این ایس او: اسرائیلی کمپنی کا سافٹ وئیر استعمال کرتے ہوئے دو ہزار سے زیادہ پاکستانی اور انڈین فون نمبروں کو جاسوسی کا نشانہ بنانے کی کوشش کا انکشاف


اسرائیل

انڈین صحافی سمیتا شرما کو حال ہی میں یہ معلوم ہوا کہ سنہ 2018 اور سنہ 2019 کے درمیان اُن کا فون ہیک کیے جانے اور جاسوسی کا ہدف تھا۔ دفاعی اور خارجہ اُمور پر کام کرنے والی صحافی کہتی ہیں کہ اگر ان کے فون کی ہیکنگ کامیاب ہو جاتی تو اس سے ان کے سورسز یعنی ذرائع کی زندگیوں کو خطرہ ہو سکتا تھا۔

سمیتا شرما تو اس حوالے سے خوش قسمت رہیں کہ ان کا فون ہیک نہیں ہوا لیکن آذربائیجان کی خدیجہ اسماعیلیوا کے ساتھ ایسا نہ ہو سکا۔

آذربائیجان حکومت نے ان پر پانچ سال کی سفری پابندی عائد کر دی تھی اور ان کے خلاف اس قدر سخت جاسوسی کی جا رہی تھی کہ ان کے گھر میں خفیہ کیمرے نصب کر دیے اور ان کی اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ سیکس کی ویڈیوز بھی ان کو بدنام کرنے کے لیے شائع کر دیں، اور پھر انھیں سات سال جیل کی قید سنا دی۔

تاہم 18 ماہ بعد ضمانت پر رہا ہونے اور پھر سفری پابندی ہٹ جانے کے بعد خدیجہ نے جب مئی 2021 میں ملک سے روانہ ہوئیں تو ان کا خیال تھا کہ وہ اب آزاد ہو جائیں گی لیکن یہ ان کی بھول تھی کیونکہ گذشتہ تین برسوں سے اُن کا فون اسرائیلی کمپنی ’این ایس او‘ کے بنائے ہوئے جاسوس سافٹ وئیر کی مدد سے مسلسل نگرانی کا شکار تھا۔

اس سافٹ وئیر کی مدد سے خدیجہ کے فون کا تمام مواد، ان کی نقل و حرکت، ان کے فون کا کیمرا اور مائیک کا کنٹرول سافٹ ویئر کے استعمال کرنے والے کے پاس تھا۔

انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور فرانسیسی میڈیا گروپ ‘فوربڈن سٹوریز’ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق خدیجہ اسماعیلیوا کا شمار دنیا بھر کے اُن ہزاروں انسانی حقوق پر کام کرنے والے سرگرم کارکنوں، صحافیوں اور وکلا میں سے ہے جن کو اسرائیلی کمپنی این ایس او کے جاسوسی کے سافٹ وئیر ‘پیگاسس’ کو استعمال کرتے ہوئے نگرانی کا ہدف بنایا گیا تھا۔

اس سلسلے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور’فوربڈن سٹوریز’ کو پاکستان اور انڈیا سے تعلق رکھنے والے دو ہزار سے زائد فون نمبرز سمیت 50 ہزار سے زیادہ فون نمبرز پر مشتمل ریکارڈز تک رسائی حاصل ہوئی جن کو ہیکنگ کا ہدف بنانے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل اور’فوربڈن سٹوریز‘ کی جانب سے اس ڈیٹا کا تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ این ایس او کا سافٹ ویئر استعمال کرنے والے 12 صارف ممالک نے 21 ممالک میں کام کرنے والے کم از کم 180 صحافیوں کی نگرانی کرنے کے لیے ان کے نمبرز منتخب کیے تھے۔

ان صارف ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈیا، بحرین، ہنگری، آذربائیجان، میکسیکو اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

اس تحقیق کے لیے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ‘فوربڈن سٹوریز’ نے 16 مختلف صحافتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جن میں واشنگٹن پوسٹ، گارجئین، دا وائیر، ہاریٹز اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

این ایس او

انڈیا میں کام کرنے والے صحافی جن کے نمبر اس ریکارڈ میں ملے ہیں ان کا تعلق انڈیا کے بڑے اور معتبر میڈیا اداروں جیسا کہ دا ہندو، دا وائیر، انڈیا ایکسپریس، انڈیا ٹوڈے اور دیگر سے ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل اور‘فوربڈن سٹوریز’ نے یہ ابھی تک واضح نہیں کیا کہ یہ لسٹ کہاں سے آئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب این ایس او کا پاکستان سے تعلق جوڑا گیا ہو۔

دسمبر 2019 میں برطانوی اخبار گارجئین کی ایک خبر کے مطابق اس سال اسرائیلی کمپنی این ایس او کی بنائی گئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے کم از کم دو درجن پاکستانی سرکاری حکام کے موبائل فونز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس تحقیق میں اور کس کس کے نمبرز شامل ہیں؟

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فہرست میں دیے گئے نمبرز میں سے 67 سمارٹ فونز کا جائزہ لیا جن پر شبہ تھا کہ ان کو جاسوسی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان میں سے 23 فونز میں تو یہ واضح طور پر نظر آیا کہ ان پر ہیکنگ کے حملے کامیاب ہوئے جبکہ 14 فونز ایسے تھے جن پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئی۔

دوسری جانب بقیہ 30 نمبرز پر کیے گئے تجزیے مکمل نہ ہو سکے کیونکہ ان کے فونز تبدیل کر دیے گئے تھے۔

اب تک کی شائع کی گئی معلومات کے مطابق اس فہرست میں کم از کم 180 صحافیوں کے نمبر شامل ہیں جن کا تعلق دنیا کے چند معتبر اداروں جیسے اے ایف پی، سی این این، نیو یارک ٹائمز، الجزیرہ اور دیگر مختلف اداروں سے ہے۔

اس کے علاوہ فہرست میں بڑی تعداد میں انسانی حقوق کے سلسلے میں کام کرنے والے کارکنوں کے نمبر ہیں اور ساتھ ساتھ 2018 میں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہلاک کیے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی اہلیہ اور منگیتر کے نمبر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فہرست میں کئی ممالک کے سربراہوں اور اعلی حکومتی عہدیداروں کے بھی نمبر شامل ہیں اور اس کے علاوہ چند عرب ممالک کے شاہی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور معروف کاروباری شخصیات کے بھی نمبر شامل ہیں۔

ان نمبروں کے بارے میں تفصیلات آنے والے چند دنوں میں شائع کی جائیں گی۔

واٹس ایپ

این ایس او اور فہرست میں شامل دیگر ممالک کا رپورٹ پر کیا رد عمل ہے؟

اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ نے فوربڈن سٹوریز اور دیگر میڈیا اداروں کو جمع کرائے اپنے جواب میں کہا کہ یہ تحقیق ’مغالطوں‘ اور ’غیر مصدقہ مفروضوں‘ پر مبنی ہے اور انھوں نے زور دیا کہ این ایس او تو ’لوگوں کی زندگیاں بچانے کے مشن پر کاربند ہے۔‘

کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا سافٹ ویئر جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف استعمال کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور وہ پیگاسس سافٹ ویئر صرف اور صرف اُن ممالک کے عسکری اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کو فروخت کرتے ہیں جن کا انسانی حقوق کا ریکارڈ اچھا ہوتا ہے۔

ادھر انڈین حکومت نے بھی ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دعوؤں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے کہ انڈین حکومت چند مخصوص لوگوں کی نگرانی کر رہی تھی۔

’ہم اس بات پر پورا یقین رکھتے ہیں کہ آزادی اظہار رائے بنیادی حق ہے اور ہمارے جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔‘

واضح رہے کہ ماضی میں انڈین حکومت نے اس دعویٰ کی تردید کی تھی کہ وہ این ایس او کے صارف ہیں۔ تاہم اس سے قبل پیگاسس کے بارے میں کی گئی رپورٹنگ سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ 2019 میں کم از کم 121 افراد کو انڈیا میں نگرانی کی لیے نشانہ بنایا گیا تھا۔

واٹس ایپ نے بھی 2019 میں این ایس او کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی تھی جس میں انھوں نے الزام لگایا تھا کہ کمپنی نے 1400 موبائل فونز کو اپنے پیگاسس سافٹ وئیر کے ذریعے نشانہ بنایا تھا۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

اسرائیلی ٹیکنالوجی سے پاکستانی حکام کی فون ہیکنگ ہوئی؟

پاکستانی فوجی واٹس ایپ گروپ کیوں چھوڑ رہے ہیں؟

’واٹس ایپ پر حملے میں اسرائیلی سافٹ ویئر استعمال ہوا‘

درجنوں پاکستانی فیس بک اکاؤنٹس ’مشتبہ سرگرمیوں‘ کے الزام میں بند

پاکستان اور این ایس او کا تعلق

دسمبر 2019 میں برطانوی اخبار دی گارجئین کی ایک خبر کے مطابق اس سال کے اوائل میں اسرائیلی کمپنی این ایس او کی بنائی گئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے کم از کم دو درجن پاکستانی سرکاری حکام کے موبائل فونز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

واٹس ایپ

خبر کے مطابق یہ واضح نہیں تھا کہ اس حملے میں کون ملوث ہے لیکن خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ممکن ہے کہ پاکستان کا روایتی حریف انڈیا اس کے پیچھے ہو۔

اس خبر کی تصدیق کے لیے جب بی بی سی نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ اس ہیکنگ کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔

اس واقعے سے ایک ماہ قبل نومبر 2019 میں پاکستانیِ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کی جانب سے جاری کیا گیا ایک ’خفیہ‘ مراسلہ منظر عام پر آیا جس میں کہا گیا کہ ’وہ سینیئر حکومتی اہلکار جو کہ حساس عہدوں پر فائز ہیں وہ میسیجنگ ایپ واٹس ایپ پر سرکاری دستاویزات نہ بھیجیں، اپنے واٹس ایپ کو تازہ ترین اپ ڈیٹ کے ساتھ استعمال کریں اور 10 مئی 2019 سے پہلے خریدے گئے اپنے فون کا استعمال ترک کریں۔‘

اس مراسلے میں بتایا گیا تھا کہ ’دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیوں نے ایسی صلاحیت حاصل کر لی جس کی مدد سے موبائل فون تک رسائی ہو سکتی ہے اور کہا گیا کہ ایک اسرائیلی کمپنی این ایس او کے سپائی ویئر کی مدد سے 20 سے زائد ممالک میں صارفین متاثر ہوئے ہیں جس میں پاکستانی صارفین بھی شامل ہیں۔‘

مراسلے کی اشاعت کے چھ ہفتے بعد، 20 دسمبر کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے پریس ریلیز جاری کی جس میں ’میڈیا رپورٹس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’پی ٹی اے نے پاکستان میں متاثرہ صارفین کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے نہ صرف واٹس ایپ انتظامیہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے بلکہ واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے اختیار کیے گئے حفاظتی اقدامات جن کے ذریعے مستقبل میں ہیکنگ کی روک تھام کی جا سکتی ہے کے بارے میں آگاہی حاصل کی جا سکے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp