بالی وڈ ڈائری: ’جیہہ کا مطلب جہادی ہے‘، کرینہ اور سیف کے بچوں کے نام پر سوشل میڈیا پر پھر ہنگامہ

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن


یہ ‘جیہہ’ Jeh کیا نام ہوا، کیا اس کا مطلب جہانگیر ہے’ ، اس کا مطلب ہے جہاد، ‘چلو ایک اور جہادی پیدا ہو گیا دھرتی پر بوجھ۔‘ یہ وہ جملے ہیں جو کرینہ کپور اور سیف علی خان کے دوسرے بچے کے نام پر سوشل میڈیا پر کسے جا رہے ہیں۔کرینہ اور سیف کے یہاں اس سال فروری میں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی اور اپنے پہلے بیٹے تیمور علی خان پٹودی کے نام پر ہونے والے ہنگامے کے پیشِ نظر انہوں نے اپنے دوسرے بیٹے کا نام عام کرنے میں بہت وقت لیا۔

https://twitter.com/CheikabaH/status/1415647022967783429?s=20

لیکن اس ہفتے جیسے ہی کرینہ کے پاپا رندھیر کپور نے ایک انڈین روزنامے کو انٹرویو میں بتایا کہ ان کے نئے نواسے کا نام جیہہ ہے تو سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے پھر سے نفرت آمیز گفتگو کا سلسلہ شروع کر دیا۔ کسی نے جہادی کہا تو کسی نے چنگیز خان، کسی نے کہا کہ یہ مغل بادشاہ جہانگیر کے نام پر رکھا گیا ہے، تو کسی نے سیف اور کرینہ کے لیے قابلِ اعتراض الفاظ استعمال کیے۔

آخر کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بچوں کے نام کیا ہیں اور کیوں ہیں یہ موضوع انڈیا میں سوشل میڈیا پر سواری کرنے والے کچھ لوگوں کے لیے اتنا اہم کیوں ہے۔ وہ کیا ذہینیت ہوتی ہے جو معصوم بچوں کے نام پر بھی جنونیت کا مظاہرہ کرنے پر آمادہ ہو جاتی ہے۔ وہ کیسے لوگ ہوتے ہیں جو ان ننھے بچوں کو مذہب کے نام پر نفرت کا نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں اس کا مطلب تک نہیں معلوم۔

اور ان ماں باپ پر کیا گذرتی ہو گی جن کے بچوں کو ان کی پیدائش پر اتنی زہر آلودہ نفرت اور جنونیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کو ٹرول کرنے والے یہ لوگ یا تو بیمار ذہن ہیں یا پھر کسی آئی ٹی سیل کا حصہ یہ کہنا مشکل ہے۔

https://twitter.com/opjrkr/status/1415744987719880704?s=20

سوشل میڈیا پر ایسے بے چہرہ لوگوں سے کیسے نمٹا جائے یہ سوال بھی اہم ہے۔ اسی حوالے سے اداکار ارباز خان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شحص فون کر کے آپ کو دھمکی دیتا ہے تو آپ پولیس میں شکایت درج کرواتے ہیں اور پھر پولیس کارروائی کرتی ہے لیکن سوشل میڈیا پر لوگ آپ کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہیں، عورتوں کو ریپ کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، آپ کو اور آپ کی فیملی کو ٹرول کے ذریعے ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن آپ ان بے چہرہ لوگوں کے خلاف عموماً کچھ نہیں کر پاتے۔ کیونکہ ان کی نہ تو واضح شناخت ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی پتہ۔

ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے فریدوں شہر یار کے ساتھ بات کرتے ہوئے ارباز خان کا کہنا تھا کہ مشہور شخصیات کے لیے تو یہ دو دھاری تلوار کی طرح ہے آپ سوشل میڈیا کا استعمال کریں تو زرا سی بات پر ٹرول کی مصیبت اور نہ کریں تو پیچھے رہ جانے کا مسئلہ۔

’میں ایک اچھی بیوی اور اچھی ماں بننا چاہتی ہوں‘

شروتی حاسن کے اعتراف پر لوگوں کا اعتراض

شکر ہے شادی سے بچ گئی: کنگنا رناوت

ارباز اپنے ٹاک شو ‘پِنچ’ کے بارے میں بات کر رہے تھے جس میں وہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات سے کچھ چُبھتے سوال کرتے ہیں اس ٹاک شو کا پہلا سیزن کامیاب رہا۔ اب دوسرے سیزن کی تیاری ہے جس کا آغاز سلمان خان کے انٹرویو سے ہو گا۔ پہلے سیزن میں سلمان کا انٹرویو شامل نہ کیے جانے کے بارے میں ارباز کا کہنا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر ایسا کیا تا کہ ان پر یہ الزام نہ لگے کہ وہ اپنے بھائی کی شہرت سے فائدہ اٹھا کر شو کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔

80 کی دہائی میں فلم ‘رام تیری گنگا میلی ہو گئی’ میں اپنے بولڈ کردار سے بے پناہ شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ منداکنی واپس بڑے پردے کا رخ کر رہی ہیں۔ ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق منداکنی کو کئی آفر ہیں اور وہ اپنی پہلی محبت یعنی فلموں میں واپس آنا چاہتی ہیں۔

جہاں تک محبت کا تعلق ہے تو کسی زمانےمیں ان کا نام داؤد ابراھیم کے ساتھ جوڑا جاتا تھا۔کئی ہٹ اور کئی فلاپ فلمیں دینے والی منداکنی اچانک فلموں سے غائب ہو گئی تھیں اور انہوں ڈاکٹر کیگر ٹی رنپوچے ٹھاکر سے شادی کر لی تھی۔ منداکنی اب 57 سال کی ہیں اور اپنے کم بیک کے لیے ایک مناسب کردار پر غور کر رہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp