مریخ روور: ناسا کا پرسیورینس مریخ سے پتھر کا پہلا نمونہ ڈرل کرنے کے لیے تیار


Nasa’s Perseverance Mars rover looks back toward its tracks on July 1

NASA/JPL-Caltech
پرسرویرنس ایک خود کار گاڑی ہے اور اس کے پیچھے نشانات اس راستے کی نشاندہی کر رہے ہیں جہاں سے وہ چل کر آئی

امریکی خلائی ایجنسی کا پرسیورینس روور مریخ کی چٹان کا پہلا نمونہ لینے کے لیے تیار ہے۔

ایک انگلی کے حجم جتنا یہ ٹکڑا ایک مہر بند ٹیوب میں پیک کیا جائے گا جس کے بعد اسے زمین پر لایا جائے گا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جدید ترین تجربہ گاہوں میں مریخ کی سطح سے آنے والے مادے کا مطالعہ کر کے ان کے لیے اس بات کا تعین کرنے کا بہترین موقع ہو گا کہ آیا مریخ پر کبھی زندگی تھی۔

پرسیورینس فروری میں سیارے کے جیزیرو نامی 45 کلومیٹر چوڑے (30 میل) گڑھے میں اترا تھا۔

مصنوعی سیارے سے بھیجی جانے والی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں کبھی ایک جھیل ہوا کرتی تھی اور ایک دریائی ڈیلٹا سے پانی ملا کرتا تھا۔

Close-up of a rock target nicknamed “Foux”

NASA/JPL-Caltech/MSSS
مریخ کے پتھر

اس طرح، یہ قدیم مائکروبیل حیاتیات کے تحفظ کے لیے ایک بہترین جگہ سمجھی جاتی ہے، اگر وہ کبھی یہاں موجود تھی تو۔

ناسا کا یہ روبوٹ اس مقام سے تقریباً 1 کلو میٹر جنوب کی سمت سفر کر چکا ہے جہاں وہ پانچ ماہ قبل ڈرامائی انداز میں اترا تھا۔

اب یہ ایک ایسی جگہ پر رک گیا ہے جسے ’پیور سٹونز‘ یا ’فکچرڈ رف‘ کا نام دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے

پرسیویرینس کے کیمروں سے مریخ کی سطح کی پہلی جھلکیاں

مریخ پر 3000 دن: ناسا کیوروسٹی روور نے سرخ سیارے پر کیا دیکھا؟

پرسیورینس روور نے مریخ سے رنگین کے بجائے بلیک اینڈ وائٹ تصویر کیوں بھیجی؟

یہ ہلکے رنگ کے پتھروں کا ایک مجموعہ ہے جس کے بارے میں مشن ٹیم کا خیال ہے کہ جیزیرو کی تہہ یا فرش ہے۔

سائنس دان یہ طے کرنا چاہتے ہیں کہ آیا یہ پیور سٹونز ریتلی مٹی یا آتش فشاں سے بنے ہوئے ہیں۔

An area on Mars nicknamed the “Cratered Floor Fractured Rough”

NASA/JPL-Caltech
پہلا نمونہ زرد نظر آنے والی اس چٹان سے لیا جائے گا

چیف سائنس دان کین فارلی کہتے ہیں یہ دونوں صورتوں میں دلچسپ ہے، لیکن آتش فشاں کی چٹانوں کی خاص خوبی یہ ہے کہ لیبارٹری میں بہت درستگی کے ساتھ ان کی مدت کا اندزہ لگایا جا سکتا ہے۔

انھوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’اس سے واقعی مریخ پر نظر آنے والی بہت سی چیزوں کی عمر معلوم ہو جائے گی۔‘

پرسیورینس پہلے مریخ کے پیور سٹون کے منتخب کردہ حصے کی سطح کو کھرچے گا تاکہ اس پر جمی مریخ کی گرد صاف ہو سکے اس کے بعد اپنے طاقت اور آلات سے اس سائٹ کا جائزہ لے گا۔

یہ اس کے روبوٹک بازوؤں کے سرے پر لگے ہیں جو کسی چٹان کے اندر کیمیائی ساخت، معدنیات اور ساخت کا تعین کرنے کے اہل ہیں۔

A layered outcrop (just below centre of image) nicknamed “Artuby”

NASA/JPL-Caltech/LANL/CNES/CNRS
دوربین کا نظارہ: آرٹوبی کی موجودہ پوزیشن سے 600 میٹر کے فاصلے پر

اگست میں روبوٹ کھدائی کیے گئے حصے کو محفوظ کر لے گا۔

روور اپنے مشن کے دوران 40 ایسے چھوٹے چھوٹے نمونے ٹیوبوں میں محفوظ کرے گا۔ بعد میں ناسا اور یوروپی سپیس ایجنسی (ESA) کے پروجیکٹس ان کی ملکیت لینے اور انھیں گھر لانے کے لیے مریخ پر پہنچیں گے۔

پروفیسر فارلی نے کہا کہ انھیں توقع ہے کہ گڑھے کے علاقے میں چار انوکھے نمونے جمع کیے جائیں گے جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس میں چٹان کا دلفریب ظاہری حصہ بھی شامل ہے جسے آرٹوبی کہتے ہیں۔ یہ لگ بھگ 600 میٹر کی دوری پر ہے اور لگتا ہے کہ اس میں کچھ بہت ہی پتلی پرتدار گاد ہے، جو ممکنہ طور پر جھیل اور دریائی ڈیلٹا سسٹم کے ذریعہ جمع ہوئی ہو گی جو کبھی جیزیرو میں ہوا کرتا تھا۔

کیلیفورنیا کے انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے محقق کا کہنا تھا کہ ’یہ بالکل وہی چٹان کی قسم ہے جس میں ہم ممکنہ قدیم حیاتیاتی نشانیوں کی تلاش کی تحقیق کے لیے دلچسپی رکھتے ہیں۔‘

پرسیورینس جس انداز میں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اس سے ناسا خوش ہے۔

اس کے ڈرائیونگ کے انداز میں بھی ایک کامیابی ہے جس میں اب بہت زیادہ خودمختاری آ چکی ہے۔

Jezero Crater

پچھلی گاڑیوں کو سمت کے تعین کے لیے زمین پر موجود کنٹرولرز کی طرف سے ہدایات درکار ہوتی تھیں، یا خود کار طریقے سے وہ بہت کم رفتار سے چل سکتی تھیں، جبکہ پرسیورینس تیزی سے آگے کا راستہ دیکھ سکتا ہے اور بڑی مہارت سے روٹ تیار کر سکتا ہے۔ یہ روبوٹ 100 میٹر یا اس سے زیادہ کی ڈرائیو کے لیے مشکل رکاوٹوں کو ختم کر سکتا ہے، جیسے راستے میں آنے والے بڑے پتھر یا دراڑیں۔

روور کی مدد ایک منی ہیلی کاپٹر کر رہا ہے جسے وہ مشن پر ساتھ لے گیا تھا۔

انجینویٹی کے نام سے پکارا جانے والا یہ چھوٹا ہیلی کاپٹر خطے کا سروے کرنے کے لیے پرسیورینس سے آگے اڑتا ہے۔

ناسا پراجیکٹ مینیجر جینیفر ٹروپر کا کہنا ہے کہ ’ہم نے ابھی اس کی نویں پرواز مکمل کی ہے۔‘

’اس نے ہمارے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ اس کا دورانیہ دو منٹ 46 سیکنڈ تھا، رفتار پانچ میٹر فی سیکنڈ، اور ہم نے اب تک کی پروازوں سے چار گنا زیادہ طویل پرواز کی، اور ہم نے تقریباً 625 میٹر تک کی پرواز کی ہے۔‘

Map of Mars


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp