اسلام آباد: بیوی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں شوہر گرفتار، سسر کی تلاش جاری


ریپ

فائل فوٹو

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں پولیس نے خاتون پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ سسر کی تلاش جاری ہے۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گھریلو ناچاکی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تیزاب کی وجہ سے خاتون کی آنکھیں اور بازو متاثر ہوئے ہیں۔

تھانہ گولڑہ کے پولیس اہلکاروں نے متاثرہ خاتون کے شوہر شمائل کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شادی سات سال قبل اپنے کزن شمائل سے ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔

متاثرہ خاتون کے بھائی نے بی بی سی کو بتایا کہ شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کے درمیان گھریلو معاملات پر جھگڑا ہوتا تھا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ جھگڑے کی وجہ مبینہ طور پر ملزم شمائل کا ’عیاش پسند‘ ہونا تھا جس پر ان کی بہن اسے روکتی تھی۔

متاثرہ خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن نے کچھ عرصہ پہلے بتایا تھا کہ ان کا شوہر مبینہ طور پر ان پر تشدد کرتا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے گھر والوں نے بہن کو سمجھایا کہ ’گھروں میں چھوٹے موٹے واقعات ہو جاتے ہیں‘ لہذا اس کو ’اپنے گھر اور بچوں کی پرورش پر توجہ دینی چاہیے‘۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم پہلے سکول میں بچوں کو ڈراپ کرنے کے لیے وین چلاتا تھا جس کے بعد اس نے اپنے والد اور بھائیوں کے ساتھ مل کر سینیٹری کی دکان کھول لی۔

متاثرہ خاتون کے بھائی نے الزام عائذ کیا ہے کہ ان کا بہنوئی کاروبار پر توجہ دینے کی بجائے ’دوسری لڑکیوں میں دلچسپی‘ لیتا تھا جوکہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کی اصل وجہ تھی۔

مقامی پولیس کے مطابق واقعے کے روز بھی اسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر ملزم شمائل نے طیش میں آکر اپنی بیوی پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کی انکھیں اور بازو متاثر ہوئے۔

اس واقعہ سے متعلق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ لڑکی کے سسر نے بھی تیزاب پھینکنے میں ملزم کی مدد کی۔ متاثرہ لڑکی کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم شمائل نے اپنے والد اللہ بخش کی ایما پر ان کی بہن پر تیزاب پھینکا ہے۔

پولیس نے ابھی تک متاثرہ لڑکی کا بیان قلمبند نہیں کیا کیونکہ مقامی پولیس کے مطابق خاتون کی حالت اس قابل نہیں ہے کہ ان کابیان ریکارڈ کیا جاسکے۔

پولیس نے ملزم کے زیر استعمال موبائل سے اس کی لوکیشن معلوم کر کے اس کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے مقامی عدالت سے ملزم کا تین دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ دوسرے ملزم اللہ بخش کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز مصطفیٰ تنویر کے مطابق متاثرہ خاتون کی حفاظت کے لیے ہسپتال کے باہر سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ انھیں کوئی مزید نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کرے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp