بلو آرجن: جیف بیزوس کے ہمراہ خلا میں جانے والا سب سے کم عمر نوجوان اولیور ڈائمین کون ہے؟


18 سالہ نوجوان اولیور ڈائمین 20 جولائی کو جیف بیزوس کے ساتھ خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے۔ اگر منصوبے کے مطابق وہ کامیابی سے اس سفر پر روانہ ہو جاتے ہیں تو وہ خلا میں جانے والے دنیا کے کم عمر ترین فرد بن جائیں گے۔

ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی خلائی کمپنی ’بلو آرجن‘ کی خلا کے سفر کے لیے شروع کی جانے والی یہ پہلی عام مسافروں پر مبنی پرواز ہو گی۔

جیف بیزوس کے خلائی سفر پر جانے کے منصوبے کے اعلان کے بعد خلائی جہاز ’نیو شیپرڈ‘ میں دستیاب ایک سیٹ کی نیلامی ہوئی تھی۔ اس سیٹ کے عوض ایک نامعلوم شخص نے 28 ملین ڈالر کی رقم ادا کی تھی اور اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ اس سیٹ پر 18 سالہ اولیور بیٹھ کر خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے۔

خلائی جہاز میں سیٹ کی نیلامی کی آخری تاریخ 12 جون تھی۔

جیف بیزوس کی کمپنی بلو آرجن کا کہنا ہے کہ نیلامی میں سیٹ جیتنے والی نامعلوم شخصیت اس مشن کی فلائٹ شیڈول سے مطابقت نہ ہونے کی وجہ سے اس سفر پر روانہ نہیں ہوں گے۔

جیف کے ہمراہ اس سفر پر جانے والے اولیور، جوئنز ڈائمین کے بیٹے ہیں جو کہ سمرسیٹ کیپیٹل پارٹنرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

خلا سے سمندر تک تاریخ رقم کرنے والی کیتھی سلیوان کا سفر

خلا کا وہ سفر جس کا 82 سالہ خاتون کو گذشتہ چھ دہائیوں سے انتظار تھا

صارفین کو منافع پر ترجیح دینے والے جیف بیزوس جنھوں نے کھربوں ڈالر کی کمپنی بنائی

اولیور کے والد جوئنز کو اس فلائیٹ میں دوسری سیٹ ملی تھی لیکن جب نیلامی میں پہلے نمبر پر جیتنے والے شخص اس سفر سے الگ ہو گئے تو انھیں پہلا نمبر مل گیا۔ لیکن پھر جوئنز نے اپنے بجائے اپنے بیٹے کو اس سفر پر جانے کے لیے منتخب کیا جو کہ فزکس کے مضمون کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس سفر میں اولیور کے ہمراہ 82 سالہ ویلی فنک بھی ہوں گی، جو کہ خلا میں جانے والے معمر ترین انسان بن جائیں گی۔

ویلی فنک

ویلی فنک

نیو شیپرڈ راکٹ میں دیگر مسافروں کے علاوہ جیف بیزوس اور ان کے بھائی مارک بھی ہوں گے۔

بلو آرجن نے یہ نہیں بتایا کہ ڈائمین نے خلائی جہاز میں سیٹ حاصل کرنے کے لیے کتنی رقم ادا کی ہے۔

اولیور کا کہنا ہے کہ اس سفر پر جانے کے بعد اُن کا دیرینہ خواب پورا ہو جائے گا۔ وہ بتاتے ہیں کہ جب وہ چار برس کے تھے تب سے خلا، چاند اور راکٹس انھیں مسحور کرتے تھے۔

جیف بیزوس کی کمپنی کا منصوبہ ہے کہ وہ اس سفر میں مسافروں کو زمین کی سطح سے 100 کلومیٹر اوپر تک لے جائیں گے، جس کی وجہ سے وہ مائیکرو گریویٹی یعنی کشش ثقل نہ ہونے کا تجربہ کر سکیں گے۔

اس خلائی جہاز میں چھ سیٹیں ہوں گی اور یہ واپس زمین پر پیراشوٹ کے ذریعے اُترے گا۔

خلا میں ان کی پرواز سی ای او ایمازون کے عہدے سے سبکدوشی کے دو ہفتوں بعد اڑان بھرے گی۔

جیف بیزوس نے بلو آرجن کی بنیاد سنہ 2000 میں رکھی تھی اور گذشتہ ماہ انھوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے بھائی کے ہمراہ اس سفر پر جائیں گے۔ انھوں نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ خلا کا سفر ایک ایسی چیز ہے جس کا خواب انھوں نے ’اپنی تمام عمر‘ دیکھا ہے۔

جیف بیزوس

جیف بیزوس

گذشتہ ہفتے کروڑ پتی شخصیت سر رچرڈ برینسن کامیابی سے خلا کے سرے تک اپنے راکٹ ورجن گلیکٹک میں سفر کر چکے ہیں۔

جیف بیزوس ایمازون کے سی ای او کے عہدے سے سبکدوشی کے بعد بطور ایگزیکٹیو چیئرمین ذمہ داریاں نبھائیں گے جس سے انھیں دیگر امور پر توجہ دینے کا وقت ملے گا۔

جیف بیزوس نے ایمازون کی بنیاد 30 برس قبل اپنے گھر کے گیراج میں رکھی تھی اور آج وہ دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کپمنیوں میں سے ایک ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32542 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp