ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل: نیوزی لینڈ نے انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا


ٹیلر، ولیمسن
انگلینڈ کے شہر ساؤتھ ہیمپٹن میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے ہرا کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اپنے نام کر لی ہے۔

بدھ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کے آخری روز انڈیا کی ٹیم 170 پر آل آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد نیوزی لینڈ کو قریب 50 اوورز میں 139 کا ہدف ملا تھا۔

نیوزی لینڈ نے 45.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا کر اس ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا۔ کپتان کین ولیمسن نے نصف سنچری جبکہ بلے باز روس ٹیلر نے 47 رنز کی نمایاں باری کھیلی۔ انڈیا کی طرف سے آر ایشون دو وکٹیں حاصل کر کے واحد کامیاب بولر رہے۔

میچ کے پہلے اور چوتھے روز بارش کی وجہ سے کھیل نہ ہونے کے باوجود دونوں ٹیموں نے میچ نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کی جبکہ پانچ روزہ ٹیسٹ میں ایک اضافی دن (ریزرو ڈے) دیا گیا تھا۔

میچ کا مکمل سکور کارڈ

نیوزی لینڈ کی 32 رنز کی برتری بھی کام آئی

ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کے پہلے روز بارش کی وجہ سے کھیل ممکن نہ ہوسکا مگر اگلے ہی روز ٹاس جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ نے آسمان پر بادل دیکھ کر انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلی اننگز میں انڈیا کی ٹیم 217 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ کپتان ویرات کوہلی نے 44 جبکہ آجنکے راہانے نے 49 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا تھا۔

جیمیسن

نیوزی لینڈ کے پیسر کائل جیمیسن نے محض 31 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

جواب میں نیوزی لینڈ نے 249 رنز بنا کر 32 رنز کی برتری حاصل کی تھی جس میں اوپنر ڈیون کونوے 54 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے تھے۔ ان کا ساتھ کپتان کین ولیمسن نے 49 رنز کی باری کے ساتھ دیا۔

انڈیا کی میچ میں واپسی کے لیے محمد شامی نے اہم کردار نبھایا۔ انھوں نے 76 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جس میں روس ٹیلر، بی جے واٹلنگ، ڈی گرینڈہوم اور کائل جیمیسن ان کے شکار بنے۔

شامی، کوہلی

انڈیا کی میچ میں واپسی کے لیے محمد شامی نے اپنی چار وکٹوں سے اہم کردار نبھایا

اب انڈیا کے پاس موقع تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کو بڑا ہدف دے کر میچ جیتنے کی کوشش کریں۔ تاہم انڈین ٹیم آخری روز 170 رنز ہی بنا سکی اور یوں نیوزی لینڈ کو قریب 50 اوورز میں 139 رنز کا ہدف دیا گیا۔

ٹِم ساؤتھی نے 48 رنز دے کر انڈیا کے چار اہم بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا جن میں اوپنرز روہت شرما اور شبھمن گِل، محمد شامی اور جسپریت بھمرا شامل تھے۔ یوں منگل کو محمد شامی اور ٹِم ساؤتھی نے اپنی اپنی ٹیموں کو میچ میں کامیابی دلانے کے لیے بہترین سپل کرائے اور مجموعی طور پر دن میں 10 وکٹیں گِری تھیں۔

ساؤتھی

انڈیا کی دوسری اننگز میں ٹِم ساؤتھی نے 48 رنز دے کر انڈیا کے چار اہم بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا

آخری روز کے آغاز پر انڈیا کو دو وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز کے سکور کے ساتھ 32 رنز کی برتری حاصل تھی۔

مگر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرز ٹرینٹ بولٹ، کائل جیمیسن اور نیل ویگنر نے دباؤ برقرار رکھا اور ایک ایک کر کے تمام انڈین بلے باز اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔

’آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کوہلی کی قسمت اچھی نہیں‘

انڈیا کی شکست پر انڈین فینز میں غم اور غصہ پایا جاتا ہے اور مگر بعض صارفین اب بھی کپتان ویرات کوہلی کی حمایت کر رہے ہیں۔

سندھو نامی صارف کہتی ہیں کہ ’کوہلی کو صرف ٹاس کے لیے اچھی قسمت درکار ہے۔ مجھے ان سے ہمدردی ہے۔ ایک اور آئی سی سی ٹورنامنٹ میں شکست سے مایوسی ہوئی ہوگی۔‘

اسی طرح ایک صارف نے کہا کہ ’آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کوہلی کی قسمت اچھی نہیں۔‘ خیال رہے کہ دوسری اننگز میں کوہلی صرف 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے مگر پہلی اننگز میں انھوں نے 44 رنز بنائے تھے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے دوران انڈین ٹوئٹر صارفین میں ایک بحث کافی نمایاں رہی ہے اور وہ یہ کہ دونوں ملکوں کی آبادی میں کافی زیادہ فرق ہے۔

اشوک سوان نے لکھا کہ ’انڈیا کو کرکٹ کا سپر پاور سمجھا جاتا ہے مگر ساؤتھ ہیمپٹن میں ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں نیوزی لینڈ سے مقابلے میں اسے دشواری کا سامنا ہے۔ نیوزی لینڈ کے مقابلے انڈیا کی آبادی 240 گنا زیادہ ہے اور نیوزی لینڈ میں تو کرکٹ نمبر ون کھیل بھی نہیں۔‘

صارف سمیتا دیپ نے طنزیہ لکھا کہ ’انڈیا نے نیوزی لینڈ کی آبادی سے بھی زیادہ لوگوں کو ایک دن میں ویکسین دی ہے۔‘ اس روز مقامی ذرائع ابلاغ نے مطابق انڈیا کے 52 لاکھ شہریوں کو ویکسین دی گئی تھی۔

مگر بھارت سندریسن نے اس پر تبصرہ کیا کہ انھیں اس بحث کی سمجھ ہی نہیں آتی۔ ’انڈیا کے مقابلے نیوزی لینڈ میں لوگوں کے پاس کھیلوں کے لیے زیادہ کھلے میدان اور سوشل سکیورٹی ہے۔‘

پاکستانی کرکٹ فینز نے بھی بظاہر میچ میں کافی دلچسپی لی مگر اکثر نیوزی لینڈ کی حمایت کرتے دکھائی دیے۔ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے فین یوسف خٹک نے لکھا کہ ’کراچی کنگز کے بعد ہماری آخری امید نیوزی لینڈ ہے۔‘

22 جون کو آئی سی سی نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ انھیں گراؤنڈ میں کچھ شائقین کی جانب سے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں سے بد زبانی کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر سکیورٹی ٹیم نے ان کی نشاندہی کر کے انھیں گراؤنڈ سے نکال دیا تھا۔ روئٹرز کے مطابق یہ شکایت شہری کے ایک نیوزی لینڈ نے کی تھی جب اس نے ٹی وی پر دیکھا کہ روس ٹیلر، جن کی والدہ سامووا سے تعلق رکھتی ہیں، پر نسل پرستانہ جملے کسے گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp