’ہینگ ٹونگ‘: ’کراچی ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنا جہاز راں کمپنی کی ذمہ داری ہے‘

ریاض سہیل - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسنے والے ساڑھے بائیس سو ٹن وزنی مال بردار بحری جہاز کو نکالنا اس جہاز راں کمپنی کی ذمہ داری ہے جس کی یہ ملکیت ہے۔

سنہ 2011 میں تیار ہونے والا ’ہینگ ٹونگ‘ نامی بحری جہاز بدھ کی شام کراچی میں سمندر سے ساحل پر آنے کے بعد ریت میں دھنس گیا تھا۔

اس دھنسے ہوئے جہاز کو نکالنے کے لیے پاکستانی حکام کی جانب سے فی الحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے کیونکہ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس کام کی ذمہ داری اس جہاز راں کمپنی کی ہے جو اس کی ملکیت کا حامل ہے۔

ویسلز فائینڈر ویب سائٹ کے مطابق یہ بحری جہاز پانامہ میں رجسٹرڈ ہے اور اس کا وزن 2250 ٹن ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ مال بردار بحری جہاز ہانگ کانگ سے آیا تھا جس میں کنٹینرز سمیت عملہ سوار تھا۔ ’یہاں اس کمپنی کا پہلے سے ایک بحری جہاز موجود تھا، اُس کے عملے کی ویکیشن تھی اور جہاز پر موجود عملے کو اس پر دوبارہ واپس لے جانا تھا۔‘

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ جہاز بندرگاہ کی حدود میں نہیں بلکہ باہر کی طرف لنگر انداز تھا ( آؤٹر اینکریج)۔ مگر نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کا اینکر ٹوٹ کر سمندر میں گر گیا، اور یہ جہاز کھسک کر ساحل کی طرف آ گیا اور ریت میں پھنس گیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کے پی ٹی کے ترجمان نے آگاہ کیا کہ سمندر میں طغیانی کی وجہ سے جہاز کا اینکر ٹوٹا اور یہ لہروں کے زور پر ساحل کی طرف نکل آیا، عملے نے اس صورتحال سے کے پی ٹی حکام کو آگاہ کیا تھا مگر جب تک انھیں مدد فراہم کی جاتی تب تک یہ جہاز سرکتا سرکتا کم گہرے پانی تک پہنچ چکا تھا جہاں یہ ریت میں پھنس گیا۔

یہ بھی پڑھیے

گڈانی جہاں روز قانون ٹوٹتے ہیں

نہر سوئز میں پھنسے بحری جہاز کو ’موڑ لیا گیا‘

مشتبہ بحری جہاز پر ’خطرناک مواد‘ سے متعلق تحقیقات کا آغاز، لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج تاخیر کا شکار

’ہمارے بائیو لاجیکل اور دیگر ماہرین نے اس جہاز کا معائنہ کیا ہے، اِس میں ایسا کوئی مادہ نہیں ہے کہ جس سے ساحل یا سمندر کو کوئی نقصان پہنچے۔‘

کے پی ٹی ترجمان نے بتایا کہ اب اس جہاز کو باہر نکالنا اس کمپنی کی ذمہ داری ہے، وہ مقامی طور پر اس کا انتظام کرتے ہیں یا باہر سے کسی کو لاتے ہیں اس کا دارو مدار اُن پر ہے۔

یاد رہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران کراچی کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد سیر و تفریح کے لیے میلوں پر پھیلے ساحل کا رُخ کرتی ہے اور ساحل پر پھنسے اس بحری جہاز نے انھیں تفریح کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے کیونکہ شہری اس کو دور دور سے دیکھنے آ رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp