کرونا پابندیوں میں نرمی، بالی وڈ فلموں کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — عالمی وبا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک بھارت میں کرونا کے یومیہ کیسز میں بتدریج کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے بعد اب متعدد ریاستوں میں نافذ پابندیوں میں نرمی کا سلسلہ جاری ہے۔

لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر میں جہاں دیگر سرگرمیاں متاثر ہوئی وہیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

بھارت میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر بالی وڈ کی متعدد فلموں کی شوٹنگ روک دی گئی تھی جن میں اداکار اکشے کمار کی فلم ‘رام سیتو’، اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’، اداکار کارتک آریان کی فلم ‘بھول بھلیاں ٹو’ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

اب کئی ہفتوں بعد بھارت کے دارالحکومت دہلی، فلمی دنیا کے مرکز ممبئیاور تامل ناڈو سمیت دیگر ریاستوں میں سات جون سے لاک ڈاؤن کے تحت نافذ پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو ممبئی میں فلم اور ٹی وی کے لیے شوٹنگ کی اجازت دی تھی۔

ادھو ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ فلم اور ٹی وی کی شوٹنگ کے لیے پروڈیوسرز کو کرونا کی ایس او پیز پر عمل کرنے کو یقینی بنانا ہو گا۔

عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگوبائی کاٹھیاواڑی’ کی شوٹنگ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

بھارتی اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا’ کے مطابق بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز 15 جون سے کیا جائے گا۔

اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی شوٹنگ اس وقت روک دی گئی تھی جب اپریل میں عالیہ بھٹ کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

یاد رہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’ کی ریلیز کی تاریخ 30 جولائی کو شیڈول ہے۔ فلم کی ہدایت سنجے لیلا بھنسالی نے دی ہے۔

‘گنگو بائی کاٹھیاواڑی’کی کہانی ایس حسین زید کی کتاب ‘مافیا کوئنز آف ممبئی’ سے لی گئی ہے جو ایک ایسی لڑکی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جسے جسم فروشی کے لیے فروخت کر دیا جاتا ہے۔

فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ سمید اداکار اجے دیوگن اور عمران ہاشمی سمیت دیگر فن کار اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

عامر خان کے بیٹے کی فلم ‘مہاراجہ’ کی شوٹنگ کا آغاز

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بالی وڈ کے مشہور اداکار عامر خان کے بیٹے جنید خان کی ڈیبیو فلم ‘مہاراجہ’ کی شوٹنگ کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ‘بالی وڈ ہنگامہ’ کے مطابق فلم کی شوٹنگ کا آغاز 15 فروری سے ہوا تھا جو کہ ملک میں کرونا کیسز میں اضافے کے سبب تعطل کا شکار ہو گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق شوٹنگ کے دوران سیٹ پر کم سے کم لوگوں کے ساتھ کام کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جب کہ اتوار کو فلم کی ٹیم کے 100 ممبران بشمول وہ افراد جنہوں نے کرونا ویکسین کی ایک خوراک حاصل کر لی ہے، کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

فلم ‘مہاراجہ’ کی ہدایت سدھارتھ پی ملہوترا کی جانب سے دی جا رہی ہے جب کہ یہ اداکار عامر خان کے بیٹے جنید خان کی پہلی فلم ہےجس کی کہانی 1862 کے مہاراج لیبل کیس کے گرد گھومتی ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments