انڈیا: مہاراشٹر میں شدید بارش سے 110 افراد ہلاک


کولہ پور میں سیلاب

NDRF
شدید بارشوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں

مغربی انڈیا کی ریاست مہاراشٹر میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے کم از کم 110 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بارش سے سیکڑوں دیہاتوں میں سخت تباہی آئی ہے اور گھر پانی کے ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

امدادی عملہ زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے لیکن بہت سے لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ انڈین فوج ان کوششوں میں امدادی کارکنان کی مدد کر رہی ہے جنھیں خراب حالات کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا تھا۔

ریاست میں جولائی کے مہینے میں کئی دہائیوں کے بعد اتنی شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بہت سارے عوامل کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی ہے لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ عالمی حدت کی وجہ سے آب و ہوا میں ہونے والی تبدیلیوں سےشدید بارش کا امکان زیادہ ہوجاتا ہے۔

جمعہ کے روز انڈین حکام نے بتایا کہ زیادہ تر اموات دو اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ مٹی کے تودے گرنے سے ممبئی کے جنوب مشرق میں واقع چھوٹا گاؤں تالیے مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ ایک حکومتی اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ گاؤں کے کم از کم 42 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

مہاراشڑ میں سیلاب کا ایک منظر

مہاراشٹر میں چالیس سال بعد جولائی میں اتنی شدید بارش ہوئی ہے۔

ریاست کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سنیچر کوتالیے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ متاثرہ افراد کو امداد فراہم کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکام اُن ڈیمز سے جن سے پانی بہنے کا خظرہ ہے اُن سے پانی چھوڑنے سے پہلے لوگوں کو غیر محفوظ علاقوں سے نکال رہے ہیں۔ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ ‘جانوں کے ضیاع سے غمزدہ ہیں’ اور متاثرہ افراد کو امداد فراہم کریں گے۔

انڈین بحریہ اور آفات سے مقابلہ کرنے والے ادارے کو ساحلی علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے بھیجا گیا ہے۔ ایک ساحلی علاقے میں پل اور موبائل ٹاور گرنے کے بعد ایک ضلع مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے۔

حکام نے پھنسے رہائشیوں کو چھتوں پر جانے کو کہا ہے تاکہ امدادی کارکنان ہیلی کاپٹرز کے ذریعے انہیں ڈھونڈ سکیں۔

جمعہ کو ممبئی میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔ ٹرین کی سروس معطل کردی گئی ہے اور شہر کے نشیبی علاقے سیلابی علاقوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔

موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک شہر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ممبئی میں موسلا دھار بارش کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔ شہر میں ہر سال مون سون کے موسم میں سیلاب آتا ہے لیکن حالیہ دنوں میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

ہزاروں افراد روزانہ کام کی تلاش میں شہر آتے ہیں۔ ان کی رہائش کے لیے تعمیراتی کام اکثر غیر منظم – اور تیزی سے کیا جاتا ہے، نتیجتاً بہت سے لوگ ناقص معیار کی عمارتوں میں رہنے پر مجبور ہوتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp