ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی تعلیم کے لئے پاکستان میں پہلی مرتبہ ملتان میں ”ٹرانس ایجوکیشن“ پائلٹ پروجیکٹ کا افتتاح


ملتان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو تعلیم کی فراہمی کے لئے پاکستان میں پہلی مرتبہ ”ٹرانس ایجوکیشن“ کے نام سے پائلٹ پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کی طرف سے شروع کیے گئے اس پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائیر سیکنڈری سکول گلگشت میں کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) عطاء الحق، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق، شاہد ملک، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب طاہرہ پروین، سی ای او ایجوکیشن شمشیر احمد خان، حنا چوہدری اور علیشا شیرازی سمیت محکمہ تعلیم کے افسران، ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد اور میڈیا کے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کا شمار معاشرے کے پسماندہ طبقات میں ہوتا ہے اور ہمیشہ سے ہی رسمی تعلیم کے دروازے ان پر بند رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے نظر انداز کیے جانے والی اس کمیونٹی کی تعلیم کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ملتان میں ”ٹرانس ایجوکیشن“ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں ایکسلریٹ لرننگ پروگرام کے ذریعے ٹرانس جینڈرز کو سرکاری اسکول میں شام کی کلاسز میں باضابطہ تعلیم دی جائے گی اور آہستہ آہستہ ان کو اپنی عمر کے مطابق کلاس میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔

سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ملتان میں کامیابی کے بعد اس پائلٹ پروجیکٹ کو جنوبی پنجاب کے دیگر 10 اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا جبکہ حکومت پنجاب اس منصوبے کو لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور وقت کے ساتھ ساتھ پورے پنجاب تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سال میں ایک سے زیادہ کلاسز پڑھائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ انہیں معاشی طور پر آزاد بنانے کے لئے ٹیلرنگ، ڈریس ڈیزائننگ، کوکنگ اور بیوٹیشن سمیت دیگر شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت بھی دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”ٹرانس ایجوکیشن“ میں پڑھنے والے طلبہ کو نصابی کتابیں، اسٹیشنری، وردی اور جوتے مفت مہیا کیے جائیں گے۔ جبکہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے تعاون سے طلبہ کے لئے مفت پک اینڈ ڈراپ سروس کا بھی انتظام کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments