برطانیہ نے نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی


 

نواز شریف

برطانوی محکمہ داخلہ نے پاکستان کے سابق وزیرِاعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کے ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وکلا نے برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی ہے اور اپیل پر فیصلہ ہونے تک وہ برطانیہ میں قانونی طور پر مقیم رہ سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’نواز شریف قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے برطانیہ میں ہی قیام کریں گے۔ جب تک ان کا علاج نہیں ہو جاتا اور ڈاکٹرز انہیں اجازت نہیں دیتے، وہ وہیں رہیں گے۔‘

ادھر مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہو ا ہے جس میں نواز شریف نے بتایا ہے کہ اپیل میں طبی وجوہات اور علاج کی بنا پر برطانیہ میں قیام کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔

ادھر پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نواز شریف کا ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کو ’خوش آئند‘ قرار دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس موقف کو دہرایا کہ ’نواز شریف بیمار نہیں ہیں اور برطانیہ میں انھوں نے جھوٹ بول کر ویزا لیا‘۔

انھوں نے ایک مرتبہ پھر کرپشن کے الزامات کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کا برطانیہ کی حکومت سے مطالبہ تھا کہ وہ ’ایسے لوگوں کو پناہ نہ دیں جو لاکھوں نہیں، کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں۔‘

سنہ 2019 میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو علاج کے غرض سے چار ہفتے کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد وہ اُس سال نومبر میں برطانیہ روانہ ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp