مایوسی پر کیسے قابو پایا جا سکتا ہے؟


جب ہمارے منصوبے کام نہیں کرتے، جب ہماری کوششیں رنگ نہیں لاتیں، یا جب ہم خود سے بہت زیادہ توقع کرتے ہیں، لیکن اپنی توقعات پر پورا نہیں اترتے تو ہم مایوس ہو جاتے ہیں۔ تب سب سے پہلے اپنے آپ کو یہ بات یاد کروانے کی ضرورت ہوتی ہے کہ جب بھی چیزیں غلط ہوتی ہیں، توقع کے مطابق اور منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوتیں تو مایوسی ایک فطری رد عمل ہے۔

اسی طرح جب ہمارے منصوبے کام نہیں کرتے تو ہم اکثر ہار مان لیتے ہیں اور سب چھوڑ دیتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ ایسے ہار مان جانا بالکل بھی اچھی بات نہیں ہے۔ اگر کوئی چیز ابھی کام نہیں کرتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اگلی بار بھی ایسا ہی ہو گا۔ دراصل ہمیں ایسا سب اس لیے محسوس ہوتا ہے کہ ہمیں پتہ نہیں ہوتا کہ اس مایوسی سے کیسے نمٹنا ہے۔

تبھی پھر اکثر ہوتا ہے کہ ہم دوسروں کے سامنے مضبوط نظر آنے کے لیے ایسے جذبات کو اس امید پر چھپانے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ خود سے ہی دور ہو جائیں گے۔ حالانکہ ان احساسات کو تسلیم کرتے ہوئے ان سے نمٹنے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ ایسے جذبات اپنے طور پر دور نہیں جاتے ہیں۔ تو جناب اب میں آگے مایوسی پر قابو پا نے کے حوالے سے اپنی آزمودہ، کچھ آسان تجاویز دینا چاہوں گا ہو سکتا ہے کہ آپ کے کام کی ہوں۔

جو کچھ آپ کر رہے ہیں اسے فی الحال روک دیں اور مختصر وقفہ لیں۔ بعض اوقات جب ہم اپنے کام کو چھوڑ کر کچھ اور کرتے ہیں تو ہم چیزوں کو ایک مختلف نقطہ نظر سے دیکھتے ہیں۔ تب ہم مختلف انداز میں گزرتے حالات کو سوچ سکتے ہیں اور یہ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم کیا صحیح نہیں کر رہے ہیں اور ہمیں کیا ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

کسی ایسے شخص کے ساتھ معاملہ کو ڈسکس کریں جس پر آپ بھروسا کرتے ہیں۔ بات کرنے سے آپ خود کو جہاں پر ہلکا پھلکا محسوس کریں گے وہیں پر آپ کو حوصلہ ملے گا اور صورت حال کچھ واضح ہو گی۔

جو کچھ آپ کر رہے ہیں اسے چھوڑ کر کہیں سیر کے لئے جائیں، فلم دیکھنے جائیں یا اچھا کھانا کھائیں۔ کوئی بھی ایسا کام کریں جو آپ کے ذہن کو وقتی صورت حال سے دور لے جائے۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ جب ہمارا ذہن پرسکون ہو جاتا ہے تو مسئلے کو حل کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

مثبت ہونے کی کوشش کریں کیونکہ مثبت ہونے کی وجہ سے ہم اپنے موجودہ منفی احساسات پر قابو پا سکتے ہیں۔ آپ ان دنوں کے بارے میں سوچیں جب آپ مشکلات کے باوجود کامیاب ہوئے۔ اس سے آپ کو حوصلہ ملے گا اور مایوسی پر قابو پانے میں آپ کی مدد ہوگی۔ اپنے ذہن کو حل تلاش کرنے پر لگائیں اور بہترین حل تلاش ملنے کی توقع کریں۔

تھوڑا تھوڑا کر کے خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کریں، اپنے آپ سے اونچی آواز میں مثبت و حوصلہ مند خود کلامی کریں۔ اپنے رب کو یاد کریں۔ نماز و قرآن کے ساتھ جڑنے کی کوشش کریں کہ اللہ کا ذکر دل کو اطمینان و سکون بخشتا ہے۔

حوصلہ مندی سے ان باتوں یا کاموں کی ایک فہرست بنائیں جو آپ کو پریشان کر رہی ہیں یا مایوس کن بن رہی ہیں اور اس کے بعد چیک کریں کہ کن طریقوں سے ان سے نبٹ سکتے ہیں، آپ کے پاس کتنا اختیار ہے، کون اور کیسے آپ کے کام آ سکتا ہے۔ اپنی توجہ صرف ان کاموں کی طرف رکھیں جن پر آپ کا اختیار ہے اور جن کاموں پر فی الحال اختیار نہیں ہے اس کو اچھی امید پر آنے والے وقت پر چھوڑ دیں۔

تو دوستو یہ کچھ میری آزمودہ تجاویز ہیں جو آپ کو مایوسی سے نمٹنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ جب بھی مایوس کن احساسات پیدا ہوں تو انہیں استعمال کرنے سے میری طرح جلد قابو پا سکتے ہیں۔ حرف آخر یاد رکھیں کہ مایوسی پر قابو پانے کا پہلا قدم یہ تسلیم کرنا ہے کہ آپ ان جذبات کو محسوس کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں کو شروع سے ہی مایوسی کا اظہار نہ کرنا سکھایا جاتا ہے جس کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ ایسے موقع پر کھل کر رونا اور کسی اپنے سے شیئر کرنا ہماری زندگی میں بہتری لاتا جاتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments