صوبہ سندھ میں ڈہرکی کے قریب ٹرین حادثہ، کم از کم 20 افراد ہلاک


سکھر مارچ 2021

(فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ سندھ میں ڈہرکی کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس میں تصادم کے باعث کم از کم 20 افراد ہلاک اور درجنوں مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شدید زخمی مسافروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جارہی تھی۔

حادثے کے بعد ملت ایکسپریس کی آٹھ اور سرسید ایکسپریس کی انجن سمیت تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جبکہ کچھ بوگیاں کھائی میں جا گریں۔

حادثہ گھوٹکی کے نزدیک ڈہرکی اور ریتی کے ریلوے سٹیشن کے درمیان میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔

ڈپٹی کشمنر گھوٹکی عثمان عبداللہ کے مطابق کم از کم 40 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق اب تک کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیوں کے لیے بھاری مشینری کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں حالیہ برسوں میں ریلوے کے متعدد حادثات رونما ہوتے رہے ہیں اور ان میں متعدد افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اس سال مارچ میں کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس روہڑی شہر کے نزدیک پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 30 افراد زخمی اور کم از کم ایک شخص کی ہلاکت ہوئی تھی۔

گذشتہ برس فروری میں پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر روہڑی میں کراچی سے لاہور جانے والی پاکستان ایکسپریس اور ایک بس کے درمیان تصادم میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس سے قبل نومبر 2019 میں پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے حادثے میں کم از کم 74 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp