جولائی 13 عالم بالا اور ماں جی



ماں جی!
آج 13 جولائی ہے۔

کیا عجب اتفاق ہے کہ آپ کے جنم دن سے ایک دن قبل ابر باراں برس پڑا ہے۔ آپ کو تو بارش سے بہت چڑ تھی کہ ہر طرف کیچڑ پانی گند ہوجاتا ہے۔ اب کیا کیا جائے یہ موسم تو کسی کی نہیں سنتا بے وقت برس جائے تو یہ کہہ کے لاج رکھی جاتی ہے کہ مون سون قبل از وقت آ گیا۔

صبح آپ سے ملنے آئی تھی آپ کی آرام گاہ پے پھول رکھتے ہوئے بڑی شدت سے یہ خواہش جاگی کہ کہیں سے یہ آواز آئے ”کر آئیں پیسے ضائع“ ۔ اور یہ خواہشیں تو بالکل باؤلی ہوتی ہیں۔ کھیلنے کو چاند مانگتی ہیں اور تتلی سے اس کے رنگ۔ اسی لئے تو ناتمام رہتی ہیں۔

آپ بتائیں کیسی ہیں؟
روحوں کی دنیا میں آپ کا دل لگ گیا؟
پاپا کیسے ہیں؟

اس ڈیڑھ سال کے عرصے میں تو آپ کی اپنے سارے پریوار سے ملاقات ہو گئی ہوگی۔ پاپا نے تو بارہ سال بعد آپ کو دیکھتے ہی کہا ہوگا ”ٹھوسو وزن کتنا بڑھا لیا“ اور آپ نے یقیناً ان کو غصے والی ایک گھوری دی ہوگی۔ یہ بتائیں تایا نے آپ کو دیکھ کے ”چودہرائین“ کا نعرہ لگایا یا ڈان اخبار میں منہ دیے بیٹھے رہے۔

ماں جی! نانی نے تو آپ کو دیکھتے ہی خبردار کرتے ہوئے کہا ہوگا ”جمیلہ اب تم آ تو گئی ہو میرے پاندان میں کتھا چونا مت ملانا اور پھنکا تیز مت کرنا“ ۔

یہ بتائیں نانا جان بھی ملے کہ نہیں؟ انھوں نے آپ کو پہچانا؟

انھیں تو بہت وقت لگا ہوگا کیونکہ انھیں تو آپ سے بچھڑے سات دہائیاں بیت گئی ہیں۔ انھوں نے تو آپ کو آپ کی شادی کے بعد اب دیکھا ہوگا۔ آپ تو اس وقت آپ کے بقول دھان پان سی ہوتی تھیں اور ناک پکڑو دم نکلتا تھا۔ کچھ بولے یا خاموش دیکھتے رہے؟ خالہ کے کیا تاثرات تھے؟ ملنے آئیں؟ کوئی بات کی؟ یا دور دور سے کھڑی بس مسکراتی رہیں کیا خالو ان کے ساتھ تھے؟

تائی کیسی ہیں؟ انھوں نے تو دیکھتے ہی کہا ہوگا بہت اچھا کیا جو سگریٹ چھوڑ دی۔ باجی اکمل اور بھائی نعیم نے تو آپ کو دیکھتے ہی آنکھیں چمکائیں ہوں گی اور ہاں چچا نے وہاں تو آپ سے ”چینی میں پانی ڈالنے“ کی فرمائش نہیں کی خیر وہاں پر کس چیز کی کمی ہے روز ہی میٹھا ملتا ہوگا۔

حمیدہ باجی بھی کہیں چلتی پھرتی نظر آئیں یا وہاں بھی سست روی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک طرف سوچوں میں گم بیٹھی ہیں۔ اسلم بھائی نے تو آپ کو دیکھتے ہی کہا ہوگا ”چچی کیا میرے اوپر آنے کا انتظار کر رہی تھیں“ ۔

امی آپ کے اطراف میں تو خاصی گہما گہمی اور رونق لگی رہتی ہوگی۔ اپنی دوستوں میں سے کس کس سے ملاقات ہوئی؟ یا ابھی تک رشتہ داروں ہی کے چنگل ہی میں پھنسی ہوئی ہیں؟ آپ کو پتہ ہے آپ کے جانے کے چند ماہ بعد ہی دلشاد صاحب کی زوجہ بھی عالم بالا کو سدھار گئی تھیں کہیں نظر آئیں آپ کو؟

خیر جلدی بھی کیا ہے؟

اب تو نہ کہیں آنا نہ جانا، نہ کوئی جھک جھک نہ بک بک، نہ کسی کی روک نہ کسی کی ٹوک، دنیا کے سارے غموں سے آزاد، ہلکی پھلکی اڑتی پھریں۔ چپکے سے کبھی کبھار اپنا پسندیدہ گانا ”اڑتی پھروں دنیا کے چمن میں۔ یا پھنک ہوتے تو اڑ آتی رے۔“ گن گنا لیا کریں۔

وقت کیسے گزرتا ہے؟ کچھ پڑھتی وڑھتی بھی ہیں یا سارا دن گپ بازی میں گزار دیتی ہیں؟
اللہ میاں کیسے ہیں؟
ان سے ملاقات ہوئی یا ابھی تک فرشتوں کی پوچھ گچھ ہی چل رہی ہے؟
خیر یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

اوہ ہاں یاد آیا مشرف ماموں بھی کہیں ملے ان کا تو زیادہ وقت حوروں والے حصے میں گزرتا ہوگا۔ اور انھوں نے تو وہاں بھی خوب رونق میلہ لگا رکھا ہوگا۔ کیا آصف ماموں اب بھی اسی طرح ہونٹ بھینچ کے مسکراتے ہیں۔ اور آپ نے یہ تو بتایا ہی نہیں کہ آپ کے ننھیالی رشتہ داروں کے کیا حال ہیں؟

جیسے آپ کے بڑی بڑی آنکھوں والے نانا جان۔ کیا اب بھی ان کے نظر بھر کے دیکھنے سے سانس رکنے لگتا ہے؟ آپ کی جلالی مزاج والی نانی کیا اب بھی اتنے ہی غصے میں رہتی ہیں؟ بھنو خالہ اور وہ آپ کے اکلوتے لاڈلے لل لو ماموں کے کیا تاثرات تھے آپ کو دیکھ کے؟ ان کے علاوہ وہ سارے کزن جو آپ سے پہلے کے وہاں پہنچے ہوئے ہیں ملنے آئے یا ان ہی مزاجوں میں ہیں۔ احسن ماموں نے تو آپ کو دیکھ کے ضرور نعرہ لگایا ہوگا۔

آپ کو اس ہجوم میں ہماری جھکی کمر والی دادی بھی ملیں کہ نہیں اور دادا تو یقیناً دودھ کی نہر کے کنارے پیالہ لئے کھڑے ہوں گے اس فرمائش کے ساتھ کہ ایک گھونٹ اور دیدیا جائے۔ اپنی نندوں میں سے کس کس سے ملاقات ہوئی؟

یہ ملنا ملانا تو چلتا رہے گا یہ بتائیں ان سب میں سے آپ کا جنم دن کس کس کو یاد ہے؟ کسی نے وش کیا؟ کوئی پھول کیک لایا؟ یا ہمیشہ کی طرح وہاں بھی مجھے ہی یہ فرض ادا کرنا ہے۔

بس اتنا اور بتا دیں کہ کیا آپ کو اپنا وہ بھائی ملا جو چند ماہ کی عمر میں نانی کو داغ دے گیا تھا، آپ کو اپنی وہ بیٹی ملی جو ایک ماہ ہی میں دنیا سے اوبھ گئی تھی۔

آپ کو میری عائشہ ملی؟

وہ تو آپ کو دیکھتے ہی ”بڑی امی“ کی پکار لگاتی بھاگی آئی ہوگی اور اس نے تو لازمی پھول تتلیوں والا کارڈ بھی بنایا ہوگا۔

خوش رہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments