دہلی ہائی کورٹ: سوشانت سنگ کی زندگی پر بننے والی فلموں کے خلاف دائر والد کی درخواست خارج


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — گزشتہ برس جون میں خود کشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی زندگی پر بننے والی فلم کی ریلیز سے ایک دن قبل دہلی ہائی کورٹ نے اداکار کے والد کی بیٹے کی زندگی پر بننے والی فلموں کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی ہے۔

اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی زندگی پر مبنی فلم ‘نیائے، دی جسٹس’ وکاس پروڈکشنز کے بینر تلے 11 جون کو ریلیز کی جائے گی۔

فلم ‘نیائے، دی جسٹس’ کی ہدایت کاری دلیپ گلاٹی نے کی ہے جب کہ فلم کی پروڈیوسر سارلا اے سراؤگی اور راہل شرما ہیں۔

فلم کی کہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جس میں مرکزی کردار اداکار زبیر کے خان نے ادا کیا ہے۔​ وہ ‘نیائے، دی جسٹس’ میں ​مہندر سنگھ نامی لڑکے کی کہانی کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کا تعلق ایک چھوٹے شہر سے ہوتا ہے۔

اس فلم سے قبل گزشتہ سال جون میں بھارتی فلم ساز وجے شیکھر گپت نے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی زندگی پر مبنی فلم ‘سوسائیڈ اور مرڈر’ (خود کشی یا قتل) بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اس ضمن میں اداکار سوشانت سنگھ کے والد نے اپنے بیٹے کی زندگی پر مبنی فلموں کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جو جمعرات کو خارج کر دی گئی ہے۔

بھارت کے قانونی خبروں سے متعلق آن لائن پورٹل ‘بار اینڈ بینچ’ کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کی جانب سے بیٹے کی ذاتی زندگی پر مبنی فلموں کے خلاف دائر درخواست پر عبوری حکم نامہ جسٹس سنجیو نارولا کی بینچ نے سنایا ہے۔

بھارتی اخبار ‘فری پریس جنرل’ کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کرشنا کشور سنگ نے بیٹے کی زندگی پر بننے والی متعدد فلموں کے اعلان کے بعد اپریل میں درخواست دائر کی تھی۔

سوشانت کے والد کی درخواست میں رواں سال 11 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ‘نیائے، دی جسٹس’، ‘سوسائڈ یا مرڈر: آ اسٹار واز لوسٹ’ اور ‘شاشانک’ کا نام درج تھا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ متعدد فلمیں اور اس طرح کا دیگر مواد ان کے بیٹے اور اہلِ خانہ کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست خارج کرنے کے فیصلے پر سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن پریانکا سنگھ کا ردِ عمل بھی سامنے آیا ہے۔

پریانکا سنگھ راجپوت نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ‘جسٹس فار ایس ایس آر’ استعمال کرتے ہوئے لکھا “انتہائی حیران اور تباہ کن۔”

واضح رہے کہ بالی وڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ برس 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں اسے خود کشی قرار دیا تھا۔

سوشانت سنگھ راجپوت نے ٹی وی سیریز ‘پوتر رشتہ’ میں مانوو دیش مکھ کے کردار سے شہرت حاصل کی تھی۔

دو ہزار تیرہ میں سوشانت نے فلم نگری کا رخ کیا اور ‘کائے پوچی،’ ‘شدھ دیسی رومانس‘، ‘ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری،’ ‘ڈرائیو’ اور ‘دل بیچارا’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments