امریکہ: کرونا ویکسی نیشن کے باوجود بعض شہروں میں ان ڈور ماسک پہننے کی تجویز


ایک یونی ورسٹی کیمپس میں ویکسین سنیٹر میں ماسک لینے کی ہدایات پر مبنی پوسٹرز نمایاں ہیں (اے پی)

امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے ‘سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول’ (سی ڈی سی) نے تجویز کیا ہے کہ ملک کے مخصوص حصوں میں جن لوگوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لے رکھی ہیں ان کو بھی اس وقت ماسک پہننے کی ضرورت ہے جب وہ بند کمروں میں موجود ہوں۔

ایک اور فیصلہ واپس لیتے ہوئے سی ڈی سی نے اساتذہ، طلبہ اور اسٹاف کے لیے بھی تجویز کیا ہے کہ وہ اسکولوں کے اندر ماسک پہنیں بھلے انہوں نے ویکسین لگوائی ہے یا نہیں۔

سی ڈی سی نے کہا ہے کہ اِن ڈور ماسک پہننے کی تجویز ملک کے مختلف حصوں میں ویکسین لگوانے کی کم شرح کے پیشِ نظر دی گئی ہے۔

کرونا کیسز میں اضافے کا سبب وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی قسم ’ڈیلٹا‘ ہے۔ ایسے کئی کیسز سامنے آئے ہیں جن میں ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے افراد بھی ڈیلٹا ویرینٹ کی زد میں آئے ہیں گو کہ اُن میں بیماری کی شدت کم تھی۔

سی ڈی سی کی ڈائریکٹر روشیل ولنسکی کے مطابق کرونا کی دیگر اقسام کے مقابلے میں ویکسین لگوانے والے افراد ڈیلٹا وائرس سے متاثر ہو کر اس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔

ان کے بقول جو افراد ڈیلٹا ویرینٹ میں مبتلا ہیں، ان کے ناک اور گلے کے اندر جس سطح کا وائرس دیکھا گیا ہے وہ ویکسین کا کورس مکمل کرنے والوں یا ویکسین نہ لگوانے والوں میں ایک جیسا ہے۔

صدر جو بائیڈن نے بھی وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘سی ڈی سی’ کی طرف سے آج کا اعلان وائرس کو شکست دینے کی جانب ایک اور قدم ہے۔

صدر نے امید ظاہر کی ہے کہ سی ڈی سی نے جن علاقوں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں وہاں کے لوگ ان پر عمل کریں گے اور پھر وہ بھی ان علاقوں کا سفر کریں گے۔

صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین ڈیلٹا ویرینٹ سمیت وائرس سے ہونے والے بدترین انفیکشن کے خلاف مدد گار ہے۔

اٹلانٹا جارجیا میں سی ڈی سی کا صدر دفتر (فائل)
اٹلانٹا جارجیا میں سی ڈی سی کا صدر دفتر (فائل)

مئی میں سی ڈی سی نے کہا تھا کہ جن لوگوں کا ویکسین کا کورس مکمل ہو چکا ہے ان کے لیے لازم نہیں کہ وہ ماسک پہنیں اور چھ فٹ کا سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔

تاہم ادارے نے تجویز کی تھی کہ لوگ عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہوئے اور پرہجوم آؤٹ ڈور پروگراموں کے دوران ماسک کا استعمال کریں۔

امریکہ میں کئی ماہ تک کرونا وائرس کے سبب اموات اور اس وائرس کے ساتھ اسپتالوں میں داخل ہونے کی شرح میں کمی آئی تھی تاہم گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈیلٹا ویرینٹ کے سبب یہ رحجان تبدیل ہوا ہے اور کرونا کے کیسز کا پھیلاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔

اخبار ‘نیویارک ٹائمز’ کی رپورٹ کے مطابق متعدد شہروں اور قصبوں بشمول سینٹ لوئس، میزوری، سوانا، جارجیا اور پرونس ٹاؤن، میسا چیوسٹس میں ان ڈور ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

اس رپورٹ میں شامل کچھ معلومات خبر رساں اداروں ایسوسی ایٹڈ پریس، رائٹرز اور اے ایف پی سے لی گی ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments