بجٹ تقریر کے دوران ہلڑ بازی: سوشل میڈیا پر حکومتی اراکین کی جانب سے ’غیر اخلاقی‘ زبان کے استعمال پر تنقید


حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے گذشتہ روز قومی اسمبلی میں اپنے دورِ حکومت کا تیسرا بجٹ پیش کیا، لیکن ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی معاشی امور پر بحث سے زیادہ بات بجٹ تقریر کے دوران اور اس کے بعد ہونے والے ہلڑ بازی پر کی جا رہی ہے۔

تاہم اس مرتبہ جو بات نئی ہے وہ یہ کہ گذشتہ چند برسوں کے بر عکس حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی بجائے اس ہلڑ بازی اور شورشرابے کی وجہ خود حکومتی اراکین بنے۔

اس حوالے سے دو ویڈیوز پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث کی جا رہی ہے، جن میں سے ایک ویڈیو پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ پارلیمان عبدالمجید خان نیازی کی ہے جو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر جملے کس رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ بیٹھے تحریک انصاف کے دیگر اراکین بشمول علی امین گنڈا پور اور زرتاج گل ہنس رہے ہیں۔

دوسری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی اسما حدید حزبِ اختلاف کی خواتین رہنماؤں جن میں مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں سے ان کے پوسٹرز چھینتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ان دونوں ویڈیوز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اکثر افراد تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور اکثر افراد کا کہنا ہے کہ اگر پارلیمان میں اخلاقیات کا یہ مظاہرہ کیا جائے گا تو اس سے عوام تک کتنا منفی تاثر جائے گا۔

ان ویڈیوز میں کیا بات ہو رہی ہے؟

پہلی ویڈیو میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ پارلیمان عبدالمجید خان نیازی جملے کستے دکھائی دیتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ یہ جملے مبینہ طور پر پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول کی تقریر کے دوران کس رہے ہیں۔ اس دوران وہ بلاول بھٹو کے لیے جنسی تعصب سے منسلک نازیبہ القابات استعمال کر رہے ہیں۔

اس دوران ان کی پیچھے بیٹھی وفاقی وزیر زرتاج گل اور ان کے بغل میں بیٹھے علی امین گنڈاپور ہنستے ہوئے اپنا منھ چھپا رہے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ بلاول بھٹو کے حوالے سے یہ نازیبہ القابات استعمال کیے گئے ہوں، اس سے قبل بھی موجودہ وفاقی وزیرِ داخلہ بھی اسی قسم کی زبان کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

https://twitter.com/_Mansoor_Ali/status/1403323225895886852?s=20

عبدالمجید خان کی جانب سے جب یہ باتیں کی جا رہی تھیں تو انھیں اگلی نشستوں پر بیٹھی ہوئی سینیئر قیادت کی جانب سے بھی روکا نہیں جا رہا تھا۔

دوسری ویڈیو میں پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب سمیت حزبِ اختلاف کی دیگر خواتین حکومت مخالف پوسٹرز لے کر حکومتی نشستوں میں جا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہی ہیں۔ ایسے میں پی ٹی آئی کی اسما حدید سمیت دیگر خواتین رہنماؤں کی طرف سے پہلے ان کے قریب آ کر ان کے ساتھ مکالمہ کیا گیا، اور پھر اگلے ہی لمحے ان کے علاوہ چند دیگر خواتین نے پوسٹرز ان کے ہاتھوں سے چھین لیے۔

یہ بھی پڑھیے

شیخ رشید کو جینے دو

صحافیوں سے سلوک پر حامد میر کی اسٹیبلشمنٹ پر تنقید، سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث

’فلمیں دیکھنے کی ضرورت نہیں، پاکستان کی سیاست ہی کافی ہے‘

فردوس عاشق اعوان، قادر مندوخیل کے درمیان بدمزگی کا ذمہ دار کون؟

سوشل میڈیا پر ردِ عمل

معروف صحافی سلیم صافی نے عبدالمجید خان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’جعلی انتخاب کے ذریعے تشکیل پائے جعلی پارلیمنٹ کے ممبران ایسے ہی ہوں گے۔‘

’ساتھ بیٹھے علی امین تو خیر خود اسی طرح ہیں لیکن افسوس کہ پیچھے تشریف فرما خواتین بھی منع کرنے کی بجائے اس بدتمیزی کو انجوائے کر رہی ہیں۔ یہی تبدیلی تھی جو عمران خان لانا چاہ رہے تھے۔‘

خواتین رکن پارلیمان کی ویڈیو پر ردِ عمل دیتے ہوئے مشرف زیدی نے لکھا کہ ’مریم اورنگزیب نے کمال وقار کا مظاہرہ کیا کیونکہ ان کا واسطہ حقیقی زندگی کے آن لائن ٹرولز سے پڑا۔‘

اس بارے میں پی ٹی آئی کی ایم این اے شاندانہ گلزار نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیرِ اعظم کو گالیاں دینے میں کیا وقار شامل ہوتا ہے، ہم صرف تقریریں سننا چاہ رہے تھے، لیکن وہ ہماری نشستوں کی جانب بڑھ کر ہمیں ہی گالیاں دے رہی تھیں۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’پوری بجٹ تقریر کے دوران حزبِ اختلاف کی بدتمیزی آپ کو نظر نہیں آئی؟‘

اس حوالے سے عبدالمجید خان کی جانب سے بلاول بھٹو کو نشانہ بنانے کی ویڈیو پر خاصی تنقید کی جا رہی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ ہمارے معزز پارلیمانی لیڈر اسمبلی میں بہترین قوانین اور پالیسیاں بنا رہے ہیں۔

مجتبیٰ گوپنگ نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بڑے دفتروں میں چھوٹے لوگ۔‘ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’غصہ اس بات کا ہے کہ ہر کوئی ان نازیبہ القابات سے محظوظ ہو رہا ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp