عید قرباں: ’رستم ہاکستان‘ کا ٹائٹل جیتنے والا گوجرانوالا کا 314 کلوگرام وزنی بکرا

احتشام احمد شامی - صحافی، گوجرانوالہ


بکرا

یہ گوجرانوالہ کے میرج ہال کا منظر ہے جہاں سٹیج کو سجایا گیا ہے، ہال میں ساؤنڈ سسٹم پر گانے چلائے جا رہے ہیں اور لگ بھگ ایک ہزار کرسیاں قطار اندر قطار لگائی گئی ہیں۔

آنے والے مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے اور میزبان کو گلے لگا کر تمام مہمان مبارکباد دیتے نظر آ رہے ہیں۔

ایسے میں ’مہمان خصوصی‘ کی ہال میں آمد ہوتی ہے جس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جاتی ہیں، ڈھول بجایا جاتا ہے اور فوٹو گرافرز ہر ہر موقع کی تصاویر بناتے ہیں۔

ہال کے اندر اور استقبالیہ پر موجود درجنوں افراد اپنے اپنے موبائل فونز کے کیمرے یہ سوچ کر آن کر لیتے ہیں کہ اس یادگار منظر کی عکس بندی کی جائے۔

مگر اس منظر کشی کے بعد اگر آپ کو یہ بتایا جائے کہ یہ کسی کی بارات، ولیمے یا سالگرہ کی تقریب نہیں ہے تو پھر آپ یہ سوچیں گے کہ پھر لازمی یہ کوئی انتہائی خاص مہمان ہے جسے اتنا زیادہ پرٹوکول دیا جا رہے ہے۔

جی تو جناب اس محفل کا ’مہمان خصوصی‘ ایک بکرا ہے، جسے عید قرباں پر قربان کر دیا جائے گا۔

لیکن بکرے کے اس فقید المثال استقبال کی وجہ کچھ اور ہے۔

بکرے کا اعزاز

بکرا

پنجاب کے شہر فیصل آباد میں چند روز قبل ہیوی ویٹ بکروں کا مقابلہ منعقد ہوا تھا جس میں زیادہ وزن کے حامل بکروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اس مقابلہ میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ’شیر دل‘ نامی بکرے نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ بکرے کا وزن 314 کلو گرام ہے۔

یہ مقابلہ منعقد کرنے منتظمین کے مطابق وہ ہر سال فیصل آباد میں یہ مقابلہ کرواتے ہیں اور رواں برس ہونے والا یہ 23 واں سالانہ مقابلہ تھا جس میں ملک بھر سے 70 بکروں نے شرکت کی تھی۔ اس سے پہلے ہونے والے مقابلوں میں 310 کلو گرام کے بکرے کا ریکارڈ تھا جو کہ گوجرانوالہ کے 314 کلو گرام وزن کے حامل ’شیر دل‘ نے توڑ دیا ہے۔

اور اب چونکہ ’شیر دل‘ نے ہیوی ویٹ بکروں کا نہ صرف مقابلہ جیتا ہے بلکہ نیا ریکارڈ بھی بنایا ہے تو اس طرح کی ریسیپشن تو بنتی ہی ہے!

قربانی کے جانور سے پیار یا خودنمائی

بکرا

بکروں کا ’رستمِ پاکستان‘ ٹائٹل جیتنے والے ’شیر دل‘ کی مقابلے کے بعد واپس گوجرانوالہ آمد پر اُس کے مالک فرخ اعجاز نے ایک مقامی میرج ہال میں اس شاندار تقریب کا اہتمام کیا جس میں ایک ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔

اس تقریب میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوا اور بالکل ایسے معلوم ہوا جیسے کسی کی شادی یا دعوت ولیمہ چل رہی ہو۔

تقریب کے شرکا کی دس سے زائد ڈشز اور پرتکلف کھانوں سے تواضح کی گئی، کھانے میں مٹن کڑاہی، مٹن روسٹ، بریانی، گڑ والے میٹھے چاول اور دو سویٹ ڈشز وغیرہ شامل تھیں۔

شرکا کی رائے

تقریب میں شریک لوگوں کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے باسیوں نے قربانی کے جانور سے محبت کی انوکھی مثال قائم کر دی ہے۔

دوسری طرف بعض شہری اسے روپے پیسے کی نمود و نمائش بھی قرار دیتے نظر آئے، جن کا کہنا تھا کہ یہ دکھاوا قربانی کے فلسفے کے خلاف ہے۔

عیدِ قربان پر قربانی کے جانور

پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید کے رنگ

گوجرانوالہ میں بیوی کا چیلنج قبول کر کے اداکاری کرنے والا شخص اغوا کے مقدمے میں گرفتار

گوجرانوالہ کی ایک پہچان پہلوانوں کا شہر ہونا بھی ہے، ایسے میں رستم پاکستان کا ٹائٹل جیتنے والے پہلوانوں کے شہر کے پہلوان بکرے کا پہلوانی انداز میں استقبال شہر بھر میں موضوع بحث بن گیا ہے۔

بکرے کے مالک فرخ اعجاز سکریپ کے امپورٹر ہیں اور انھوں نے اس پورے معاملے کو اپنا شوق قرار دیا ہے۔

فرخ اعجاز نے بتایا کہ انھیں بچپن سے ہی جانور پالنے کا شوق ہے۔ ’شیر دل نامی نے رستم پاکستان ٹائٹل جیتا ہے جس پر بہت خوشی ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ وہ اپنے بکرے کی خوراک کی خصوصی اہتمام کرتے ہیں اور اسے روزانہ کی بنیاد پر دودھ، دہی، دیسی گھی، مکھن اور مختلف اقسام کے مربہ جات اور بادام کھلائے جاتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp