نیو جرسی سٹیٹ اسمبلی کے دو حلقوں سے پارٹی چناؤ میں پاکستانی امریکن شمع حیدر اور صدف جعفر کامیاب۔


ڈیموکریٹک پارٹی نامزدگی (ٹکٹ) کے لیے شمع حیدر نے نیو جرسی سٹیٹ اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 37 اور صدف جعفر نے ڈسٹرکٹ 16 سے اپنے مخالف پارٹی امیدواروں کو واضح اکثریت سے ہرا کر اپنے اپنے پینل سمیت تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

8 جون کو امریکی ریاست نیو جرسی کے گورنر فل مرفی، سٹیٹ سینیٹرز، بعض دیگر ریاستی عہدیداروں، مئیرز سمیت سٹیٹ اسمبلی کے 40 ڈسٹرکٹ میں ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹیوں کے پرائمری انتخابات ہوئے۔ جس میں ڈیموکریٹک پارٹی سے دو پاکستانی امریکن خواتین صدف جعفر اور شمع حیدر بھی واضح اکثریت سے اپنے اپنے پرائمری انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں کوئی بھی انتخاب جیتنے کے لیے ”پرائمریز“ کامیابی کی پہلی سیڑھی ہوتے ہیں۔

پارٹی چناؤ جیتنے کے بعد اب صدف جعفر اور شمع حیدر کا مقابلہ رواں سال 2 نومبر کو ری پبلکن پارٹی کے امیدواروں سے عام انتخابات کے لیے ہوگا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے گورنر کے لیے امیدوار فل مرفی پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ اب ان کا مقابلہ ری پبلکن پارٹی کے پرائمری انتخاب جیتنے والے جیک سیٹرلی سے نومبر میں ہو گا۔

نیو جرسی سٹیٹ اسمبلی کے دونوں اضلاع، ڈسٹرکٹ 16 اور ڈسٹرکٹ 37 میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ووٹروں کی اکثریت ہے۔ اس لیے غالب امکان ہے کہ شمع حیدر اور صدف جعفر 2 نومبر کو باآسانی اپنے انتخابات جیت کر ریاست نیو جرسی میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گی۔

واضح رہے کہ قبل ازیں شمع حیدر نیو جرسی کی بورو Tenafly اور ”اینگل وڈ“ سٹی سے کونسل ویمن منتخب ہو چکی ہیں۔ جبکہ صدف جعفر نیو جرسی کی ”سدرن سمرسٹ کاؤنٹی“ کی ”منٹگمری ٹاؤن شپ“ میں بطور میئر دو ٹرمز کے لیے کام کر چکی ہیں۔

نیو جرسی سٹیٹ کے ڈسٹرکٹ 16 سے جیتنے والی صدف جعفر نے جیت کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ”مجھے اس بات پر فخر ہے کہ نیو جرسی کے ( ایل ڈی۔ 16 ) میں مجھے ڈیموکریٹک ووٹرز کی حمایت حاصل ہے اور اب وہ نومبر میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنی کامیابی کی منتظر ہیں“ ۔

شمع حیدر نے نیو جرسی کی سٹیٹ اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 37 سے اپنی تاریخی کامیابی کے بعد ایک فیس بک پیغام میں کہا کہ ”ہم جیت گئے۔ نیو جرسی سٹیٹ کے لیے سینیٹر جانسن، وہ (شمع حیدر) اور ایلن پارک کی پارٹی ٹکٹوں کے لیے فتح نے نیو جرسی میں تاریخ رقم کی ہے“ ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments