سی ای اوز کے راز: جب دوست سے لگائی گئی شرط کامیاب کاروبار میں بدل گئی

جیرمی ہوویل - بزنس رپورٹر، بی بی سی نیوز


Nick Coleman, CEO Snaffling Pig
Snaffling Pig
سنیفلنگ پگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نِک کولمین نے بتایا ہے کہ ’محض یہ کافی نہیں کہ کاروبار شروع کرنے کے لیے آپ صرف کسی بہترین ویب سائٹ کو خریدیں یا اپنی ٹیم کے لیے پُرکشش اشیا تیار کروائیں۔‘

ان کے مطابق ’میں نے اپنا پہلا کاروبار ایک شرط لگا کر پانچ سو پاؤنڈز سے بھی کم پر شروع کیا تھا جس کی آمدن اب ماہانہ چھ ملین پاؤنڈز سے بھی زیادہ ہے۔’

سنیفلنگ پِگ نامی کمپنی کیا بیچتی ہے؟

یہ کمپنی پورک (خنزیر) کے گوشت کو مختلف ذائقوں اور کئی اقسام کو ڈبوں میں پیک کر کے فروخت کرتی ہے۔ برطانیہ کے پبز میں پورک کریکلنگ کے نام سے کھانے کی اشیا مشہور ہیں۔ اسی چیز کو سنیفلنگ پِگ نے ایک نئے انداز میں فروخت کرنا شروع کیا۔

سنیفلنگ پِگ اپنی یہ اشیا بند ڈبوں اور جار میں فروخت کرتی ہے اور کرسمس ہو یا ایسٹر ان کا کاروبار نہیں رکتا۔

نِک کے مطابق ’ہماری کمپنی ایک سال میں گوشت کے 80 لاکھ ڈبے فروخت کرتی ہے۔’ ان کے مطابق ’اس میں کرسمس کے دنوں میں فروخت ہونے والے 21 لاکھ ڈبے بھی شامل ہیں۔’

نِک کے مطابق ’ہم کوئی نیا کاروبار شروع نہیں کرتے بلکہ ہم پرانی اشیا کو ہی نیا رنگ دے کر انھیں پب اور گفٹ مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں تاکہ اسے اہم کاروباری شاہراہوں پر اور آن لائن بھی فروخت کر سکیں۔’

نِک ایک میڈیکل سپلائی کمپنی چلا رہے تھے جب ان کے بزنس پارٹنر نے ان کے ساتھ یہ شرط لگائی کہ وہ پانچ سو پاؤنڈز کے بجٹ سے کوئی کمپنی شروع نہیں کر پائیں گے۔

نِک کے مطابق ’میرے دوست نے مجھے بتایا کہ جب میرا کاروبار سالانہ ملین پاؤنڈز کمانا شروع کر دے گا تو پھر وہ مجھے سٹیک ڈنر کھلائے گا۔ پھر 18 ماہ بعد اسے اس ڈنر کے پیسے دینا پڑے۔’

یہ بھی پڑھیے

کوڑے دان کے قریب چھوڑا گیا لاوارث بچہ جو ٹیکنالوجی کی دنیا میں کروڑ پتی بنا

ٹھیلے پر چائے فروخت کرنے والی خاتون برطانیہ کی کامیاب کاروباری شخصیت کیسے بنیں؟

زہرا خان: پاکستانی نژاد شیف لندن میں دو کامیاب کاروباروں کی مالک

’بیرسٹر نشا نے شیف بننا کیوں پسند کیا؟`

نِک نے اپنی کمپنی سنیفلنگ پِگ کا آغاز یاتندن میں برکشائر سے بہت ہی کم پیسوں سے شروع کیا۔ نِک نے مڈلینڈز میں ایک سور کا گوشت پکانے والے کو ڈھونڈا اور اسے کہا کہ اس میں وہ کئی اقسام کے فلیور تیار کرے جیسے چِلی، فینیل اور پھر اس سب کو جس حد تک ممکن ہو سستے ڈبوں میں پیک کرے۔

نِک کے مطابق ہم صرف فلیور کی تبدیلی کے بعد اسے ڈبوں میں ڈال کر ان پر ایک سنیفلنگ پگ کا چھوٹا سا لیبل لگا دیتے تھے۔’

’ہم اس پروڈکٹ کو اس کی نئی شکل میں فروخت کرنے کے لیے ہر پب میں گئے۔ اس سے ہمیں جو منافع ملتا تھا ہم اسے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے خرچ کر دیتے تھے۔’

نِک نے سنیفلنگ پگ کا لوگو بنانے کے لیے سٹارٹ اپ بجٹ کے پانچ سو پاؤنڈز ایک ڈیزائنر کو دیے۔ انھوں نے خود پب میں جا کر وہاں مالکان سے بات کر کے مارکیٹ ریسرچ مکمل کی۔

’ہم نے اندازہ لگا لیا تھا کہ سونف کی فروخت بہت کم ہے جبکہ نمک اور سرکے کی فروخت اچھی ہو رہی ہے۔ اور ہم نے یہ بھی معلوم کر لیا کہ پب انڈسٹری کیسے چلتی ہے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’شہر کے مضافات میں پب کا مالک ہی سب نظم و نسق چلاتا ہے اور وہی یہ طے کرتا ہے کہ اس نے آپ کی پروڈکٹ کو فروخت کرنے کی اجازت دینی ہے یا نہیں۔ جبکہ شہر کے اندر پب میں آپ کو ایک مرکزی کنٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے کوشش کرنا ہوتی ہے۔’

نک کے مطابق ’میری حکمت عملی یہ رہی کہ میں مرکزی پیمانے کے بڑے کنٹریکٹ حاصل کرنے سے قبل ایک پب میں جاؤں اور پھر وہاں معاملات طے کروں۔’

ان کے مطابق ’بجائے ایک بڑے خریدار پر انحصار کرنے کے یہ بہتر ہے کہ ایسے ہزاروں گاہک ہوں جو کچھ رقم خرچ کر سکیں۔ اور یہ زیادہ محفوظ طریقہ (کاروبار) ہے۔’

نِک کا کہنا ہے کہ ’جب اس سور کے گوشت کی پیکنگ کی باری آئی تو اس کے لیے میں نے ایک اصول وضع کیا جو مارکیٹ میں ایپ میکرز میں خاصا مقبول ہے: کم سے کم پروڈکٹ کو مارکیٹ میں لایا جائے۔‘

نِک کے مطابق ’ہم جتنا جلدی ممکن ہو سکتا ہے اپنی اشیا کو مارکیٹ میں لے آتے ہیں۔ یہ اشیا پرفیکٹ نہیں ہوتی ہیں۔‘

’یہ غیر منظم حکمت عملی ہے۔ پہلے ہم کچھ بیچتے ہیں پھر جو چیز اچھی بک رہی ہو، مزید وہی مارکیٹ میں لے آتے ہیں اور اس میں بہتری بھی لاتے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہمیں کھانا بنانے کا طریقہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم نے زیادہ رقم خرچ نہیں کی۔ اور یہ چیز ہمیں اس قابل بناتی ہے کہ ہم تیزی سے آگے بڑھیں۔’

نِک کو زیادہ پیسے جمع کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی۔

وہ کہتے ہیں کہ ’کئی کمپنیاں سوچتی ہیں کہ انھیں مارکیٹ ریسرچ کی ضرورت ہے۔ آپ کو بس ایک پروڈکٹ کی ضرورت ہے جسے آپ مارکیٹ میں لا سکیں۔

’پھر آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ اب آگے اس کا کیا کرنا ہے۔ جیسے جیسے آپ آگے بڑھتے ہیں، خود بخود اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp