کشمیر، سیالکوٹ الیکشن اور مستقبل کی صورتحال


تحریک انصاف کشمیر کا الیکشن جیتنے کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ کا ضمنی الیکشن جیت چکی۔ حالیہ ان دو الیکشنوں میں کامیابی کے بعد حکمران جماعت حسب سابق دھاندلی جیسے الزامات کی ضد میں ہے۔ مخالف سیاسی جماعتوں نے ان دونوں جگہ پر ہونے والے الیکشن میں حکومت پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے جو کہ ایک معمولی بات ہے کیونکہ پاکستان کے ہر الیکشن میں ہارنے والا امیدوار جیتنے والے پر دھاندلی کے الزامات لگاتا ہے۔ جہاں تک کشمیر کے الیکشن کی بات ہے تو اس کے بارے میں یہ بات عرف عام میں ہے کہ جس بھی پارٹی کی اسلام آباد میں حکومت ہے وہی مظفرآباد پر راج کرے گی تو وہاں شاید دھاندلی کے الزامات لگانا بظاہر مناسب نہیں لگتا لیکن اگر بعد میں کوئی جماعت یہ کہے کہ ہمیں اتنی نشستوں پر کامیابی کی یقین دھانی کرائی گئی تھی اور ایسا نہیں ہوا تو یہ بات کہیں نہ کہیں انتخابی عمل کو مشکوک بنا دیتی ہے۔

ایک سیاسی جماعت کی طرف سے کیے گئے اس دعوے کو نہ صرف پاکستان کے میڈیا میں بلکہ ہندوستان میں بھی بعض لوگوں نے اس کا ذکر کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اگر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات پر دھاندلی کا الزام لگتا ہے تو ہندوستان تو اس پر لب کشائی کرے گا باوجود اس کے کہ پاکستان کے کسی بھی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگنا ایک عام بات ہے۔

ہاں البتہ اس الیکشن نے دیگر جماعتوں کی نسبت تحریک انصاف کے مورال کو بلند کر دیا ہے۔ تحریک انصاف اس سے قبل حکومت میں ہونے کے باوجود ضمنی انتخابات میں شکست کا سامنا کر رہی تھی اور حکومت میں ہونے کے باوجود ضمنی انتخابات میں شکست ہونے کی وجہ سے حزب اختلاف کی جماعتیں تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی تھیں۔ ویسے تو ضمنی الیکشن حکومت کا ہی الیکشن ہوتا ہے لیکن حکومتی جماعت کی پے در پے شکست کی وجہ سے اسے شدید سیاسی دباؤ کا سامنا تھا اور اب پاکستان تحریک انصاف کو اس دباؤ سے تھوڑا سا ریلیف ملا ہے۔ تحریک انصاف یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ مرکز، پنجاب، پختونخوا، بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر میں فتح کے بعد وہ سندھ میں بھی اگلے الیکشن میں اپنی حکومت بنائے گی تاہم اس کے لئے تحریک انصاف کو پولیٹیکل گراؤنڈ پر سخت محنت اور پرفارمنس کے ذریعے سے بہت کچھ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون اس وقت مفاہمت و مزاحمت کی سیاست کے بیانئے کو لے کر کنفیوژن کا شکار ہے۔ مسلم لیگ نون میں دو متضاد بیانئے اس جماعت کی سیاست کو تقسیم کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ نون کا کارکن اور ووٹر دونوں اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہے۔ نون لیگ کے بڑوں کے جلد یہ فیصلہ کر لینا چاہیے کہ آیا انہوں نے ”ووٹ کو عزت دو“ کے بیانئے کو اپناتے ہوئے جا رہا نہ سیاست کرنی ہے یا پھر اس اداروں پر حملہ آوار ہونے کی پالیسی کو ترک کر کے مفاہمت کے ذریعے عملی سیاست کرنی ہے۔ نون لیگ کو مزاحمتی سیاست نے بہت نقصان پہنچایا ہے اور اگر اس کے باوجود وہ اپنی اس روش کو برقرار رکھتی ہے تو شاید اسے سیاسی طور پر مزید نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی جو کبھی چاروں صوبوں کی جماعت ہوا کرتی تھی آج ایک صوبے تک محدود ہے۔ یہ جماعت اگرچہ اسلام آباد پر حکمرانی کا خواب تو دیکھتی ہے لیکن عملی طور پر اس پوزیشن میں نہیں کہ آئندہ الیکشن میں کوئی بڑا پولیٹیکل اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے ماسوائے اس کے کہ سندھ یا جنوبی پنجاب سے قومی اسمبلی کی چند نشستیں حاصل کر لے۔ پیپلز پارٹی کو وفاق میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لئے پنجاب میں ہوم ورک کرنے کی ضرورت ہے۔

اگر دیگر جماعتوں سیاسی یا مذہبی سیاسی جماعتوں کی بات کی جائے تو ان میں سے کوئی بھی ایسی جماعت نہیں جو قومی سطح کوئی بڑا پولیٹیکل ایڈونچر کر سکے البتہ یہ تمام جماعتیں اپنے اپنے کلاؤڈ کے ذریعے سے کوئی تھوڑا بہت سیاسی فائدہ ضرور حاصل کر سکتی ہیں تاہم یہ ضروری اس کا فیصلہ آنے والے الیکشن کے انتخابی نتائج کریں گے کہ کون کیا کر پاتا ہے۔ اس کے لئے تمام قومی و صوبائی سطح کی مذہبی سیاسی و سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے ووٹروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments