سائبریا میں 24 ہزار سال منجمد رہنے کے بعد کثیر خلوی جاندار دوبارہ متحرک ہو گیا


سائنسی تحقیق

PA Media

ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق سائبیریا میں 24 ہزار سال منجمد رہنے کے بعد بھی خرد بینی کثیر خلوی جاندار ڈیلائڈ روٹیفر زندگی کی طرف واپس لوٹ آیا۔

سائنسدانوں نے ڈیلائڈ روٹیفر نامی اس جاندار کو دریائے عالیزہ سے کھود کر نکالا ہے۔ ہزاروں برس بعد جب یہ جمی ہوئی حالت سے باہر آیا تو بغیر سیکس کے افزائش نسل کے قابل تھا۔

اس سے قبل ہونے والی تحقیق میں کہا گیا تھا کہ یہ 10 سال تک اس حالت میں زندہ رہ سکتے ہیں۔ پیر کو کرنٹ بائیولوجی نامی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق یہ خلیے اگر لامتناہی مدت کے لیے نہیں بھی تو کئی ہزار سال تک زندہ رہ سکتے ہیں۔

روس کے ’انسٹیٹیوٹ آف سائیکوکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل پرابلمز اِن سوائل سائنس‘ کے سٹاس ملاوین نے پریس ایسوسی ایشن کو بتایا کہ اس تحقیق کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ کثیرخلوی جاندار کئی ہزار سال تک منجمد رہنے کے بعد بھی واپس زندگی میں پہلے کی طرح آ جاتے ہیں جو کہ افسانہ نگاروں کے لیے ایک خواب کی تکمیل کے برابر ہے۔

ان کے مطابق ابھی یہ دیکھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ یہ سب کس طرح ممکن ہو سکا ہے۔ سائنسدانوں نے اس عمل کے مشاہدے کے لیے درجنوں جانوروں کو ایک لیبارٹری میں منجمد کیا اور پھر پگھلایا۔

یہ بھی پڑھیے

مرتے وقت دماغ میں کیا ہوتا ہے؟

آپ پانی کے بغیر کتنی دیر تک زندہ رہ سکتے ہیں

’انسانی دماغ میں خلیوں کی تعداد کہکشاں کے تاروں سے بھی زیادہ‘

ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کے مطابق اس ڈیلائڈ روٹیفر کی عمر 23،960 سے لے کر 24،485 سال کے درمیان ہو سکتی ہے۔

ڈیلائڈ روٹیفر دنیا بھر میں تازہ پانی میں پائے جاتے ہیں۔ ان کے نام کے ساتھ روٹیفر ایک لاطینی زبان سے لیا گیا ہے جس کا مطلب ہوتا ہے کہ ’پہیے والا‘۔

ان خلیوں کی خاص بات انتہائی شدید ناموافق حالات میں بھی زندہ رہنا ہوتا ہے۔ نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یہ زمین پر ریڈیائی شعاعوں کا مقابلہ کرنے کی سب سے زیادہ صلاحیت رکھنے والے جانداروں میں شامل ہیں اور اس کے علاوہ کم آکسیجن، خوراک کی کمی، تیزابیت کی زیادتی کے ساتھ اور کئی برس تک جسم میں پانی کی کمی کے باوجود زندہ رہ سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp