سابق صدر مملکت ممنون حسین انتقال کر گئے


سابق صدر مملکت ممنون حسین کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 81 برس تھی۔

سابق صدر کے بیٹے ارسلان ممنون نے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج کراچی میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

ممنون حسین 9 ستمبر 2013 سے 8 ستمبر 2018 تک پاکستان کے صدر رہے اور ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ ممنون حسین ملک کے 12 ویں صدر رہے اور اس کے علاوہ وہ گورنر سندھ بھی رہے تھے۔

ممنون حسین متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر اور کراچی میں ایک ٹیکسٹائل کمپنی کے مالک تھے۔ ممنون حسین کی مادری زبان اردو تھی۔

ممنون حسین سنہ 1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کرکے پاکستان آ گیا۔ انھوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے گریجویٹ کیا۔

سنہ 1993 میں جب پاکستان کے اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے میاں نواز شریف کی حکومت برطرف کی تو ان دنوں ہی ممنون حسین شریف برادران کے قریب پہنچے۔ بعد ازاں وہ مسلم لیگ سندھ کے قائم مقام صدر سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہے۔ ممنون حسین سنہ 1997 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی کے مشیر رہے، سنہ 1999 میں انہیں گورنر مقرر کیا گیا، مگر صرف چھ ماہ بعد ہی میاں نواز شریف کی حکومت کا تخہ الٹ گیا اور وہ معزول ہو گئے۔

ممنون حسین منگل 30 جولائی 2013ء ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے ملک کے بارہویں صدر منتخب ہوئے۔ انھوں نے 432 ووٹ لیے۔ تحریکِ انصاف کے جسٹس (ر) وجیہہ الدین ان کے مدِمقابل تھے جنہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments