پیغمبرِ اسلام کے متنازع خاکے بنانے والے ڈنمارک کے کارٹونسٹ کا انتقال


کارٹونسٹ کرٹ ویسٹرگارڈ کی چھ جون دو ہزار دس کو گھر پر بنائی گئی تصویر (ایسوسی ایٹڈ پریس)
پیغمبر اسلام کے خاکے بنانے والے ڈنمارک کے کارٹونسٹ کرٹ ویسٹر گارڈ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ویسٹر گارڈ کے خاندان نے اتوار کو رات گئے ان کی موت کی تصدیق کی اور اخبار ‘برلنگسکے’ کو بتایا کہ ویسٹر گارڈ طویل بیماری کے بعد دورانِ نیند انتقال کر گئے۔

ڈنمارک کے میڈیا کے مطابق کرٹ ویسٹر گارڈ کی موت ان کے یومِ پیدائش کے ٹھیک ایک دن بعد یعنی چودہ جولائی کو ہوئی ہے۔

اسی کی دہائی کے اوائل میں ویسٹرگارڈ نے ڈنمارک کے ایک بڑے اخبار جائلینڈز پوسٹن کے لیے بطور کارٹونسٹ کام کیا تھا اور وہ 75 برس کی عمر تک اس روزنامے کے ساتھ منسلک رہے۔

سال 2005 میں ویسٹرگارد کو دنیا بھر میں اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے پیغمبر اسلام کا اخبار جائلینڈز پوسٹن میں ایک متنازع خاکہ شائع کیا۔

مسلمان اپنے پیغمبر کی تصاویر بنانے کو اہانت آمیز سمجھتے ہیں۔ وہ خاکے جو بالخصوص ویسٹرگارڈ نے بنائے ان پر مسلم دنیا میں غصے کی ایک لہر سامنے آئی اور ڈنمارک کے خلاف 2006 میں مسلم دنیا میں متشدد احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے۔

ڈنمارک کے پڑوسی ملک ناروے کے بھی کئی اخبارات نے متنازع خاکے شائع کیے تھے۔ مشرقِ وسطیٰ کے ملک شام میں مشتعل ہجوم نے ناروے اور ڈنمارک کے سفارت خانوں کو نذرآتش بھی کر دیا تھا۔

نارڈک ریجن میں سیاسی مبصرین کارٹونوں کے اس واقعے کو ڈنمارک اور ناروے کے لیے ان کی حالیہ تاریخ میں خارجہ پالیسی کے گھمبیر ترین بحران کے طور پر بیان کرتے ہیں۔

اس غم و غصے کی وجہ سے ویسٹرگارڈ کو قتل کی متعدد دھمکیاں موصول ہوئیں جس کے بعد انہیں پولیس سے تحفظ لینا پڑا جب کہ سال 2008 میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار بھی کیا جن پر الزام تھا کہ وہ ویسٹرگارڈ کو ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سال 2010 میں کلہاڑی اور چاقو سے لیس اٹھائیس سالہ صومالی شہری ویسٹرگارڈ کے گھر میں داخل ہو گیا تھا۔ اس شخص کو بعد ازاں دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔

اخبار برلنگسکے کے مطابق ویسٹر گارڈ نے ایک بار کہا تھا کہ وہ ایک ایسے شخص کے طور پر یاد رکھا جانا پسند کریں گے جس نے آزادی اظہار کے لیے بڑا کام کیا۔

ان کے بقول لیکن کوئی شک نہیں کہ کچھ لوگ ایسے ہوں گے جو مجھے ایک شیطان کے طور پر یاد رکھیں گے جس نے ایک ارب سے زائد پیروکار رکھنے والے مذہب کی تضحیک کی ہو۔

اخبار جائلینڈز پوسٹن نے پیر کے روز اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ ویسٹرگارڈ کی موت کے بعد یہ مزید اہم ہو گیا ہے کہ آزادیٔ اظہار کے لیے جدوجہد پر پہلے سے زیادہ زور دیا جائے۔

ویسٹرگارڈ کے سوگواروں میں ان کی اہلیہ، پانچ بچے اور دس گرینڈ چلڈرن اور ایک پرپوتا شامل ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments