لیونل میسی کا انتظار ختم ہوا، کوپا امریکہ کے فائنل میں ارجنٹائن نے روایتی حریف برازیل کو ایک صفر سے شکست دے دی


Messi is thrown in the air by his team-mates at full-time

لاطینی امریکہ کے فٹبال مقابلے کوپا امریکہ کے فائنل میں روایتی حریف ارجنٹائن کے ہاتھوں برازیل کی شکست کے ساتھ ہی پہلا بڑا بین الاقوامی ٹائٹل جیتنے کے لیے لیونل میسی کا انتظار بھی ختم ہوا۔

برازیل کے تاریخ ماراکانا سٹیڈیم میں جیسے ہی ریفری نے میچ کا وقت ختم ہونے کی سیٹی بجائی، 34 سالہ میسی خوشی سے گراؤنڈ میں لیٹ گئے مگر ان کی ٹیم کے ساتھیوں نے جیت کی خوشی منانے کے لیے انھیں کندھوں پر اٹھا کر ہوا میں بلند کیا۔

ریو کے ماراکانا سٹیڈیم میں انھوں نے 10ویں بڑے ٹورنامنٹ میں کامیابی کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کی۔

ارجنٹائن نے آخری مرتبہ 28 سال قبل کوئی مقابلہ جیتا تھا۔ ارجنٹائن کو فتح سے ہمکنار کرنے والے ان کے قائد میسی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے چار گول کیے۔

فائنل کا واحد گول کرنے والے اینجل دی ماریا میچ ونر ثابت ہوئے تاہم میسی نے میچ کے آخری لمحات میں خود گول کے ساتھ فتح پر مہر لگانے کا موقع کھو دیا ورنہ ارجنٹائن کے کپتان کے لیے یہ ایک پرفیکٹ فائنل ہوتا۔

دوسیر جانب دفاعی چیمپین برازیل کو کافی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

جذبات کی بات کی جائے تو میسی کے مقابل اور بارسلونا کے سابق کھلاڑی نیمار میچ کے کے اختتام پر گھٹنوں کے بل روتے ہوئے دیکھے گئے۔ سنہ 2019 میں جب برازیل نے کوپا امریکہ جیتا تو وہ چوٹوں کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور ابھی تک بین الاقوامی سطح پر جیت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں۔

Neymar reacts after Brazil lose to Argentina in the 2021 Copa America final

یہ جوڑی سنہ 2013 اور 2017 کے درمیان بارسلونا کی ٹیم کے ساتھ کھیلی تھی اور فائنل کی آخری تقریب کے انتظار سے قبل دونوں کھلاڑیوں کو کافی دیر تک ایک دوسرے کو گلے لگائے دیکھا گیا۔

ان مقابلوں کو کووڈ 19 پابندیوں کی وجہ سے 7000 افراد کے ایک چھوٹے سے ہجوم نے دیکھا، لیکن یہ اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ تھا جس میں تماشیوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

میسی کا نام ہی کافی ہے!

’میسی، اسرائیل کے خلاف میچ میں شریک نہ ہوں‘

لیونل میسی: بچپن کی محبت شادی میں بدل رہی ہے

ہر بار جب میسی نے گیند کو پیر لگایا یا جب وہ آگے بڑھ رہے تھے، ارجنٹائن کے شائقین کافی پرجوش نظرآئے۔

اس ٹورنامنٹ میں کووڈ 19 کے باعث ایک سال کی تاخیر ہوئی اور اسے کولمبیا اور ارجنٹائن سے آخری لمحے 2019 کے میزبان برازیل میں منتقل کیا گیا۔

برازیل میں کورونا کے بڑھتے متاثرین کے باعث اس فیصلے پر خاصی تنقید کی گئی۔

عالمی سٹیج پر میسی کی بہترین کارکردگی

میچ کے اختتام پر ارجنٹائن نے جس طرح میسی کو اٹھا کر فتح کا جشن منایا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ٹیم کے نزدیک اپنے پرانے حریف کے خلاف فتح اتنی ہی اہم تھی جتنا میسی کے لیے ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بننا۔

15 سال قبل میسی نے کسی بڑے ٹورنامنٹ میں پہلی بار ارجنٹائن کی نمائندگی کی تھی اور چار ورلڈ کپ، چھ کوپا امریکہ میں شرکت اور 53 میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد، آخرکار ان کے پاس اہم بین الاقوامی ٹائٹل آ ہی گیا اس کی انھیں اور ان کے ملک کو تمنا رہی ہے۔

اپنے عہد کے بہترین کھلاڑی ہونے کے باوجود بین الاقوامی سٹیج پر متاثر کن کارکردگی نہ دکھانے پر ان پر تنقید کی جاتی رہی ہے لیکن اب میسی نے ان پر شک کرنے والے ناقدین کا منھ بند کر دیا ہے۔

ارجنٹائن کے ساتھ بار بار ناکامیوں کا سامنا میسی کے لیے تکلیف دہ رہا ہے۔ حتیٰ کہ انھوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا بھی اعلان کر دیا تھا لیکن بعد میں اس فیصلے کا ازسرِ نو جائزہ لیا۔

دو ہفتے قبل ان کا بارسلونا کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد ان کے مستقبل کے متعلق سوالات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ لیکن بارسا اپنے سٹار پلئیر کے لیے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔

شاید میسی ورلڈ کپ جیتنے کی آخری کوشش کریں گے۔ ارجنٹائن نے 1986 کے بعد ایسی کوئی کوشش نہی کی۔۔۔ تو کیا میسی 35 سال کی عمر میں سنہ 2022 میں قطر میں اپنے ملک کی قیادت کریں گے؟

’میسی پاکستان کے کسی حلقے سے الیکشن لڑے تو آسانی سے جیت جائے گا‘

دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی میسی کے مداح بہت خوش ہیں اور ان کی جیت کا جشن منا رہے ہیں۔ زین ملک نے لکھا ’میسی نے کبھی اپنے شائقین کو مایوس نہیں کیا۔‘

حتیٰ کہ ایک صارف نے تو مذاح میں یہ تک لکھا کہ ’عمران خان کی لیونل میسی کو کوپا امریکہ جیتنے پر مبارکباد، وزیراعظم کا کہنا تھا میسی اگر پاکستان کے کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑے تو آسانی سے جیت جائے گا‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32491 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp