سہ ماہی لاہور کا اجرا


ادبی رسائل و جرائد کی اہمیت ظاہر و باہر ہے۔ جمالیاتی حظ کی دستیابی کا ذریعہ تو یہ ہیں ہی، کسی معاشرے کے کلچر کی حیات پذیری کے آئینہ دار بھی ہیں۔ یہی ادبی جرائد ہیں جن کے توسط سے دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والی بلند پایہ ادیب شخصیات کا شاہکار ادب ان کے قارئین تک پہنچتا رہا ہے۔ اس اعتبار سے دنیا بھر کے ادب میں ان جرائد کو سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔

لیکن ادبی جرائد کی تمام تر خصوصیات کے با وصف کم مایہ ادبی لکھتوں کی ارزانی بھی اپنی جگہ ایک حقیقت ہے۔ اس کی بنیادی وجہ کتاب خوانی کے رجحان میں نمایاں کمی ہے۔ نہ صرف یہ کہ قارئین میں کتاب کا شوق کم ہوا ہے بلکہ ادبی جرائد کے بیشتر مدیر ان اور دیگر شریک کار ادیب دوستوں میں سے اکثریت کی دلچسپی بھی تخلیقی ادب میں نئے امکانات کی جستجو سے ہٹ کر فروعی ادبی مباحث سے قریب ہو گئی ہے۔

اس تناظر سے دیکھا جائے تو سہ ماہی ادبی رسالے ”لاہور“ کی اشاعت تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ ”لاہور“ کے مدیران نہ صرف یہ کہ ادب کے رسیا ہیں اور ادبی اصناف کی گہری بصیرت رکھتے ہیں بلکہ وہ ایسے ادبی مباحث سے گریز کا عندیہ دے چکے ہیں جن سے اردو ادب میں کسی نئے نقطہ نظر کے سامنے آنے اور اسے سمجھنے کی کوشش کے امکانات وا نہیں ہوتے۔

رسالے میں مشرقی اور مغربی پنجاب کے ادبی تراجم پر خاص توجہ دی گئی ہے اور اس کے لئے بالخصوص ایک گوشہ مختص کیا گیا ہے۔ بقول مدیر پنجاب بھر کے ادبی متون کے اردو تراجم کی کاوش کے پیچھے کار فرما خیال دراصل دونوں زبانوں کے مابین موجود لسانی تعلق کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کی خواہش ہے۔ اس کے علاوہ معاصر اردو نثری نظم اور فکشن کے انتخاب کے ساتھ ساتھ عالمی ادب سے اب تک بوجوہ نظر انداز کی گئی فکشن اور نان فکشن تحریروں کو ”لاہور“ اردو قارئین کے لئے ترجمہ کرے گا۔

لاہور کے پہلے شمارے کی قیمت 350 روپے ہے جبکہ سالانہ سبسکرپشن کی صورت میں آپ 1000 روپے میں چار سہ ماہی پرچے حاصل کر سکتے ہیں۔ بکنگ کے لئے درج ذیل واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے
03361483080


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments