیاتی تباہی: روس کا وہ دریا جو سرخ ہو گیا

بن کباب: ’عام آدمی کا برگر‘ جو کراچی والوں کی شناخت ہے

تیز رفتار کار مسجد الحرام کے دروازے سے ٹکرا گئی

اس حادثے میں ایک ٹرک ڈرائیور زخمی ہوا جسے حکام نے ہسپتال منتقل کیا مگر علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا۔

اس حادثے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کے باوجود لوگوں نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصرے لکھے۔ ایک صارف نے لکھا ‘یہ تباہ کن ہے۔ پیوری سِمپل۔’

بی بی سی ریڈیو ٹو کے سامعین نے سوال بھیجا جس کا مطلب یہ پوچھنا تھا کہ ‘کیا یہ راستہ کھل گیا ہے اور یہاں سے باحفاظت گزرنے کی جگہ ہے؟’

لیکن صارفین نے ’گزرنے‘ کے لیے انگریزی میں ’پاسٹ‘ کی جگہ ’پاستا‘ اور ’پساٹا‘ کا لفظ استعمال کیا جو ٹماٹر کی چٹنی کا ایک دوسرا نام ہے۔

ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں کہا ‘کچھ ڈرائیورز کو آج یہاں سے ’پاستا‘ پڑا۔ وہ تاخیر کے بعد کیچ اپ کر رہے ہیں۔’

جبکہ ڈیمیئن رائن نامی صارف کے مطابق یہ بہانہ اگر دفتر میں کسی باس کو بتایا گیا تو شاید وہ اس کا یقین نہیں کرے گا۔

حادثے کے بعد اس 23 میل (37 کلو میٹر) طویل سڑک کو بند کیا گیا مگر اب بحالی کے کام کے بعد اسے کھول دیا گیا ہے۔ ایک صارف کے مطابق ’اب سڑک سرخ نہیں رہی لہذا اسے کھول دیا گیا ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp