ناروے آنے کا ارادہ ہو تو کچھ ضروری باتیں جان لیجیئے


اگر آپ ناروے آنا چاہتے ہیں یا آپ ناروے میں ہیں اور یہاں کے سسٹم کو جاننا اور سمجھنا چاہتے ہیں تو شاید اس مضمون سے آپ کی کچھ رہنمائی ہو سکے۔

ویزا کون سا اور کیسے؟

اگر آپ کے کوئی رشتےدار ناروے میں ہیں اور آپ انہیں ملنے آنا چاہتے ہیں۔ یا آپ کی کسی نارویجین شہری سے شادی ہوئی ہے اور اب آپ ناروے آنے کے خواہشمند ہیں تو آپ کو فیملی ویزا کی درخواست دینی ہے۔ جو آپ کو یہاں بلا رہے ہیں انہیں آپ کی گارنٹی اور اپنی آمدانی کی تفصیلات فراہم کرنی ہوگی۔ پروسس میں وقت لگتا ہے صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

اگر آپ ناروے کام کے سلسلے میں آنا چاہتے ہیں تو آپ کو ریزیڈنٹ ویزا درکار ہے اور اس کے ساتھ ورک پرمٹ بھی۔ جو کاغذات آپ سے مانگے گئے ہیں انہیں تیار رکھیں۔ بہتر یہ ہے کہ پہلے کوئی کام ڈھونڈ لیجیئے پھر ویزا کی درخواست دیجیے۔

اگر آپ کو سیاسی، مذہبی یا سماجی بنیادوں پر تحفظ اور پناہ چاہیئے تو اس کے لیئے کوئی ویزا نہیں ہے۔ لیکن آپ کو یا تو ناروے میں ہونا چاہیئے یا ناروے کی سرحد پر۔ یہاں تک آپ کو خود آنا ہوگا اور اسایلم کی درخواست دینی ہو گی۔ اس کے بعد آپ کو حکومت کے بنائے کیمپز میں ٹہرایا جائے گا۔ درخواست کا حتمی جواب آنے تک آپ کو یہیں رہنا ہو گا۔

آپ یہاں آ کر تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے تعلیمی ویزا کی درخواست دینی ہو گی۔

وزٹ ویزا پر آپ ناروے گھومنے پھرنے آ سکتے ہیں لیکن ویزا کی معیاد ختم ہوتے ہی آپ کو واپس جانا ہوگا۔

باٹم لائن

ناروے کا ویزا اپلائی کرتے ہوئے درست نوعیت کے ویزا کی درخواست دیں۔ تمام معلومات صحیح اور اپ ڈیٹ ہوں۔ انتظار کیجیئے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔

امیگریشن۔ مشکل پر ناممکن نہیں۔

ناروے کی امیگریشن حاصل کرنا آسان کام نہیں۔ لیکن اگر آپ کوالیفائی کرتے ہیں تو اتنا مشکل بھی نہیں۔

یو ڈی آئی (UDI) ناروے کا امیگریشن کا ڈیپارٹمنٹ ہے۔ اس سے آپ کو واسطہ پڑتا رہے گا۔ یہاں کام کرنے والے اپنے کام میں ماہر ہیں اور ایک ایک ڈاکیومنٹ غور سے پڑھتے ہیں اور اپنے قانون کو سامنے رکھتے ہوئے اس پر عمل درآمد کرتے ہیں۔ آپ بھی اپنے تمام کاغذات درست رکھیں اور جو کچھ مانگا گیا ہے مہیا کریں۔ ذرا سی بھول چوک سے آپ کو مزید وقت لگ سکتا ہے۔ آپ اپنے کیس کے بارے میں فون کر کے بھی پوچھ سکتے ہیں بس فون پر بیس تیس منٹ کا انتظار لگ سکتا ہے۔ مزید اور مفصل معلومات آپ کو ناروے امیگریشن کی ویب سایئٹ پر مل جائیں گی۔

ہو سکتا ہے کچھ لوگوں کا تجربہ تلخ رہا ہو لیکن یہ بات ذہن میں رکھیں یہ فیصلے قانون کے تابع ہیں۔ آپ مکمل تیاری رکھیں۔ ہر سوال کا آپ کے پاس جواب ہونا چاہیئے۔ انٹرویو ہو تو پوری تیاری سے جایں۔ زبان کا مسئلہ ہے تو آپ کو مترجم بھی فراہم کیا جائے گا۔

سیاسی، مذہبی اور سماجی پناہ کی درخواستوں پر پورا غور اور پوری تحقیق کی جاتی ہے۔ انٹرویو تفصیلی ہوتا ہے آپ کو تمام ڈاکیومنٹس اور ثبوت تیار رکھنے چاہیں۔

باٹم لائن

 یہ مرحلہ مشکل اور طویل ہے۔ اگر آپ کے تمام ڈاکیومنٹس درست ہیں اور آپ نے کوئی غلط بیانی بھی نہیں کی تو کوئی مسئلہ بھی نہیں پڑے گا۔ یو ڈی آئی کے لوگ برے لوگ نہیں ہیں۔ فیصلوں پر اپیل کا حق بھی آپ کو ملتا ہے۔

ناروے کی شہریت

اگر آپ چار سے سات سال تک ناروے میں قانونی طور پر رہ رہے ہیں اور آپ کے پاس ورک پرمٹ بھی ہے اور آپ اپنے خرچے خود اٹھا رہے ہیں تو آپ پرمانینٹ ریذیڈینسی یا شہریت کی درخواست دے سکتے ہیں۔ ناروے کی شہریت حاصل کرنے کے لیئے آپ کو اپنی پہلی شہریت سرنڈر کرنی ہوگی۔ البتہ کچھ ملکوں کے ساتھ ناروے کا دوہری شہریت کا معاہدہ ہے۔ غلط بیانی سے شہریت حاصل کرلیں اور بعد میں جھوٹ پکڑا جائے تو شہریت کینسل اور ڈی پورٹ ہونے کا امکان ہے۔

باٹم لائن

کام قانونی ہو اور آمدنی کافی ہو۔ ٹیکس کی ادایئگی ہو اور ریکارڈ صاف ہو۔

کام کی تلاش

یہ ایک انتہایئ تھکا دینے والی تلاش ہے۔ آپ کی سی وی کتنی ہی رعب دار کیوں نہ ہو کام ملنا آسان نہیں۔ ناروے کی 32 فیصد آبادی اعلی تعلیم یافتہ ہے۔ اس لئے اونچی پوزیشنز کے لیئے مقابلہ سخت ہے۔ نارویجینز بھلے اس کا اعتراف نہ کریں یہ حقیقت ہے کہ نارویجینز کی پہلی ترجیح نارویجینز ہی ہوتے ہیں۔ یہاں وہ کچھ کچھ نیشنلسٹ ہیں۔ اس میں وہ کسی حد تک حق بجانب بھی ہیں۔ وہ اپنی زبان کو اہمیت دیتے ہیں۔ سارا کام ہی نارویجین زبان میں ہوتا ہے۔ کسی زبان سے ناآشنا کو کام دینا انہیں مہنگا پڑ سکتا ہے۔ اس کے بعد وہ اپنے قانون، قواعد اور ثقافت کو اہم جانتے ہیں۔ بالکل نئے بندے کو رکھنا اسے ہر بات سکھانا آسان نہیں۔

اگر آپ کو کام مل جائے تو ناروجینز کے برابر ہی تنخواہ ملے گی۔ اس میں کوئی امتیاز نہیں۔ کام نہ ملنے میں زبان کی کمزوری سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ایک اہم بات ورک پرمٹ کے بغیر یہاں کام کالا دھندا کہلاتا ہے اور اس کے سنگین نتائج ہیں۔

NAV  کا ادارہ کام ڈھونڈنے میں رہنمائی کر سکتا ہے۔

باٹم لائن۔

متاثر کن سی وی بنایں۔ زبان سیکھیں۔ یہاں کے قوانین کا احترام کریں اور کلچر سے واقفیت حاصل کریں۔

زبان سیکھنا مشکل لیکن از حد ضروری

اگر آپ گھر سے یہ سوچ کر ناروے آئے ہیں کہ آپ کو انگریزی آتی ہے بلکہ بہت اچھی آتی ہے آپ کام چلا لیں گے اور ناروجین سیکھنے کی آپ کو ضرورت ہی نہیں پڑے گا تو آپ غلط ہیں۔ زبان سیکھے بنا آپ کہیں نہیں جا پائیں گے۔ لیکن آپ نے گھبرانا نہیں۔ نئے آنے والوں کے کورس کا نہایت اعلی انتظام ہے آپ سیکھنے والے بنیں۔ کورس کے کئی لیول ہیں۔ کورسز دن میں بھی ہوتے ہیں اور شام میں بھی۔ اس کے علاوہ آن لائن کورسز بھی دستیاب ہیں۔

لائیبری سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے۔ یہاں نئے سیکھنے والوں کے لیئے کتب، سی ڈیز اور فلمیں مل سکتی ہیں۔ ایک کیفے کا انتظام بھی ہے جہاں زبان سیکھنے والے مل کر آپس میں گفتگو کر سکتے ہیں۔ کورس میں آپ کو زبان کے ساتھ ساتھ کام کے لیئے درخواست لکھنا، انٹرویو کی تیاری اور ناروے کے قوانین اور سوشل اسڈیز کی بھی جانکاری ملتی ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ یہ سب بالکل مفت ہے۔ ہاں امتحان کی کچھ فیس آپ کو دینی ہوتی ہے۔ فیل ہو جائیں تو دگنا خرچا۔ اس لیئے دل لگا کر پڑھائی کریں۔ زبان مشکل ہے خاص طور پر یہ کہ اس زبان کے مختلف لہجے ہیں اور انہیں سمجھنا اور سیکھنا مشکل ہے۔ لیکن اگر آپ کو عام ناروجین آ جائے تو یہ کافی ہے۔

باٹم لائن

زبان سیکھنا کامیابی کی کنجی ہے۔ اس کے بغیر نہ کام اچھا ملے گا نہ سوسایئٹی میں کوئی مقام۔ بہتر یہ ہے کہ ناروے آنے سے پہلے ہی آپ زبان کی شدبد حاصل کر لیں۔ انٹر نیٹ پر بہت کچھ مل جائے گا۔

ڈرائیونگ لائسنس بڑا مہنگا

یہ ایک کٹھن اور بے حد مہنگا حصول ہے۔ آپ دس بیس سال سے اپنے ملک میں گاڑی چلا رہے ہوں اور خود کو ماہر ڈرایئور بھی سمجھتے ہوں پھر بھی یہاں آ کر آپ کو نئے سرے سے کوشش کرنی پڑے گی۔ آپ سمجھیں گے کہ یہ کیا بڑی بات ہے۔ گاڑی چلانا تو آتا ہی ہےجا کر امتحان دے دیں گے پاس بھی ہو جایں گے۔ آپ پھر غلط سمجھے۔ پہلے تو آپ کو کسی ڈرایئوینگ اسکول میں داخلہ لینا ہوگا۔ پھر تھیوری کا امتحان دینا ہوگا۔ یہ ایک گنجلک امتحان ہے۔ کوئی بہت ہی خوش نصیب ہوتا ہےجو پہلی بار ہی پاس ہو جائے۔ ایسے ایسے چکرا دینے والے سوالات ہوتے ہیں جو آپ کی نظر میں عملی دنیا میں کسی کام کے نہیں۔ پھر آپ کو مختلف کورسسز کرنے ہوتے ہیں۔ جمی ہوئی برف کی پھسلن پر گاڑی چلانا، رات کے اندھیرے میں، لمبی ڈرائیو اور شہر کی ٹریفک میں ڈرائیونگ۔ ان سب کی الگ الگ فیسیں ہیں۔ کسی ایک میں فیل ہوگئے تو دوبارہ امتحان دیں دوبارہ فیس دیں۔

پاکستان سے آنے والوں کے لئے جو وہاں ڈرائیونگ کر چکے ہیں کچھ اور مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ وہاں گاڑیاں الٹے ہاتھ پر چلتی ہیں یہاں سیدھے ہاتھ پر۔ راونڈ اباوٹ پر کنفیوژن سا رہتا ہے کہ دائیں جانا ہے یا بائیں۔ پریکٹس کرتے رہیں۔

ٹریفک کے قوانین سخت ہیں۔ تیز رفتاری یا نشے میں گاڑی چلانے پر سنگین جرمانے ہو سکتے ہیں اور اگر یہی جرم دہرایا گیا تو لائسنس سے ہاتھ بھی دھو بیٹھیں گے۔

باٹم لائن۔

تھیوری دھیان سے پڑھیں۔ یہ کتاب انگلش میں بھی دستیاب ہے۔ انٹر نیٹ پر بھی ہے۔ ٹریفیک سایئنز کو سمجھیے۔ لائسنس مہنگا ہے اس پر کم سے کم بیس ہزار کرونا یعنی لگ بھگ دو ہزار ڈالر لگ سکتے ہیں۔ پیسے جمع کرنا شروع کر دیں۔

ہائے مہنگائی

اب یہ بات کیا بار بار دہرائی جائے کہ ناروے میں بہت مہنگا ہے لیکن تنخواہیں بھی اسی حساب سے زیادہ ہیں اور معیار زندگی بھی اونچا۔ ٹیکس کا نظام ایسا ہے کہ ہے کہ کوئی گڑ بڑ کر نہیں سکتا۔ آپ کی آمدنی کا کم سے کم تیس فیصد ریاست لے لیتی ہے اور اس کے بدلے آپ کو صحت، تعلیم اور بےروزگاری الاوئنس فراہم کرتی ہے۔

 کفایت شعاری اپنایئے۔ کھانا بھی گھر پر کھایئے۔ کام مل جانے پر گزارا ہو ہی جائے گا۔

باٹم لائن

ناروے مہنگا ضرور ہے لیکن گذارے لائق ہر ایک کے پاس کافی ہے۔ ٹیکس میں گڑبڑ کی کوشش ہرگز نہ کریں۔ یہ جرم قابل معافی نہیں۔

ناروے کا موسم

ناروے آنے سے پہلے آپ نے ضرور سنا ہوگا کہ یہاں ٹھنڈ بہت پڑتی ہے۔ آپ نے سوچا کہ بھئی کتنی ٹھنڈ ہوتی ہو گی؟ سویئٹر ہے، کوٹ بھی لے لیا ہے جوتے اور جرابیں بھی ہیں۔ بس اور کیا؟ ایک بار پھر آپ کے اندازے غلط ہیں۔ یہاں کی سردی کا آپ وہاں بیٹھے اندازہ لگا ہی نہیں سکتے۔ موسم سرما شدید ہی نہیں طولانی بھی ہے۔ یہاں تو گرمیوں میں بھی ٹھنڈ پڑتی ہے۔ بقول خود ان کے ناروے میں دو ہی موسم ہیں سفید سردی اور سبز سردی۔ خیر یہ مذاق کی بات ہے۔ لیکن آپ ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہو کر آیں۔ بارش، برف پھسلن اور منفی درجہ حرارت سب بھگتنا پڑے گا۔ یہاں آ کر آپ کو موسم کی سختی کا اندازہ ہو جائے اور اسی حساب سے اپنے لباس اور جوتے خریدیں۔

باٹم لائن

جیسا کہ نارویجینز خود کہتے ہیں کہ کوئی موسم خراب نہیں بس آپ کا لباس ناکافی یا نامناسب ہوتا ہے۔

کیا یہاں دوست بنانا مشکل ہے؟

جی ہاں۔ آپ اپنے بارے میں کتنے ہی خوش گمان کیوں نہ ہو کہ بھئی ہم اتنے ہنس مکھ اور خوش اخلاق ہیں منٹوں میں غیروں کو دوست بنا لیتے ہیں۔ یہاں معاملہ کچھ مختلف ہے۔ نارویجین الگ تھلگ رہنے والے لوگ ہیں لیکن بداخلاق نہیں۔ یوں سر راہ یا دوران سفر دوستی نہیں لگاتے۔ گپ شپ کی عادت نہیں۔ یہ ان کا وہ کنرویٹیو رویہ ہے جسے ہم کبھی کبھار بداخلاقی سمجھ لیتے ہیں۔ نارویجیوں کا یہ رویہ خود اپنے ہم وطنوں سے بھی ایسا ہی ہے۔ لیکن جب دوست بن جاتے ہیں تو دوستی خوب نبھاتے ہیں۔

ہم گرم ماحول کے لوگ ہیں۔ جذبات میں بھی گرمی ہے اس لیے ان کا یہ سرد رویہ تکلیف دیتا ہے۔ برسوں ساتھ رہنے والے پڑوسیوں سے آپ کی بات چیت ہیلو ہائے، میری کرسمس اور ہیپی نیو ایئر سے آگے نہیں بڑھتی۔ ہم اکثر یہ گمان کر لیتے ہیں کہ نارویجینز نسل پرست ہیں۔ پڑوسی بے نیازی دکھاتا ہے تو ہم اسے ریسیسٹ کہتے ہیں۔ بچہ امتحان میں اچھے نمبر نہیں لا سکا تو ٹیچر نسل ہرست ہے۔ کام پر دیر سے آنے یا جلدی جانے پر باس کچھ پوچھ لے تو وہ بھی غیر ملکیوں کے معاملے میں تنگ نظر اور تنگ دل ہے۔ ڈرائیونگ ٹسٹ میں فیل ہوئے تو اس پر بھی یہی الزام۔۔۔

باٹم لائن

ناروجینز نسل پرست اور تنگ نظر نہیں اگر ایسا ہوتا تو نہ ہم یہاں ہوتے اور نہ ہی آپ یہاں آ بسنے کے خواشمند ہوتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments