شہزادہ ہیری اور میگھن کے ہاں بیٹی کی پیدائش


برطانیہ کے شاہی خاندان کو خیرباد کہنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں جمعے کو بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ہیری اور میگھن کے ہاں دوسرے بچے (بیٹی) کی پیدائش امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ہوئی ہے اور جوڑے نے اپنی بیٹی کا نام ‘للی بیٹ للی ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر’ رکھا ہے۔

ہیری اور میگھن مارکل نے اپنی بیٹی کا نام شہزادے کی پَر دادی کی عرفیت ‘للی بیٹ’ اور اپنی والدہ لیڈی ڈیانا کے نام پر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری کی والدہ لیڈی ڈیانا 1997 میں 36 برس کی عمر میں کار حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔

ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسکس نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ “اس خاص وقت میں ہم پر مہربانی کرنے اور ہمارے خاندان کی حمایت کرنے پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔”

انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ ہماری بچی اس سے بھی بڑھ کر ہے جس کا ہم تصور کر رہے تھے اور ہم دنیا بھر سے موصول ہونے والی محبت اور دعاؤں کے مشکور ہیں۔

جوڑے کے ترجمان نے بتایا کہ “ہیری اور میگھن کی بیٹی کیلی فورنیا کے اسپتال سانتا باربرا میں صبح 11 بج کر 40 منٹ پر پیدا ہوئی ہیں جن کا وزن سات پاؤنڈ اور 11 اونس ہے۔”

ہیری اور میگھن کی بیٹی برطانیہ کی ملکہ بننے کے لیے آٹھویں نمبر پر ہیں۔

برطانیہ کے بکنگھم پیلس کے ترجمان نے ملکہ کو بتایا ہے کہ ہیری کے والد پرنس چارلس، ان کے بھائی پرنس ولیم اور خاندان کے دیگر افراد کو مطلع کیا گیا ہے اور وہ ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسکس کی بیٹی کی پیدائش کی خبر سے بہت خوش ہیں۔

تاہم جوڑے کی جانب سے اپنی بیٹی کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی جب کہ ان کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو ان کی نومولود کو تحفے بھیجنے کے خواہاں ہیں وہ اس کے بدلے ایسی تنظیمیں جو خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے لیے کام کر رہی ہیں، ان کی مدد کریں۔

دوسری جانب برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے بھی ٹوئٹر پیغام کے ذریعے جوڑے کو بیٹی کی پیدائش پر مبارک باد دی ہے۔

واضح رہے کہ ہیری اور میگھن کی شادی مئی 2018 میں ہوئی تھی اور ایک سال بعد اُن کے ہاں بیٹے آرچی کی ولادت ہوئی۔ میگھن مارکل کا جولائی 2020 میں حمل بھی ضائع ہوا تھا۔

بعد ازاں مارچ 2020 میں میگھن اور ہیری شاہی ذمے داریوں سے دست بردار ہو گئے تھے جس کے بعد اب جوڑا امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مقیم ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments