ہنیا عامر کے ساتھ انسٹاگرام لائیو کے دوران جنسی ہراس کا واقعہ: سوشل میڈیا پر پاکستانی معاشرے کے دوہرے معیار پر تنقید


’عورتوں سے نفرت کرنے والی دنیا میں ایک اور دن جہاں دوہرے معیار کو معصومیت پر فوقیت حاصل ہے اور جہاں دوسروں کی رائے کا احترام کرنے کا کوئی رواج نہیں۔ جہاں ایک عورت کی تحقیر کرنے والا مرد تو قابلِ تعریف ہے لیکن اگر عورت وہی کرتے تو اس سے نفرت کی جاتی ہے۔ جہاں اپنے پیاروں سے محبت کرنے سے پیار سے بات کرنے والی عورت تو غلط ہے لیکن انٹرنیٹ پر عورت کی تصویر کے سامنے مشت زنی کرنے والے مرد کی ویڈیو کو وائرل بنا دیا جاتا ہے۔‘

پاکستانی اداکارہ ہنیا عامر کے نام سے کون واقف نہیں۔۔۔ وہ سوشل میڈیا پر آئے روز اپنی مصروفیات کے بارے تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتی ہیں اور خبروں کی زینت بھی بنتی رہتی ہیں۔

یہ الفاظ اب سے چند گھنٹے قبل ہنیا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کے ساتھ پوسٹ کیے گئے ہیں۔ ویڈیو میں اداکارہ انتہائی غمگین حالت میں اپنی بہن کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے مسلسل اپنے آنسو پونچھتی نظر آ رہی ہیں۔

لیکن ایسا کیا ہوا کہ ہر وقت ہنستی مسکراتی اور ’فنی سٹوریز‘ پوسٹ کرنے والی ہنیا کو تنگ آ کر یہ سب کہنا پڑا؟

دو ویڈیوز کا معاملہ

گذشتہ جمعے کو ہنیا کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لائیو تھیں اور مداحوں سے گپ شپ لگا رہی تھیں۔ اسی دوران مبینہ طور پر اسی لائیو سیشن کے دوران کسی مداح نے ان کی تصویر کے سامنے مشت زنی کی۔

یہ سب اتنا ناقابلِ یقین تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے ہنیا کے چہرے کے تاثرات یکدم بدل گئے اور انھیں نے لائیو سیشن بند کر دیا۔

اس کے فوراً بعد کسی نے اس لائیو سیشن کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی جو پچھلے 24 گھنٹوں سے وائرل ہے۔ تاہم تاحال اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کی جا سکی اور کچھ صارفین کا ماننا ہے کہ یہ ویڈیو فیک اور ایڈیٹڈ ہے۔

تاہم یہ صرف اسی ویڈیو کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ اس معاملے میں ایک اور ویڈیو بھی شامل ہے۔ ہنیا کی ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ ڈائریکٹر وجاہت راؤف کے بیٹوں عاشر وجاہت اور نائل وجاہت کے ساتھ گلوکار حسن رحیم کے گانے ’تیری آرزو‘ گا رہی ہیں۔

یاد رہے ہنیا اکثر اپنی پوسٹس میں ڈائریکٹر وجاہت کے بیٹوں اور ان کی اہلیہ کو ’فیملی‘ کا حصہ قرار دیتی ہیں اور مذکورہ ویڈیو کے ساتھ بھی انھوں نے کہا تھا ’اپنے بھائی کو ایسے سنبھالا جاتا ہے کہ جب وہ 101 بخار میں تپ رہا ہو۔‘

جہاں بیشتر صارفین لائیو سیشن میں ہنیا عامر کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے والے رویے کی مذمت کر رہے ہیں وہیں کئی صارفین وجاہت راؤف کے بیٹوں کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کی بنیاد پر ہنیا پر ’بے حیائی اور فحاشی پھیلانے‘ کا الزام عائد کرتے نظر آ رہے ہیں اور ان دونوں ویڈیوز کی بنیاد پر ہنیا گذشتہ دو دنوں سے پاکستان کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہیں۔

’ہم کیسے مایوس لوگ ہیں؟ اس بیچاری کی ہنسی ایک سیکنڈ میں غائب ہو گئی‘

کچھ صارفین پاکستانی معاشرے کے اس دوہرے معیار پر بحث کر رہے ہیں جہاں وجاہت راؤف کے بیٹوں کو گلے لگانے والی ویڈیو کی بنا پر ہنیا پر تنقید تو جائز ہے لیکن کوئی ان کے ساتھ ہونے والی ہراسانی پر بات نہیں کر رہا۔

اسی حوالے سے خالد نامی صارف نے لکھا ’حیا اور اصولوں کی وجہ سے کوئی اس بارے میں بات نہیں کر رہا ہے۔ اور چند دن قبل یہی قوم ملالہ یوسفزی کو لیکچر دے رہی تھی کہ انھیں کیا کرنا اور کیا نہیں کرنا چاہے۔‘

ہدا اسماعیل نے ہنیا کی دونوں ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہنیا کو مرضی کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا اختیار حاصل ہے۔ لیکن ان کے ساتھ جو ہوا اس پر کوئی بات کیوں نہیں کر رہا؟ کیا اتنے مداحوں کے سامنے ایک لڑکی کو ہراساں کرنا صیحح ہے؟‘

صدیقہ نے تبصرہ کیا: افسوس ہے اس قوم پر۔ ہانیہ عامر کے لائیو سیشن میں جو ہوا وہ ان سب خواتین کے لیے ایک ریڈ سگنل ہے جو مداحوں کو جوائن کرنے دیتی ہیں۔ آپ کو کسی کی تحقیر کرنے کا کوئی کا حق نہیں ہے چاہے وہ عوامی شخصیت ہی کیوں نہ ہوں۔ یہ آپ کی اخلاقیات اور اقدار کو ظاہر کرتا ہے۔‘

دانش حسن نے لکھا ’ہنیا کے ساتھ جو ہوا وہ انتہائی قابلِ مذمت ہے اور اوپر سے لوگ ہنیا کو موردِ الزام ٹھراتے ہوئے ہنس رہے ہیں؟‘

شیخ نامی صارف نے تبصرہ کیا ’ہم کیسے مایوس لوگ ہیں؟ اس بیچاری کی ہنسی ایک سیکنڈ میں غائب ہو گئی اور اس نے لائیو بند کر دیا۔۔ میرے پاس کوئی الفاظ نہیں اور اب تو ان لوگوں کی ہدایت کے لیے دعا کرنے کا بھی دل نہیں کرتا۔‘

کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ہنیا کو لائیو سیشن کے دوران ان کی تصویر پر اپنی ہوس نکالنے والے شخص کو ڈھونڈ کر اس پر مقدمہ درج کروانا چاہیے۔

ملائکہ نامی صارف نے اس حوالے سے ایک تھریڈ پوسٹ کیا جس میں انھوں نے ہنیا کو ہراساں کرنے کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا مذاق اڑانے اور ٹرول کر کے انھیں ذہنی اذیت دینے والوں پر شدید تنقید کی۔

یہ بھی پڑھیے

’لوگوں کی کمزوریوں کا مذاق اڑانا غلط ہے‘

’تم تم‘: ’ایک اور گانا جس میں عورتوں کو بے وفا اور گولڈ ڈِگر دکھایا گیا ہے‘

رنگت سے متعلق ہنیا عامر کا پیغام: ’خدارا! فلٹر کو چھوڑیں اخلاقیات کے پیغام پر غور کریں‘

انھوں نے لکھا ’آخر ہنیا کی کیا غلطی تھی؟ اس معاشرے میں لڑکی ہونا ایک گالی ہے۔ ہنیا جس ذہنی اذیت سے گزر رہی ہے میں اس کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔ ایک لڑکی کی حیثیت سے ان کے ساتھ جو ہوا وہ بدترین مثال ہے۔‘

’ہم ہمیشہ یہی کرتے ہیں اور پھر ایسے ظاہر کرتے ہیں جیسے ہم نے کچھ نہیں کیا۔ ایک معاشرے کی حیثیت سے ہم ناکام ہو گئے ہیں۔ ہم کسی شخص کو اتنی ذہنی اذیت دیتے ہیں کہ وہ خودکشی کر لے اور پھر ہم ایسا ظاہر کرتے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔‘

کچھ صارفین سوشل میڈیا ٹرولنگ کے ذہنی اثرات پر بھی بات کرتے نظر آئے۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ آپ کا مذاق اور ٹرولنگ کسی کی جان بھی لے سکتی ہے لہٰذا انٹرنیٹ پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

ہنیا عامر سوشل میڈیا پر اکثر اپنی ذاتی زندگی شئیر کرتی رہتی ہیں اور کسی نہ کسی بنا پر زیرِ بحث رہتی ہیں۔

اسی جانب اشارہ کرتے ہوئے ثانیہ گلزار نامی صارف نے تبصرہ کیا: مسئلہ تب بنتا ہے جب آپ سب کچھ شئیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ اپنی زندگی جتنی زیادہ شئیر کرنے کی کوشش کریں گی اتنا ہی تنقید کا نشانہ بنیں گی لہذا لوگوں سے ہمدردی طلب کرنے کے بجائے زندگی میں کچھ اصولوں اور نظم و ضبط پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔

یسری نامی صارف بھی ایسے ہی خیالات رکھتی ہیں۔ انھوں نے لکھا: آپ اپنی جگہ صحیح ہیں۔ لیکن کوئی چیز سوشل میڈیا پر ڈالے بغیر بھی آپ اپنے پیاروں کا خیال رکھ سکتے ہیں۔۔ ہر چیز سوشل میڈیا پر ڈالنا ضروری نہیں ہوتا۔

کئی صارفین کا کہنا ہے کہ ہنیا اکثر اپنے دوستوں کے ساتھ لطف اندوز ہوتے ہوئے ’فنی ویڈیوز‘ پوسٹ کرتی ہیں لیکن تنقید کرنے والے انھیں نیچا دکھانے اور ان کی خوشی برباد کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

یاد رہے کہ اگست 2018 میں بھی ہنیا اپنے مداحوں کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت کر چکی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ مشہور شخصیت ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم عوامی ملکیت ہیں اور مداحوں کے بھیس میں آکر مرد ہمیں ہراساں کر سکتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسی حرکت کرنے والوں کو کس طرح مداح کہا جا سکتا ہے جو ہماری محبت کے جواب میں ہمیں جنسی ہراس کا نشانہ بنا کر ہمیں شرمندہ کرنے، تکلیف دینے اور ذہنی پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔

ہنیا عامر سوشل میڈیا کا استعمال کیوں کرتی ہیں؟

ایک روز قبل ہنیا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال کیوں کرتی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کی چھوٹی چھوٹی باتیں شیئر کرتی ہیں جو کچھ لوگوں کو پسند آتی ہیں جبکہ کچھ صارفین سوچتے ہیں کہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے۔‘

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی ذاتی زندگی اس لیے شیئر کرتی ہیں تاکہ ان کا اپنے مداحوں سے رابطہ برقرار رہے۔

ہنیا نے لکھا کہ میں یہاں مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے موجود ہوں، مجھے ایسی لڑکی کے طور پر یاد رکھیں جس نے اپنی معنی خیز گفتگو سے آپ کے دلوں کو چھو لیا اور جو مہربان، رحم دل اور محبت کرنے والی ہے۔

’مجھے ایسی لڑکی کے طور پر یاد رکھیں جس نے اپنی زندگی میں آنے والے چیلنجوں سے قطع نظر ہر لمحے سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp